اپنی فلموں میں ایکشن اسٹنٹ کرنے کے لیے مشہور ٹام کروز کبھی محو پرواز جہاز سے لٹکتے دکھائی دیتے ہیں، تو کبھی دنیا کی سب سے اونچی عمارت برج خلیفہ سے چھلانگ لگائی دیتے ہیں، اب ایسے دلیر انسان کو لڑنے کا چیلنج کون دے سکتا ہے؟
تاہم یہ چیلنج کینیڈین گلوکار جسٹن بیبر نے انہیں دیا ہے، کینیڈا سے تعلق رکھنے والے نوجوان گلوکار جسٹن بیبر نے 56 سالہ ہالی ووڈ اداکار ٹام کروز کو ایم ایم اے فائٹ کا چیلنج دے دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے جسٹن بیبر نے کہا کہ میں ٹام کروز کو اوکٹا گون میں فائٹ کا چیلنج کرنا چاہتا ہوں، ٹام اگر تم یہ چیلنج قبول نہیں کرتے تو اس کا مطلب ہے تم خوفزدہ ہو اور اس پر کبھی قابو نہیں پاسکو گے۔
I wanna challenge Tom Cruise to fight in the octagon. Tom if you dont take this fight your scared and you will never live it down. Who is willing to put on the fight? @danawhite ?
— Justin Bieber (@justinbieber) June 10, 2019
جسٹن بیبر نے ایم ایم اے کی سب سے بڑی تنظیم یو ایف سی کے مالک ڈانا وائٹ کو ٹیگ کرتے ہوئے کہا کہ اس مقابلے پر کون کون پیسے لگانا چاہتا ہے؟
جسٹن بیبر کی جانب سے ٹام کروز کو کیے جانے والے چیلنج کے باعث پوری دنیا میں دونوں کے مداح حیرانی میں مبتلا ہیں اور سب کی زبان پر یہی سوال ہے کہ آخر 25 سالہ جسٹن بیبر نے 56 سالہ ٹام کروز کو فائٹ کا چیلنج کیوں دیا۔
تاحال ٹام کروز کی جانب سے بیبر کے اس ٹویٹ کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔