لاہور: پاکستانی اداکارہ مہوش حیات اپنی اداکاری کی وجہ سے کافی شہرت رکھتی ہیں مگر انہوں نے گلوکاری کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانا شروع کردیا۔
اے آر وائی کے بینر تلے بننے والی فلم میں دیگر کرداروں کی طرح شاندار اداکاری کرنے والی مہوش حیات کا فن سرچڑھ کر بولتا ہے یہی وجہ ہے کہ مداحوں نے اُن کے ڈراموں اور فلموں کو بہت پسند کیا۔
اداکارہ نے ایک روز قبل اپنے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ کلاسیکل گلوکار استادراحت فتح علی خان کے ہمراہ استاد نصرت فتح علی خان کا گانا گا رہی ہیں۔
مزید پڑھیں: مہوش حیات کے ننھے ’دلہا‘ کی ویڈیو وائرل
مہوش حیات نے راحت فتح علی خان کے ساتھ سُر تال ملائے اور اپنی آواز کا جادو جگا کر حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ اداکارہ نے ’تو میرا دل تو میری جاں‘ گانا گایا، اس موقع پر راحت فتح علی خان نے بھی خوب جم کر سُر لگائے۔
ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ ’استاد راحت فتح علی خان کے ساتھ پرفارم کرنا میرے لیے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے، آج میرا دیرینہ خواب پورا ہوگیا‘۔
یہ بھی دیکھیں: مہوش حیات بچپن میں کیسی نظر آتی تھیں؟ اداکارہ کی تصویر وائرل
یاد رہے کہ گزشتہ برس کراچی میں منعقدہ تقریب کے دوران مہوش حیات نے پاکستانی لیجنڈ گلوکارہ نازیہ حسن کا گانا گا کر سب کو حیران کردیا تھا جبکہ اس سے قبل وہ کوک اسٹوڈیو کے سیزن 9 میں شیراز اپل کے ساتھ پرفارم کر کے اپنے اندر چھپے فن کو مداحوں کے سامنے لائیں تھیں۔