ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

میلبرن ٹیسٹ، دوسرے دن کھیل کے اختتام تک پاکستان کے 6 وکٹوں پر 194 رنز

اشتہار

حیرت انگیز

میلبرن ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلیا کو جلد آؤٹ کرنے کے بعد پاکستان کی بیٹنگ لائن بھی لڑکھڑا گئی کھیل ختم ہونے تک 6 وکٹوں پر 194 رنز بنا لیے۔

باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے دوسرا دن بولرز کے نام رہا جہاں پاکستانی پیسرز نے 7 آسٹریلوی کھلاڑیوں کو گھر بھیجا وہیں کینگرو بولرز بھی پاکستانی بیٹرز پر حاوی رہے اور دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک 6 وکٹیں لے اڑے۔ آسٹریلیا 318 رنز پر آل آؤٹ ہوئی تو جواب میں پاکستان نے 6 وکٹوں پر 194 رنز بنا لیے ہیں تاہم اسے میزبان کی برتری ختم کرنے کے لیے اب بھی 122 رنز درکار جب کہ اس کی 4 وکٹیں باقی ہیں۔

باکسنگ ڈے کے دوسرے دن کھانے کے وقفے کے بعد آسٹریلیا کی 318 رنز کی اننگ کے جواب میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگ شروع کی تو امام الحق صرف 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر عبداللہ شفیق نے کپتان شان مسعود کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کے لیے 90 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی تاہم 124 کے مجموعی اسکور پر اوپنر 62 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جس کے بعد قومی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور بلے باز خزاں رسیدہ پتوں کی طرح گرتے رہے۔

- Advertisement -

کپتان شان مسعود بھی نصف سنچری کرنے کے بعد 54 رنز پر چلتے بنے جبکہ بابر اعظم صرف ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ نوجوان مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل کے بلے نے بھی رنز نہیں اگلے اور وہ 9 رنز ہی بنا سکے جب کہ سلمان علی آغا 5 رنز پر پویلین سدھارے۔ کھیل ختم ہونے پر بیٹنگ میں پاکستان کی آخری امید محمد رضوان 29 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے جبکہ عامر جمال نے دو رنز بنا رکھے ہیں۔

آسٹریلیا کی جانب سے کپتان پیٹ کمنز نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ناتھن لیون نے دو جب کہ جوش ہیزل ووڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل دوسرے دن کا کھیل شروع ہوا تو پہلا سیشن پاکستانی پیسرز کے نام رہا۔ آسٹریلیا نے اپنی پہلی نا مکمل اننگ کا آغاز 3 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز پر کیا تھا بقیہ سات بلے باز ٹیم کے مجموعے میں 131 رنز کا اضافہ کر سکے۔

کینگروز کی جانب سے مارنس لبوشن 62 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ عثمان خواجہ 42، مچل مارش 41 اور ڈیوڈ وارنر 38 رنز بنا کر دیگر نمایاں بیٹرز رہے۔

پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے تین آسٹریلوی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور میر حمزہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ تین میچز پر مشتمل بینو قادر ٹرافی سیریز میں میزبان آسٹریلیا کو ایک صفر سے برتری حاصل ہے جب کہ یہ سیریز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025 سائیکل کا حصہ ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں