ہفتہ, نومبر 16, 2024
اشتہار

رضا کارانہ خدمات سرانجام دینے کے فوائد

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج رضا کاروں کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد دنیا بھر کے مختلف حصوں میں سرگرم عمل رضا کاروں کی بے لوث خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 17 دسمبر 1985 کو دنیا بھر میں رضا کاروں کا عالمی دن منانے کی منظوری دی تھی۔

عراق، شام، افغانستان اور فلسطین کی کشیدہ صورتحال ہو، زلزلہ، طوفان یا سیلاب کی تباہ کاریاں ہوں، بھوک سے تڑپتے صومالیہ کے شہری ہوں یا ایبولا جیسے جان لیوا وائرس کا شکار ممالک، یہ رضا کار اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر اپنے فرائض تندہی کے ساتھ انجام دیتے ہیں۔

- Advertisement -

ان کی بے لوث خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ہی یہ دن منایا جاتا ہے۔

لیکن کیا آپ جانتے ہیں رضا کارانہ خدمات سر انجام دینا آپ کی جسمانی و نفسیاتی صحت پر بے حد مفید اثرات مرتب کرتا ہے۔ آئیں جانتے ہیں وہ اثرات کیا ہیں۔


نعمتوں کی قدر

جب آپ اپنے سے کمتر اور غریب لوگوں کی مدد کرتے ہیں اور ان کی زندگی کو بہتر کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو آپ دیکھتے ہیں کہ انہیں بنیادی سہولیات تک میسر نہیں، اور ایک معمولی سی چیز سے ان کی زندگی بے حد تبدیل ہوجاتی ہے۔

ایسے میں آپ خود کو حاصل نعمتوں کی اہمیت کا احساس کرتے ہیں اور آپ کے اندر انکسار اور شکر گزاری کی عادت پیدا ہوتی ہے۔


سچی خوشی

جب آپ مجبور و بے کس لوگوں کے لیے رضا کارانہ خدمات سر انجام دیتے ہیں تو ان کے چہروں پر آنے والی خوشی اور ان کی دعائیں آپ کے دل و دماغ کو سچی خوشی اور طمانیت سے بھر دیتی ہے اور آپ خود کو بہت ہلکا پھلکا محسوس کرنے لگتے ہیں۔


تنہائی سے نجات

حال ہی میں کی جانے والی ایک تحقیق میں انکشاف ہوا کہ ہفتے میں صرف 2 گھنٹے کے لیے رضا کارانہ سماجی خدمات انجام دینا اکیلے پن کے احساس میں کمی جبکہ اس کے منفی اثرات سے بچانے میں مدد دیتا ہے۔


بچوں پر مثبت اثر

اگر آپ والدین ہیں تو کسی کے لیے رضا کارانہ طور پر کام کرتے ہوئے آپ اپنے بچوں میں لاشعوری طور پر ہمدردی، انسانیت اور مدد کرنے کا جذبہ بو رہے ہیں۔ کار خیر کے کاموں میں اپنے بچوں کو ضرور شریک کریں اور انہیں اس کے بارے میں آگاہ کریں۔


دیگر افراد کو ترغیب ہوگی

ہوسکتا ہے آپ کو رضا کارانہ کام کرتا ہوا دیکھ کر آپ کے آس پاس موجود افراد کو بھی اس کی ترغیب ہو، اور یوں آپ ایک کار خیر کے پھیلاؤ کا سبب بن جائیں۔


وقت کی منصوبہ بندی

رضا کارانہ کام کرنے سے آپ بہتر طور پر وقت کی منصوبہ بندی کرنے کے عادی بنتے ہیں۔ آپ کی وقت ضائع کرنے کی عادت ختم ہوتی ہے اور آپ ہر وقت خود میں کچھ نیا کرنے کا جوش و جذبہ محسوس کرتے ہیں۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں