منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

بھارتی فلم’راک اسٹار‘ اصل میں سلمان احمد کا کردار ہے‘ جنون بینڈ کا دعویٰ

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان کے ہر دل عزیز جنون بینڈ کا بڑا دعویٰ سامنے آگیا‘ بینڈ کا کہنا ہے کہ بھارتی فلم ’راک اسٹار‘ کے ڈائریکٹر نے ان کے گٹارسٹ سلمان احمد سے تحریک لے کر اپنا کردار تخلیق کیا۔

تفصیلات کے مطابق جنون دی بینڈ کے فیس بک پیج سے ایک تصویر شیئر کی گئی ہے‘ جس میں ایک جانب سلمان احمد کی ماضی کی کنسرٹ کے دوران لی گئی تصویر ہے تو دوسری جانب ’روک اسٹار ‘ فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے رنبیر کپور کی۔

دیکھا جاسکتا ہے کہ ان دونوں تصاویر میں حیرت انگیز مماثلت ہے ‘ دونوں کا ہیئر اسٹائل ، گٹار پکڑنے کا انداز ‘ سر پر پہنی ٹوپی اور کاسٹیوم بھی تقریباً ایک جیسے ہیں ۔ فرق صرف اتنا ہے کہ سلمان احمد کی یہ تصویر اصلی کنسرٹ میں لی گئی تھی‘ جبکہ رنبیر کپور کی تصویر ’راک اسٹار ‘ کی شوٹنگ کے دوران لی گئی۔

دونوں تصاویر کو دیکھ کر جنون دی بینڈ کے اس دعوے کو تقویت ملتی ہے کہ بھارتی ڈائریکٹر امتیاز علی نے اپنے اس مثال کردار کے لیے تحریک کہاں سے لی ہے۔ یہی نہیں بلکہ اگر آپ نے راک اسٹار دیکھی ہے ا ور آپ ماضی میں جنون کی پرفارمنس دیکھتے رہے ہیں تو آپ کو اندازہ ہوگا کہ سلمان احمد اور رنبیر کپور کے انداز میں حیرت انگیز مماثلت ہے۔

یاد رہے کہ جنون بینڈ جو کہ سلمان احمد ‘ علی عظمت اور برائن -او- کونل پر مشتمل تھا‘ گٹارسٹ سلمان احمد اور گلوکار علی عظمت کے درمیان اختلافات کے سبب عوام میں دیوانگی کی حد تک مقبول یہ بینڈ بکھر گیا۔ تاہم اب سلمان احمد گزشتہ کئی دنوں سے ایک ری یونین کے لیے متحرک ہیں جس کا وہ سوشل میڈیا پر اظہار بھی کرچکے ہیں‘ کہا جارہا ہےکہ سنہ 2018 میں عوام ایک بار پھر مکمل جنون کو اکھٹے دیکھیں گے۔

یہ فیصلہ جنون بینڈ کے قیام کے 25 سال اور ان کے ’آزادی‘ نامی بلاک بسٹر البم کے 20 سال مکمل ہونے کے زیرِ نظر کیا گیا ہے اور پاکستان کےمیوزک شائقین پر امید ہیں کہ ایک بار پھر انہیں وہ ’جنون‘ دیکھنے کو ملے گا جو کبھی ان کی دیوانگی کا مرکز ہوا کرتا تھا۔

بھارتی فلم ’راک اسٹار ‘ سنہ 2011 میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس کے ہدایت کار امتیاز علی تھے جبکہ فلم کی موسیقی اے آر رحمان نے ترتیب دی تھی۔ فلم کی کہانی جناردن (رنبیر کپور) نامی میوزک کے دلدادہ ایک نوجوان کے گرد گھومتی ہے کہ کس طرح کالج کا ایک ناکام گلوکار شہرت کے آسمان کو چھوتا ہے۔ اداکارہ نرگس فخری نے ان کے مدمقابل ہیروئن کا کردار ادا کیا ہے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں