بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں دو موٹر سائیکل سوار ملزمان تاجر کی بیوی کی آنکھوں میں لال مرچ جھونک کر اس کا 6 سالہ بیٹا اغوا کر کے فرار ہوگئے۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پولیس نے بتایا کہ بچے کے اغوا کا واقعہ گوالیار میں اُس وقت پیش آیا جب ماں بیٹا اسکول وین کا انتظار کر رہے تھے۔
پولیس آفیسر اروند سکسینہ نے بتایا کہ دو ملزمان ایک موٹر سائیکل پر آئے اور انہوں نے خاتون کی آنکھوں میں لال مرچ کا پاؤڈر ڈالا پھر بچے کو اغوا کیا، مغوی بچے کا باپ بڑا تاجر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: رقم کی لالچ میں ماں نے اپنا ہی بچہ اغوا کروا لیا
انہوں نے بتایا کہ ہمیں صبح 8:10 بجے کے قریب واقعے کی اطلاع ملی، والدین نے ملزمان کی گرفتاری اور بیٹے کی بازیابی میں مدد کرنے والے کیلیے 30 ہزار روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔
پولیس کے مطابق اغوا ہونے والا بچہ راہل گپتا کا بیٹا ہے جو مرار علاقے کی سی پی کالونی میں فیملی کے ساتھ رہائش پذیر ہیں، ابتدائی معلومات کے مطابق تاجر کی اہلیہ بیٹے کو اسکول وین میں چھوڑنے کیلیے آئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ بچے کے اغوا کی واردات اطراف میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہوگیا، فوٹیج کا جائزہ لے رہے ہیں۔
تاجر راہول گپتا نے اپنے بیان میں بتایا کہ میں چینی کا ہول سیل تاجر ہوں، اغوا کے واقعے کے بعد کسی نے ہم سے رابطہ نہیں کیا، ہماری کسی سے دشمنی نہیں ہے اور یہ نہیں معلوم کہ یہ کام کس نے کیا ہوگا۔