12.6 C
Dublin
ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

اسرائیل کی غزہ پر دوبارہ وحشیانہ بمباری، بڑی تعداد میں شہادتوں کا خدشہ

اشتہار

حیرت انگیز

یروشلم: قابض اسرائیلی فوج نے ایک بار پھر غزہ پر زمینی اور فضائی حملے شروع کردیئے ہیں، جس کے باعث بڑے پیمانے پر شہادتوں اور تباہی کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، شدید بمباری کے باعث مواصلاتی نظام تباہ ہوچکا ہے، جس کے باعث غزہ کا دنیا بھر سے رابطہ مکمل طور پر منقطع ہوچکا ہے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فورسز نے غزہ میں بھرپور طاقت کے ساتھ آپریشن اور وحشیانہ بمباری کا آغاز کردیا ہے، جس کے باعث غزہ کی پٹی میں مواصلاتی نظام مکمل تباہ ہوگیا ہے۔

عرب میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ غزہ میں 100 سے زائد فضائی طیاروں کی جانب سے بمباری کی جارہی ہے، جبکہ ٹینکس اور توپوں کے ذریعے بھی بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔

- Advertisement -

الجزیزہ کے مطابق فلسطینی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی جوال کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری سے آخری بچنے والی انٹرنیشنل کیبل بھی تباہ ہوگئی ہے، جس کے باعث غزہ کا رابطہ دنیا سے کٹ گیا ہے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیل ہگری کا کہنا ہے کہ آج کی رات ہماری فورسز غزہ میں زمینی آپریشن کا دائرہ بڑھا دیں گی، جس کے تحت مختلف علاقوں میں شدید بمباری بھی کی جائے گی۔

ڈینیل ہگری کا کہنا تھا کہ غزہ شہر کے لوگ اپنے گھروں سے جنوبی علاقوں کی طرف نقل مکانی کرلیں کیونکہ اسرائیل کی جانب سے فضائی کارروائیاں بھی کی جائیں گی۔

اسرائیل کی توپوں نے غزہ میں قائم الشفا اسپتال کے قریب بھی شدید بمباری کی ہے، جس کے باعث بڑے پیمانے پر جانی نقصان کا اندیشہ ہے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھاری اکثریت سے غزہ میں فوری طور پر انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کی قرارداد کو منظور کرلیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد منظور کرتے ہوئے محصور غزہ تک امدادی رسائی اور اس کے شہریوں کے تحفظ کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں قرارداد کے حق میں 120 ووٹوں پڑے، جب کہ 45 غیر حاضر رہے اور 14 بشمول اسرائیل اور امریکہ نے قرارداد کیخلاف ووٹ دیا۔

واضح رہے کہ عرب ریاستوں کی طرف سے تیار کردہ قرارداد کا مسودہ اگرچہ قانون کے نفاذ کا پابند نہیں ہے تاہم یہ سیاسی وزن ضرور رکھتا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں