دبئی: بالی ووڈ اداکارہ جیکولین فرنینڈس ابوظہبی کی شیخ زید مسجد جاپہنچیں، اس دوران انہوں نے حجاب لیا اور مسجد کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔
جیکولین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر مسجد کے دورے کے دوران بنائی گئی تصاویر شیئر کیں، جس میں اداکارہ حجاب میں ملبوس مسجد کے مختلف حصوں کو دیکھ رہی ہیں، اداکارہ کے مداحوں نے ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔
جیکولین فرنینڈس ان دنوں سلمان خان کے ساتھ اپنی نئی آنے والی فلم کی شوٹنگ کے سلسلے میں ابوظہبی میں موجود ہیں، فلم کی شوٹنگ ابوظہبی کے مختلف مقامات پر کی جارہی ہے، شوٹنگ کے اختتام پر جیکولین نے شیخ زید مسجد کا دورہ کیا۔
جیکولین کی نئی فلم ’ریس 3‘ کو سلمان خان نے پروڈیوس کیا ہے جبکہ فلم کی ہدایت کاری کے فرائض ریمو ڈی سوزا انجام دے رہے ہیں، فلم کے مناظر ممبئی اور بنکاک میں بھی عکس بند کئے گئے ہیں، جبکہ بقیہ رہ جانے والے مناظر کی شوٹنگ ابو ظہبی میں کی جارہی ہے، فلم 15 جون کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔
یہ پڑھیں: فلم ’ریس تھری‘ میں سلمان خان کی پہلی جھلک نےدھوم مچا دی
واضح رہے کہ سلمان خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ریس تھری کی پہلی جھلک جاری کی تھی جس میں وہ سیاہ شرٹ میں ملبوس ہیں اور ہاتھ میں پستول پکڑے ہوئے ہیں، دبنگ خان کا اپنے پیغام میں یہ بھی کہنا تھا کہ اس ہفتے ملتا ہوں ’ریس 3‘ کی فیملی سے، اور میرا نام سکندر ہے۔
یاد رہے کہ ریس 2 میں سیف علی خان اور جان ابراہم، دپیکا پڈوکون، جیکولین فرنینڈس، انیل کپور نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے، فلم باکس آفس پر کامیابی سے ہمکنار ہوئی تھی۔