عالمی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کی دوسری شادی کی خبروں پر ان کی منیجر انوشے طلحہ خان نے خاموشی توڑ دی۔
معروف پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان سے متعلق گزشتہ روز سے یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ اداکارہ جلد دوسری شادی کرنے جارہی ہیں اور ان کی شادی قریبی دوست سلیم خان سے ہوگی۔
شوبز ویب سائٹ پر یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ ماہرہ خان کی شادی آئندہ ماہ ستمبر میں پنجاب کے معروف ہل اسٹیشن پر قریبی رشتہ اداروں اور دوست احباب کی موجودگی میں ہوگی۔
یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب اداکارہ کی شادی کی خبریں سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں بلکہ چار سال قبل بھی ماہرہ خان اور سلیم کریم کی ترکیہ میں منگنی کی خبریں سامنے آئی تھیں۔
بعدازاں اس حوالے سے ماہرہ خان نے وضاحت پیش کرتے ہوئے گردش کرتی خبروں کی تردید کر دی تھی۔
واضح رہے کہ ماہر ہ خان کی پہلی شادی 2007 میں علی عسکری کے ساتھ ہوئی تھی جو 2015 میں علیحدگی پر ختم ہوئی، اداکارہ کا پہلی شادی سے ایک بیٹا اذلان ہے۔
تاہم اب نجی ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے ماہرہ خان کی منیجر اور ٹیم کی رکن انوشے طلحہٰ خان نے اداکارہ کی دوسری شادی کی خبروں کو غیرذمہ دارانہ صحافت قرار دیا۔
انوشے کا کہنا ہے کہ یہ رپورٹس اداکارہ کی فیملی یا ٹیم کے ممبر کے آفیشل بیان کے بغیر شائع کی گئی ہیں تاہم اداکارہ کی منیجر کی جانب سے بھی ماہرہ کی شادی سے متعلق خبروں کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔