کراچی : دعا زہرہ کے بعد لاپتہ نمرہ کا بھی پتہ چل گیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ نمرہ اس وقت ڈیرہ غازی خان میں ہے اور شبہ ہے نمرہ نے ڈی جی خان کے رہائشی سے نکاح کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے دعا زہرہ کے بعد سعود آباد سے لاپتہ نمرہ کا بھی پتہ لگالیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی سے لاپتہ نمرہ اس وقت ڈیرہ غازی خان میں ہے ، نمرہ کا سراغ اس کے موبائل فون کے سی ڈی آر کی مدد سے ملا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈی جی خان کے رہائشی شاہ رخ نے 2 ماہ پہلے نمرہ کو موبائل ایپ پر پیسے بھیجے تھے اور کراچی میں نمرہ سے ملنے بھی آیا تھا۔
پولیس ذرائع نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ نمرہ نے شاہ رخ سےنکاح کرلیاہے تاہم نمرہ کو واپس لانےکےلئے ٹیم پنجاب روانہ کی جارہی ہے۔
اس سے قبل پولیس نے کراچی الفلاح سے 10 روز قبل لاپتہ ہونے والی دعا زہرہ کا سراغ لگایا تھا، پولیس کا کہنا تھا کہ دعا زہرہ کراچی سے دوسرے صوبے میں پہنچ چکی تھی تاہم کراچی پولیس حکام کو دعازہرہ سے متعلق آگاہ کردیا گیا ہے۔
حکام نے بتایا تھا کہ دعا زہرہ کے نکاح کی کاپی کراچی پولیس کو مل گئی ، جس کے مطابق دعائے زہرہ نے لاہور کے رہائشی ظہیر احمد نامی نوجوان سے نکاح کرلیا ہے۔
لاہور پولیس نے دعا زہرہ کو تحویل میں لے لیا ہے اور کہا لڑکی کے نکاح نامہ کو بھی چیک کرایا جارہا ہے۔