کراچی: بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے ڈپریشن کا شکار ہونے والے افراد کے لیے خصوصی پیغام جاری کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ماہرہ خان نے ذہنی بیماریوں میں مبتلا افراد کی حوصلہ افزائی کے لیے خوبصورت پیغام تحریر کر کے شیئر کیا۔ اپنے پیغام میں اُن کا کہنا تھا کہ ’ڈپریشن آپ سے چھوٹا ہے اور ہمیشہ آپ سے چھوٹا رہے گا، یہاں تک کے جب یہ آپ کو بڑا محسوس ہوتا ہے درحقیقت اُس وقت بھی یہ چھوٹا ہی ہوتا ہے‘۔
ماہرہ نے حوصلہ افزائی کرتے ہوئے وضاحت پیش کی کہ ’یاد رکھیں ڈپریشن آپ کے اندر پیدا ہوتا ہے ، آپ اس کے اندر پیدا نہیں ہوتے‘۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’ذہنی تناؤ آسمان سے گزرتا ہوا سیاہ بادل ہے لیکن اگر ایسا ہے تو یاد آپ بھی آسمان ہیں جس کے پاس سے یہ گزر جائے گا‘۔
Just a reminder.. for anyone who might need it. I do 🙂 pic.twitter.com/Xck0MMDWAW
— Mahira Khan (@TheMahiraKhan) November 13, 2019
اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’آسمان بادل سے پہلے موجود تھا، بادل کا آسمان کے بغیر کوئی وجود نہیں ہے جبکہ آسمان بادل کے بغیر بھی رہتا ہے‘۔
یاد رہے کہ ماہرہ خان کو اقوام متحدہ نے ہائی کمیشن برائے مہاجرین کی خیر سگالی کا سفیر مقرر کیا تھا۔ اس حوالے سے اسلام آباد میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں (یو این ایچ سی آر) نے ماہرہ خان کو پاکستان کے لیے اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے مہاجرین کی خیرسگالی سفیر نامزد کرنے کا باقاعدہ اعلان کیا تھا۔