23.8 C
Dublin
بدھ, مئی 22, 2024
اشتہار

پاکستان فلم انڈسٹری اور ٹیلی ویژن کے سینئر اداکار کمال ایرانی کا تذکرہ

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستانی فلم انڈسٹری کے زوال کے بعد لاہور میں سکونت پذیر کمال ایرانی کراچی منتقل ہوگئے تھے جہاں 1989ء میں آج ہی کے روز ان کا انتقال ہوگیا۔ کراچی ان کی جائے پیدائش بھی تھا اور یہیں کمال ایرانی کو پہلی مرتبہ فلم میں کردار نبھانے کا موقع ملا تھا۔

کمال ایرانی نے اپنے فلمی سفر کا آغاز ’چراغ جلتا رہا‘ سے کیا تھا اور یہ فلم 1961ء میں ریلیز ہوئی تھی۔ فلم ’’چراغ جلتا رہا‘‘ کے فلم ساز، ہدایت کار اور مصنف فضل کریم فضلی تھے جنھوں نے کراچی میں ایک فلمی ادارہ قائم کیا، جس کا آفس ناظم آباد میں تھا، اور اسی کے بینر تلے یہ فلم بنانے کا اعلان کیا۔ یہ اپنے وقت کی کام یاب اور یادگار فلم تھی جس کے تمام مرکزی کردار نئے چہرے تھے۔ کمال ایرانی کو بھی اس فلم میں پہلی بار متعارف کروایا گیا۔ ان کے علاوہ فلم ’چراغ جلتا رہا‘ نے فلمی صنعت کو محمد علی، زیبا اور دیبا جیسے مایہ ناز فن کاروں دیے۔ کمال ایرانی کی یہ کام یاب فلم 1962ء میں عیدالفطر کے روز کراچی کے نشاط سنیما میں ریلیز ہوئی اور مجموعی طور پر اسکرین ہونے کے بعد سلور جوبلی مکمل کی۔ اس کے بعد یہ لاہور اور حیدرآباد میں سنیماؤں پر چلی تھی۔ کمال ایرانی کی اس فلم کا کراچی کے نشاط سنیما میں پریمیئر شو بڑے اہتمام سے رکھا گیا، جس میں مادر ملّت محترمہ فاطمہ جناح نے شرکت کی تھی۔

کراچی میں 5 اگست 1932ء کو پیدا ہونے والے کمال ایرانی کا اصل نام کمال الدّین صفوی تھا۔ فلم کی دنیا میں بطور اداکار قدم رکھنے کے بعد انھیں کمال ایرانی کے نام سے پہچان ملی۔ اپنے فنی سفر میں‌ نے لگ بھگ ڈھائی سو فلموں میں کام کرنے والے کمال ایرانی نے اردو، پنجابی، سندھی اور پشتو زبانوں میں بننے والی فلمیں‌ بھی کیں اور شائقینِ سنیما کو اپنی پرفارمنس سے متاثر کیا۔

- Advertisement -

فلم ”چراغ جلتا رہا“ کے بعد کمال ایرانی کو ”ہمیں بھی جینے دو“ اور ”دل نے تجھے مان لیا“ میں‌ کردار ادا کرنے کا موقع ملا اور انھوں نے فلم بینوں کی توجہ حاصل کی۔ لیکن ان کی اصل وجہِ‌ شہرت 1964 کی فلم ”ہیرا اور پتّھر“ بنی۔

فلم بینوں نے کمال ایرانی کو مثبت اور سنجیدہ کرداروں کے علاوہ ولن کے روپ میں بھی دیکھا اور پسند کیا۔ انھیں اپنے وقت کے مقبول ترین اداکاروں محمد علی، وحید مراد، ندیم، سدھیر، زیبا ، دیبا ، شمیم آرا اور دیگر کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھانے کا موقع ملا، بعد میں کمال ایرانی نے ٹی وی کے ڈراموں میں بھی اداکاری کی اور چھوٹی اسکرین کے ناظرین کو بھی اپنی اداکاری سے محظوظ کیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں