ممبئی: بھارتی اداکار کمال آر خان (کے آر کے) کو کرینہ سے تعلقات کا بے بنیاد دعویٰ مہنگا پڑ گیا۔
تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ ہدایت کار اور اداکار کے آر کے نے 10 اکتوبر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ٹوئٹ کے ذریعے دعویٰ کیا تھا کہ اُن کے اور کرینہ کپور کے مابین چار سال تک تعلقات رہے تاہم اُن کے پاس سوائے ایک تصویر کے کوئی ثبوت موجود نہیں ہے۔
بالی ووڈ اداکار نے یہ بھی اعلان کیا تھا کہ وہ لائیو ٹی شو کے دوران اپنے اور کرینہ کے رشتے سے متعلق مزید انکشافات کریں گے۔
کے آر کے کو کرینہ سے مبینہ تعلقات کا دعویٰ مہنگا پڑ گیا کیونکہ کرینہ کے مداحوں کی جانب سے اُن کے اکاؤنٹ کو مستقل رپورٹ کیا گیا جس کے بعد ٹوئٹر انتظامیہ نے اُن کے ویریفائیڈ اکاؤنٹ کو ہراساں کرنے کے الزام میں بند کردیا تاہم بھارتی اداکار نے پہلے سے ہی دوسرا اکاؤنٹ بنا رکھا تھا جسے وہ اب استعمال کررہے ہیں۔
انہوں نے اپنے دوسرے اکاؤنٹ پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ کے آر کے کے اکاؤنٹ سے کسی کو گالی نہیں دی گئی اُس کے باوجود انتظامیہ نے ٹوئٹر اکاؤنٹ بند کردیا یہ ایک بلیک میلنگ کا طریقہ ہے۔
انہوں نے میڈیا نمائندگان، ساتھی فنکاروں اور مداحوں کے نام ایک تفصیلی خط بھی تحریر کر کے سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔