کراچی / پشاور / ملتان / فیصل آباد : ماہ صیام کا پہلا عشرہ ختم ہوگیا لیکن اشیائے خوردو نوش کی قیمتیں کم نہ ہوئیں، پھل، سبزی، گوشت الغرض سب ہی اشیاء عوام کی پہنچ سےدور ہوتی جارہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ماہ رمضان کا آغاز ہوتے ہی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے، حکام سرکاری پرائس لسٹ پر عملدرآمد کرانے سے قاصر نظر آتے ہیں۔
متعلقہ حکمران مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں، رمضان کا پہلا عشرہ ختم ہوا لیکن اشیاء خوردونوش کی قمیتوں میں کمی نہ آئی، پھل ہو یا سبزی، مرغی ہویا گوشت ہر چیز کے دام آسمان پر ہیں.
اہلیان کراچی کہتے ہیں کہ پھلوں کی قیمتیں بڑھنے کے باعث افظار میں فروٹ چاٹ بنانا ہی چھوڑ دی ہے، اس کے علاوہ پشاور میں بھی گوشت کی قیمتوں کو پر لگ گئے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلع انتظامیہ گوشت کی قیمتیں کم کرنے میں ناکام ہے، ملتان کے رہائشی بھی مہنگائی سے پریشان دکھائی دیتے ہیں کہتے ہیں کہ خادم اعلیٰ قیمتوں کی کمی کیلئے کوئی اقدام کریں۔
علاوہ ازیں فیصل آباد میں پھل اور سبزیاں شہریوں کی قوت خرید سے باہر ہوگئیں، ملک بھر میں ماہ رمضان میں مہنگائی کے طوفان نے سب کو پریشان کر رکھا ہے۔
شہری میڈیا سے بات کرتے ہوئے یہ سوال کرتے نظر آئے کہ پرائس کنٹرول کے لئے مؤثر قانون کیوں نہیں ہے؟ آخر حکومت پرائس کو کنٹرول کرنے میں سنجیدہ کب ہوگی؟ قیمتیں کنٹرول کرنے کے لئے قانون سازی کب کی جائے گی؟
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔