جمعہ, مئی 10, 2024
اشتہار

کرینہ کپور نے سیاست میں آنے کی تردید کردی

اشتہار

حیرت انگیز

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ اور سیف علی خان کی اہلیہ کرینہ کپور نے سیاست میں انٹری کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری مکمل توجہ فلموں کی طرف ہی ہے۔

بھارتی میڈیا میں یہ خبر زیر گردش تھی کہ کرینہ کپور خان لوک سبھا کے انتخابات میں کانگریس کے ٹکٹ بھوپال کی نشست سے الیکشن لڑیں گی۔

اداکارہ نے سیاست میں آنے کے حوالے سے خبروں کی سخت الفاظ میں تردید کرتے ہوئے کہا کہ ’کچھ لوگ ذاتی مقاصد کے لیے کسی سے منسوب کرکے کوئی بھی بات پھیلا دیتے ہیں‘۔

- Advertisement -

اُن کا کہنا تھا کہ اس طرح کی بے بنیاد خبروں میں کوئی صداقت نہیں اور نہ ہی کسی جماعت نے مجھ سے کوئی رابطہ کیا، میرا رجحان فلموں کی طرف تھا اور مستقبل میں بھی یہی رہے گا‘۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ کانگریس کے لیڈر راہول گاندھی نے کرینہ کپور سے رابطہ کر کے انہیں بھوپال کی نشست سے الیکشن لڑنے کی پیش کش کی تھی تاکہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو شکست دی جاسکے۔ میڈیا نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ کرینہ کپور کو الیکشن جیتنے کے بعد ریاست کا وزیراعلیٰ بھی بنایا جائے گا۔

ایک اور رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر بھوپال سے تعلق رکھنے والے کانگریس رہنما نے پارٹی کے صدر راہول گاندھی کو خط لکھ کر اس بات کی یقین دہانی کرائی تھی کہ اداکارہ کرینہ کپور بھوپال میں حریف جماعت بی جے پی کوہرانے کے لیے سب سے موزوں اُمیدوار ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی اداکارہ مادھوری ڈکشت کے حوالے سے بھی خبریں سامنے آئیں تھیں کہ وہ بھی لوک سبھا کے انتخابات میں بی جے پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گی مگر اداکارہ نے اس کی سختی سے تردید کی تھی۔

یہ بھی یاد رہے کہ اداکار سیف علی خان کے والد و سابق بھارتی کرکٹر منصور علی خان 1991 میں بھوپال کی نشست سے الیکشن میں حصہ لے چکے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں