کراچی: پاکستان کی مقبول گلوکارہ میشا شفیع نے ساتھی گلوکار علی ظفر پر مبینہ جنسی ہراساں کرنے کا الزام عائد کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر میشا شفیع نے لکھا کہ ‘میں اپنے ساتھ جنسی ہراساں کرنے کے واقعے پر اس لیے خاموشی توڑ رہی ہوں کیونکہ مجھے لگتا ہے اس اقدام کے ذریعے اُس روایت کو ختم کرسکتی ہوں جو ہمارے معاشرے کا حصہ ہے‘۔
انہوں نے ساتھ ہی لکھا کہ ’ ویسے تو اس معاملے پر بات کرنا آسان نہیں لیکن میرے لیے خاموشی اور بھی زیادہ مشکل ہے کیونکہ اب میرا ضمیر مزید اجازت نہیں دیتا‘۔
میشا نے اپنے ٹویٹ کے ساتھ ایک لمبی تحریر شیئر کی جس میں اُن کا تفصیلی بیان تھا۔ گلوکارہ کا کہنا تھا کہ ’ایک عورت، ماں اور عوامی شخصیت ہونے کے ساتھ میں ہمیشہ نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے آواز بلند کرتی ہوں اور بالخصوص اُن لڑکیوں کے حوصلے ضرور بلند کرتی ہوں جو پاکستان کے لیے کچھ کرنا چاہتی ہیں‘۔
Sharing this because I believe that by speaking out about my own experience of sexual harassment, I will break the culture of silence that permeates through our society. It is not easy to speak out.. but it is harder to stay silent. My conscience will not allow it anymore #MeToo pic.twitter.com/iwex7e1NLZ
— Meesha Shafi (@itsmeeshashafi) April 19, 2018
گلوکارہ کا کہنا تھا کہ ‘گلوکاری کے میدان میں قدم رکھنے کے بعد اہل خانہ، دوستوں اور مداحوں نے بہت حوصلہ افزائی کی جس کے باعث میں نہ صرف بہادر بنی بلکہ بلاجھجھک ہر مسئلے پر آواز بھی بلند کی مگر ایک عورت ہونے کے ناطے جنسی ہراساں کرنے کے واقعے پر لب کشائی کرنا میرے لیے بہت زیادہ مشکل کام تھا‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’ ایک عورت ہونے کے ناطے مجھے اس پر تحفظات ہیں مگر آج میں جنسی ہراساں کرنے کے معاملے پر بات کروں گی کیونکہ اب میرا ضمیر مجھے مزید خاموش نہیں رہنے دے گا، ایک فن کار ہونے کی حیثیت سے یہ میرے لیے بہت مہنگا اقدام ثابت ہوسکتا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’میرے ساتھ شوبز میں کام کرنے والے ساتھی علی ظفر نے مجھے ایک سے زیادہ بار جنسی طور پر ہراساں کیا، یہ سب اُس وقت نہیں ہوا جب میں چھوٹی تھی یا پھر انڈسٹری میں نئی داخل ہوئی تھی، یہ سب کچھ میرے ساتھ دو بچوں کی ماں ہونے کے باوجود ہوا کیونکہ میں خاموش رہنے کو زیادہ اہمیت دیتی ہوں‘۔
میشا کا کہنا تھا کہ ’میں نے علی کو کئی برس سے جانتی ہوں اور اُن کے ساتھ کام بھی کیا مگر اس برتاؤ سے میرے یقین کو چوٹ پہنچی اور اس کی وجہ سے اہل خانہ کو بھی شدید صدمہ پہنچا، مجھے معلوم ہے کہ یہ وقت کٹھن ضرور ہے مگر میں تنہا نہیں ہوں‘۔
گلوکارہ کا کہنا تھا کہ ’آج میں اس خاموشی کو توڑتے ہوئے امید کرتی ہوں کہ یہ اقدام دوسری نوجوان خواتین کے لیے ایک مثال ہوگا اور وہ بھی آئندہ اس طرح کے واقعات پر بلا خوف و خطر اپنی آواز بلند کریں گی‘۔
واضح رہے کہ میشا شفیع گلوکاری کے ساتھ مختلف ڈراموں میں اداکاری کے جوہر بھی دکھا چکی ہیں اور انہوں نے کوک اسٹوڈیو میں بھی اپنی آواز کا جادو جگایا تھا۔