کراچی: پاکستانی نوجوانوں صلاحیت میں کسی سے کم نہیں، اٹھارہ سالہ ایم حیدر خان نے کیمبرج کے ایک امتحان میں دنیا بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے پھر یہ بات درست ثابت کردی۔
تفصیلات کے مطابق ایم حیدر خان نے کیمبرج کے امتحان 2017 میں ریاضی سلیبس ڈی میں دنیا بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ امریکا اور برطانیہ جیسے ترقی یافتہ ممالک سمیت دنیا بھرسے اس امتحان میں ہزاروں طلبا شریک تھے، جن پر سبقت حاصل کرنے والے بحریہ کالج کراچی کے اس طالب علم نے ملک کا سر فخر سے بلند کردیا.
ترجمان پاک بحریہ نے نوجوان کے کارنامے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کامیابی ملک میں فروغ تعلیم کے سلسلے میں پاک بحریہ کے پختہ عزم کا مظہر ہے.
خوشی ہے کہ میرے اساتذہ کی محنت رنگ لائی اور میری درس گاہ کا نام روشن ہوا: ایم حیدر خان
اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اس باصلاحیت نوجوان نے کہا کہ یہ اس کے لیے انتہائی خوشگوار لمحہ ہے، اس کامیابی میں اس کی درس گاہ کا کلیدی کردار ہے، بالخصوص اس کے اساتذہ کا، جنھوں نے اس کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دی.
گو ایم حیدر نے ریاضی میں پوزیشن لی اور اس مضمون میں انھیں دلچسپی بھی ہے، مگر ان کی توجہ کا محور پاک نیوی ہے. اس کا سبب ان کے والد محمد سرفراز خان ہیں، جو نیوی افسر ہیں. حیدر کی فزکس کے مضمون میں بھی خاصی دلچسپی ہے.
نوجوان کے مطابق ابھی انھیں ای میل کے ذریعے یونیورسٹی نے اس کارنامے کی خبر دی ہے، البتہ اگلے ماہ کراچی میں ایک تقریب منعقد کی جائے گی، جہاں سرٹیفیکیٹ پیش کیا جائے گا۔
ایم حیدر ویڈیوگیمز کھلینے کے شوقین ہیں. کتابیں بھی شوق سے پڑھتے ہیں، بالخصوص جاسوسی ناولز. سر آرتھر کوئن کا لازوال کردار شرلاک ہومز انھیں بہت پسند ہے۔
حیدر نے بحریہ کالج کراچی سے او لیول کا مرحلہ طے کیا تھا اور اسی زمانے میں یہ امتحان دیا. پاک بحریہ نے نوجوان کی صلاحیت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ایم حیدر نے کیمبرج کے امتحان میں عالمی سبقت حاصل کر کے ملک اور پاک بحریہ کا نام روشن کیا۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔