ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ اور ورون دھون کی نئی آنے والی فلم ’کلنک‘ کی شوٹنگ سیٹ پر دو سانپوں کی وجہ سے روک دی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جب عالیہ بھٹ، ورون اور مادھوری نے شوٹنگ کا آغاز کیا تو اس دوران دو زہریلے سانپ ایک دوسرے پر لپکتے ہوئے فلم کے سیٹ پر آگئے، جس کے باعث فلم کی شوٹنگ کچھ گھنٹوں کے لیے روک دی گئی۔
شوٹنگ پر موجود عملے نے سانپوں کو پکڑ کر جنگل میں چھوڑ دیا، اسی سیٹ پر شاہ رُخ خان اور کاجول کی فلم مائی نیم از خان کی شوٹنگ کے دوران بھی اسی قسم کی صورتحال کا سامنا رہا تھا۔
کرن جوہر پروڈکشن ہاؤس کے بینر تلے بنائی جانے والی فلم کلنک کی کاسٹ میں عالیہ بھٹ اور ورون کے علاوہ سوناکشی سنہا، ادتیہ رائے کپور، سنجے دت اور مادھوری ڈکشت بھی شامل ہیں۔
فلم کے ہدایت کار ابھیشک ورمان کا کہنا ہے کہ فلم کی شوٹنگ 45 دن تک جاری رہے گی، تاہم پوری ٹیم کی سیکیورٹی کے لیے حفاظتی اقدامات کردئیے گئے ہیں، فلم کلنک آئندہ سال 19 اپریل کو بڑے پردے کی زینت بنے گی۔
عالیہ بھٹ اور ورون دھون اس سے قبل اسٹوڈنٹ آف دی ایئر، ہمپٹی شرما کی دلہنیا، بدری ناتھ کی دلہنیا میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔