بونیر: کوہاٹ اورکرک کے بعد ضلع بونیرمیں گیس نکل آئی اورمذکورہ ضلع میں بھی گیس کے ذخائر کی موجودگی کے قوی امکانات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ کے وزیر زکوٰۃ حاجی حبیب الرحمن کے حلقہ پی کے ۔ 78 گاؤں مٹوانی ضلع بونیر میں پانی کے حصول کے لئے ٹیوب ویل کی کھدائی کے دوران کنویں میں سے گیس کاشعلہ بلند ہوا اور مقامی لوگوں کو اپنی موجودگی کااحساس دلایاجس سے مقامی لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑگئی۔
دریں اثناء صوبائی وزیر حاجی حبیب الرحمن نے اہلیان علاقہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ گیس کے ذخائر کی دریافت کے ضمن میں حکومتی اور ذاتی سطح پر محکمہ آئل اینڈ گیس سے فوری رابطہ کریں گےتاکہ گیس کے ذخائر کاحجم اوراس کے معیارکا تعین کیا جاسکے۔
یہاں یہ امرقابل ذکر ہے کہ ضلع بونیر صوبہ خیبرپختونخوا کا تیسرا ضلع ہے جہاں آئل اورگیس کے ذخائر موجود ہیں اورضرورت اس بات کی ہے کہ مذکورہ اضلاع میں مزید ریسرچ اورسروے کے ساتھ ساتھ دیگر پہاڑی اور ریتلے علاقوں کا بھی سروے کیاجائے تاکہ پاکستان بالعموم اورصوبہ خیبرپختونخوا میں بالخصوص گیس جوکہ تحفہ خداوندی ہے، سے مستفید ہوسکیں۔