لاہور : شوبز انڈسٹری میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے فہد مصطفیٰ نے کہا کہ فہد صلاح الدین سے فہد مصطفیٰ تک کا سفر انجانے میں طے ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق فہد مصطفیٰ انڈسٹری کے ان اداکاروں میں سے ہیں جنہوں نے اپنی صلاحیت کا لوہا پے درپے کامیاب کردار کر کے منوایا۔
فہد مصطفیٰ نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ فہد صلاح الدین سے فہد مصطفی تک کا سفر انجانے میں ہی طے ہو گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسکول اور کالج میں میرا اصل نام فہد صلاح الدین ہی ہے مگر ایک ڈرامہ سیریل میں فہد کے ساتھ مصطفی کا اضافہ ہوا اور پرستار مجھے اسی نام سے پکارنے لگے۔
فہد مصطفی نے کہا کہ شوبز میں آنے کے بارے میں نہیں سوچتا تھا بلکہ میری یہی سوچ ہوتی تھی کہ میں نے ایک لاکھ روپے ماہانہ کمانا ہے، قسمت مجھے شوبز میں لے آئی اور مجھے میری سوچ اور خیال سے بڑھ کر دولت اور شہرت ملی جس پر رب کی ذات کا شکر گزار ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹی وی ڈراموں اور فلموں میں بھی کام کیا ہے لیکن نجی ٹی وی کے شو نے مجھے حقیقی معنوں میں فہد مصطفی بنایا۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام جیتو پاکستان کی میزبانی کے فرائض انجام دینے والے فہد مصطفیٰ نے اپنا کیرئیر 2002 میں ڈرامہ سیریل ’شیشے کا محل‘ سے شروع کیا تھا جس کی ابتدائی بیس اقساط میں ان کا کردار انتہائی معمولی نوعیت کا تھا۔
فہد سندھی ڈراموں کے اداکار صلاح الدین تنیو کے فرزند ہیں۔