کراچی: معروف مصنف، ہدایت کاراوراداکارکمال احمد رضوی کی آج تیسری برسی ہے ‘ آپ طویل علالت کے بعد 85 سال کی عمرمیں کراچی میں انتقال کرگئے تھے۔
کمال احمد رضوی یکم مئی1930ء کو بہار کے قصبے’گیا‘ میں پیداہوئے تھے۔ یہ وہی علاقہ ہے جہاں بدھ مت کے بانی گوتم بدھ کو نروان ملا تھا۔ اسی مٹی کی تاثیر لے کرکمال احمد رضوی 70 کی دہائی میں پاکستان ٹیلی ویژن کے ڈرامہ سیریل ’الف نون‘میں الن کے کردارسے شہرت کی بلندیوں پرپہنچے۔
[bs-quote quote=”اگرکسی شخص کی تحریریں مجھ پرمکمل طور پراثرپذیر ہوئی ہیں تو وہ منٹو ہے، افسوس ہمارے معاشرے نے ان کی قدر نہیں کی” style=”style-6″ align=”left” author_name=”کمال احمد رضوی”][/bs-quote]
سن 1951ء میں کمال احمد رضوی بھارت سے پاکستان آگئے تھے اور کچھ عرصہ کراچی میں مقیم رہنے کے بعد لاہورمنتقل ہوگئے۔
سنہ1958ء میں تھیٹر سے اداکاری کا آغازکیا اور1965ء میں پاکستان ٹیلی وژن کے لاہوراسٹوڈیو کے قیام کے بعد پہلی دفعہ ’الف نون ‘شروع کیا جس میں انہوں نے خود الّن کا اوررفیع خاورنے ننھے کا کردار ادا کیا۔الف نون پی ٹی وی کا مقبول ترین پروگرام تھا جسے 1965 سے 1986 کے دوران چارمرتبہ ٹیلی کاسٹ کیا گیا۔
اس ڈرامے کی مقبولیت کا عالم یہ تھا کہ لوگ پورا ہفتہ اس کا انتظار کرتے اور جس وقت یہ نشر کیا جاتا اس وقت سڑکوں پر سناٹے چھا جاتے اور پورا ملک اس ڈرامے کو دیکھا کرتا تھا۔
کمال احمد رضوی ایک اچھے اداکار اور ہدایت کار ہی نہیں بلکہ ایک اچھے قلم کار بھی تھے ، کتابوں کے بے حد رسیا تھے اور کتب بینی ہی ان کا اوڑھنا بچھونا تھی، ان کی نادرتحریروں میں مسٹرشیطان، آدھی بات، صاحب بی بی اورغلام قابلِ ذکرہیں۔
کمال احمدرضوی پاکستان کے چند نامورڈائجسٹوں کے مدیربھی رہے ہیں جن میں تہذیب، آئینہ اورشمع جیسے قابل ذکرنامی شامل ہیں۔
کمال احمد رضوی پاکستان کے نامورمصنف سعادت حسین منٹو سے بے پناہ متاثرتھے اوران کا کہنا تھا کہ ’’اگرکسی شخص کی تحریریں مجھ پرمکمل طور پراثرپذیر ہوئی ہیں تو وہ منٹو ہے، افسوس ہمارے معاشرے نے ان کی قدر نہیں کی‘‘۔
کمال احد رضوی طویل عرصہ علیل رہنے کے بعدبالاخر 17 دسمبر 2015 کوکراچی میں انتقال کرگئے تھے ، وصال کے وقت ا ن کی عمر85 سال تھی۔
ان کے ساتھی اداکار رفیع خاور عرف ننھا نے دو جون 1986ء کو خودکشی کرکے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا تھا، وہ 1942ء میں ساہیوال میں پیدا ہوئے تھے۔ بلاشبہ یہ جوڑی پاکستانی اداکاروں میں سب سے مشہور ترین جوڑی تھی۔