اتوار, مئی 12, 2024
اشتہار

کیا ویڈیو میں میسی کو گلے لگاتی خاتون ان کی والدہ ہے؟

اشتہار

حیرت انگیز

 اتوار کو ارجنٹینا کی ٹیم نے فرانس کو ہراکر فیفا ورلڈکپ فائنل میں جیت حاصل کی۔ جس کے بعد میدان میں لیونل میسی کو گلے لگاتی ہوئی خاتون کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے۔

ویڈیو شیئر کرنے والوں کا دعویٰ ہے کہ فائنل میں فرانس کے خلاف جیت کے بعد میسی کو ان کی والدہ گلے لگا رہی ہیں۔ اس ویڈیو کو میسی کی والدہ کا بتاکر نیوز ویب سائٹس اور ٹویٹر پر بھی شیئر کیا گیا ہے۔

فیکٹ چیک

- Advertisement -

وائرل ویڈیو کی خاتون کی حقیقت جاننے کے لیے جب گوگل پر ’سیلیا ماریا کوکیٹینی‘ اور ’ورلڈ کپ 2022‘ کے کی ورڈز سرچ کیے گئے تو 18 دسمبر 2022 کو شائع شدہ دی سن کی ایک رپورٹ سامنے آئی۔

رپورٹ میں ارجنٹینا کے فٹبالر میسی اور ایک بزرگ خاتون کی تصویر تھی۔ جس کے کیپشن میں لکھا تھا “میسی اپنی والدہ سیلیا ماریا کوکیٹینی کے ساتھ ایک خاص لمحے سے لطف اندوز ہوتے ہوئے”۔

دی سن کی رپورٹ میں جس خاتون کی تصویر شائع کی گئی ہے، انہوں نے بینگنی رنگ کی ٹی شرٹ زیب تن کر رکھی ہے، جب کہ وائرل ویڈیو میں نظر آنے والی خاتون نے ارجنٹینا ٹیم کی جرسی زیب تن کر رکھی ہے۔

اس کے علاوہ گیٹی امیجز کی ویب سائٹ پر بھی میسی کی والدہ کی کئی تصاویر ملیں جن میں وہ ارجنٹینا کو سپورٹ کر رہی تھیں، ان تصاویر میں بھی وہ بینگنی رنگ کی جرسی میں نظر آ رہی ہیں۔ گیٹی امیجز ویب سائٹ پر میسی اپنی والدہ کو ورلڈ کپ جیتنے کے بعد گلے لگاتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

 رپورٹ کے مطابق روئٹرز نے ورلڈ کپ فائنل سے میسی کے اہل خانہ کی کئی تصاویر شائع کی ہیں۔ جن میں ان کی والدہ کو بینگنی جرسی میں ہی دیکھا جا سکتا ہے۔ ان ثبوتوں سے یہ بات واضح ہوئی کہ میسی کو گلے لگانے والی خاتون ان کی والدہ نہیں ہیں۔

جرسی کے رنگ کے علاوہ میسی کی والدہ اور وائرل کلپ میں نظر آنے والی خاتون کے حلیے کا بھی موازنہ کیا گیا، جہاں دونوں کے درمیان واضح فرق سامنے آیا۔ وائرل کلپ میں نظر آنے والی خاتون کا قد میسی کی والدہ سے کم ہے۔ ان کے بالوں کی لمبائی بھی الگ ہے۔

وائرل فوٹیج میں خاتون کی کلائی پر گھڑی اور بازو پر ٹیٹو دیکھا جاسکتا ہے۔ لیکن کوکیٹنی کی موجودہ تصویروں میں ان کی کلائی پر کوئی ٹیٹو یا گھڑی نظر نہیں آرہی ہے۔

فیفا ورلڈ کپ فائنل میچ کے ریکارڈ شدہ ورژن کے آخری چند منٹوں کو جب بہ غور دیکھا گیا تو یہ بات سامنے آئی کہ میسی کے پاس جانے سے پہلے خاتون نے ٹیم کے دیگر ارکان سے بھی بات کی۔

تو میسی کو گلے لگاتی خاتون کون ہے؟

فیکٹ چیک رپورٹ کے مطابق وائرل ویڈیو میں میسی کو گلے لگاتی خاتون کے ایک فریم کو جب گوگل ریورس امیج پر سرچ کیا گیا تو وہاں سے ایک ہسپانوی زبان میں شائع کئی رپورٹس ملیں۔ جس کا ترجمہ کرنے پر معلوم ہوا کہ وائرل ویڈیو میں میسی کو گلے لگانے والی خاتون کی شناخت انٹونیا فاریاس کے طور پر ہوئی ہے، جو ٹیم ارجنٹینا کے لیے باورچی کے طور پر کام کرتی ہیں۔

نتیجہ

نیوز چیکر کی تحقیقات میں یہ ثابت ہوا کہ وائرل ویڈیو میں میسی کو گلے لگاتی خاتون ارجنٹینا ٹیم کے لیے باورچی کے طور پر کام کرنے والی انٹونیا فاریاس ہے۔ جسے سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس اور نیوز ویب سائٹس پر میسی کی والدہ بتاکر شائع کیا گیا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں