تازہ ترین

عائشہ خودکشی کیس، نئی بحث چھڑ گئی

نئی دہلی: بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں مبینہ طورپر سسرالیوں کے تشدد اورگھر سے رقم لانے کے مطالبے پر 23 سالہ عائشہ کی خود کشی سے نئی بحث چھڑ گئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست گجرات کے شہر احمد آباد کی 23 سالہ عائشہ نے مبینہ طور پر سسرالیوں کے تشدد اور جہیز کے مطالبے پر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا تھا تاہم اب عائشہ کے وکیل ظفر پٹھان نے تہلکہ خیز انکشافات کردئیے۔

عائشہ کے وکیل کا کہنا ہے کہ عائشہ کی شادی عارف سے ہوئی تھی جو راجستھان کے جالور میں رہتا ہے، انہوں نے عارف پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ عارف خان کی راجستھان کی ایک لڑکی سے تعلقات ہیں اور وہ عائشہ کے سامنے اس سے ویڈیو کال پر بات کرتا تھا وہ اپنی دوست پر پیسہ خرچ کرتا تھا اور اسی وجہ سے وہ عائشہ کے والد سے رقم مانگتا تھا۔

ظفر پٹھان نے کہا کہ عائشہ نے گزشتہ دنوں خودکشی کی لیکن اُس کی جدوجہد تو شادی کے دو سال بعد ہی شروع ہوگئی تھی، عارف نے خود عائشہ سے کہا کہ وہ ایک اور لڑکی سے محبت کرتا ہے اس کے باوجود وہ اپنے غریب والدین کی عزت کو برقرار رکھنے کے لیے لڑتی رہی۔

وکیل کا کہنا تھا کہ عائشہ ہر لمحہ ایک نئی پریشانی سے گزرتی رہی لیکن خاموش رہی، بیوی کے سامنے ہی اپنی دوست سے بات چیت کرنے والے شوہر عارف نے اپنی کئی حرکتوں سے اپنے کردار کا خلاصہ کیا تھا۔

مزید پڑھیں: ندی میں خودکشی کرنے والی عائشہ کا شوہر سامنے آگیا

وکیل کا کہنا ہے کہ عائشہ اپنی شادی کو بچانے کی کوشش کرتی رہی، وہ صورت حال کو آخر تک بہتر بنانے کے لیے سنجیدگی سے جدوجہد کرتی رہی، وہ ایک باصلاحیت لڑکی تھی، تعلیم یافتہ ہونے کے ساتھ ساتھ وہ گھر کے ہر کام کو بخوبی نبھاتی تھی۔

عائشہ کے وکیل کا کہنا تھا کہ شادی کے وقت عائشہ کے والد نے اپنی بیٹی کو اس کی ضرورت کے مطابق وہ سب کچھ دیا جو روزمرہ کی زندگی میں کام آتا ہے لیکن عائشہ کے شوہر اور سسرال والے اس سے مطمئن نہیں تھے۔

انہوں نے بتایا کہ عائشہ کے حاملہ ہونے پر سسرالیوں نے ڈیڑھ لاکھ روپے کا مطالبہ کیا اور اسے والدین کے گھر چھوڑ گئے، عائشہ ڈپریشن میں چلی گئی جس کی وجہ سے اس کا بچہ رحم میں ہی فوت ہوگیا تھا۔

مزید پڑھیں: ندی میں کود کر خودکشی کرنیوالی عائشہ کی ایک اور ویڈیو منظرعام پر آگئی

دوسری جانب عائشہ کے والد کا کہنا ہے کہ وہ عارف کے والد کو فون کرنا چاہتے تھے اور پورے معاملے کے بارے میں اطلاع دینا چاہتے تھے لیکن انہوں نے فون نہیں اٹھایا، میری عائشہ واپس نہیں آسکتی لیکن اس کے مجرم کو سزا ضرور ملنی چاہیے۔

واضح رہے کہ شوہر عارف خان پر عائشہ کو خودکشی کے لیے اکسانے کا الزام ہے، عارف کو گزشتہ روز پولیس نے گرفتار کیا تھا۔

Comments

- Advertisement -