لاس ویگاس: امریکی گلوکارہ لیڈی گاگا کنسرٹ کے دوران پرفارم کرتے ہوئے اسٹیج سے نیچے گر کر زخمی ہوگئیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق لیڈی گا گا کا گزشتہ روز لاس ویگاس میں کنسرٹ جاری تھا تو پرفارمنس کے دوران انہوں نے شرکا کو مزید محظوظ کرنے کے لیے ڈانس کرنے کا اعلان کیا۔
گلوکارہ کا اعلان سنتے ہی اُن کا ایک مداح سیکیورٹی حصار توڑ کر اسٹیج کی جانب بڑھنے لگا تو اُسے محافظوں نے روکا البتہ گاگا کی درخواست پر اُسے اسٹیج تک جانے کی اجازت دی گئی۔
مداح کو اسٹیج پر دیکھ کر شرکا حیران ہوئے، اسی دوران لیڈی گاگا نے گانا شروع کیا تو نوجوان لڑکے نے انہیں اٹھا کر رقص کرنے کی کوشش کی البتہ وہ اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا اور گلوکارہ کو ساتھ نیچے لے کر گر گیا۔
اسٹیج سے گرنے کے نتیجے میں گلوکارہ کے پیروں اور گھٹنوں میں شدید چوٹیں آئیں، واقعے پیش آنے کے بعد کنسرٹ ختم کر کے لیڈی گاگا کو اسپتال منتقل کیا گیا۔
Lady Gaga falls off stage in a fan’s arms during Vegas show. #LadyGaga pic.twitter.com/5IqgMokml7
— Sarwat Najmi (@snajmi23) October 18, 2019
ڈاکٹرز نے اُن کی حالت خطرے سے باہر بتائی اور ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی۔ لیڈی گاگا کے مینیجر کا کہنا ہے کہ اب وہ بالکل ٹھیک ہیں البتہ درد کی شکایت ضرور ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گلوکارہ چند روز آرام کرنے کے بعد دوبارہ کام شروع کریں گی۔