کراچی :چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز نے کراچی کی پیش گوئی پر یوٹرن لے لیا اور کہا ایک سےڈیڑھ ہفتےتک بارش کاکوئی امکان نہیں۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے موسم کی صورتحال کے حوالے سے کہا کہ مون سون کا نیا سسٹم سندھ میں داخل ہونا شروع ہوگیا ہے، جس کے زیراثرکراچی میں بارش کا امکان ہے، اس دوران، مغربی اور جنوب مغربی سمت سےہوائیں چلیں گی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ آج اور کل میرپورخاص، عمرکوٹ، ٹھٹھہ، مٹھی سمیت اندرون سندھ بھی چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز نے یو ٹرن لیتے ہوئے کہا کہ شہر میں آج بارش کےامکانات کم ہیں، چندمضافاتی علاقوں میں بارش ہوسکتی ہے تاہم ایک سےڈیڑھ ہفتےتک بارش کاکوئی امکان نہیں۔
سردارسرفراز نے بتایا کہ مون سون ہوائیں مشرقی سندھ میں داخل ہوئی تھیں، مون سون ہواؤں کے زیر اثر تھر و دیگر علاقوں میں بارش ہوئی۔
دوسری جانب لاہورسمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے اور آج بھی بارش کا امکان ہے جبکہ بلوچستان اور سندھ کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد تباہی کے مناظردیکھنے کو مل رہے ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے اور سندھ، شمال مشرقی و جنوبی بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔