نئی دہلی : بھارتی اداکارہ زائرہ وسیم کو دوران پرواز ہراساں کرنے والے شخص کو گرفتارکرلیا گیا، جسے آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی اداکارہ زائرہ وسیم کو دوران پرواز ہراساں کرنے والے انتالیس سالہ ملزم وکاش سچ دیو کوممبئی سے گرفتارکیا گیا، ملزم کو ٹکٹ کی مدد سے شناخت کیا گیا، وکاش سچ دیو ایک کاروباری شخص ہے۔
عامرخان کی فلم دنگل سے شہرت پانے والی سترہ سالہ اداکارہ زائرہ وسیم کوگزشتہ روزدہلی سے ممبئی جاتے ہوئے دوران پرواز مین ہراساں کیا گیا تھا اور مسافروں اورعملے نے ان کی کوئی مدد نہیں کی تھی۔
زائرہ نے واقعہ سے متعلق ویڈیو انسٹاگرام پر جاری کی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔
مزید پڑھیں : بھارتی اداکارہ زائرہ وسیم سے دوران پرواز نازیبا چھیڑ چھاڑ، ویڈیو وائرل
اداکارہ زائرہ وسیم کا اپنے ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ نئی دہلی سے ممبئی کی پروازکے دوران ایک شخص نے ہراساں کیا،مشکوک شخص نے گردن اور کمر کو کئی بار چھوا، اداکارہ نے فلائٹ کے کیبن کریو کو بلایا لیکن کسی نے کوئی کارروائی نہ کی۔
اداکارہ نے روتے ہوئے اپنی کہانی سناتے ہوئے کہا کہ وہ بہت زیادہ پریشان ہیں، کیا گھر کی خواتین کو بھی یہ لوگ ایسے ہی عزت دیتے ہیں۔
دوسری جانب نجی ایئر لائن انتظامیہ نے زائرہ کی شکایت پر رد عمل دیتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ تحقیقات جاری ہیں
واضح رہے کہ اداکارہ نے دنگل میں گیتا پھوگاٹ کا کردار نبھایا، جو اکھاڑے میں مرد پہلوانوں کو چت کرتی تھی، زائرہ وسیم سیکریٹ سپر اسٹار میں بھی ایک مضبوط لڑکی کا کردار ادا کرچکی ہے۔