اشتہار

میٹرک امتحانات، اندرون سندھ پرچے آؤٹ، بلا خوف وخطر نقل

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی سمیت سندھ بھر میں آج میٹرک کے امتحانات کا آغاز ہوگیا اندرون سندھ میں بلا خوف وخطر نقل اور موبائل فون کا استعمال کیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق آج کراچی سمیت سندھ بھر میں نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات کا آغاز ہوگیا ہے۔ صبح کی شفٹ میں نویں اور دوپہر کی شفٹ میں دسویں جماعت کے پرچے ہوں گے۔ کراچی، حیدرآباد، سکھر، شہید بینظیرآباد، لاڑکانہ، اور میرپورخاص میں ہونے والے امتحانات میں مجموعی طور پر 7 لاکھ سے زائد طلبہ و طالبات شرکت کر رہے ہیں۔

اندرون سندھ کے مختلف اضلاع میں نویں جماعت کے پہلے پرچے میں ہی قوانین کی دھجیاں اڑا دی گئیں، کئی شہروں میں امتحانی وقت کے قبل ہی پرچہ واٹس ایپ گروپ پر آؤٹ ہوگیا جب کہ طلبہ وطالبات نے بلا خوف وخطر نقل کی جس کے لیے موبائل فون کا بھی آزادانہ استعمال کیا گیا۔

- Advertisement -

خیرپور میں نویں جماعت کا انگلش کا پرچہ آؤٹ ہوگیا اور واٹس ایپ گروپس میں پیپر شروع ہونے سے قبل ہی گردش کرتا رہا۔ طلبہ موبائل فون کا آزادانہ استعمال کرتے ہوئے بلا خوف وخطر نقل اور فون کی مدد سے پرچے حل کرتے رہے۔

یہی صورتحال کوٹ ڈیجی، نارو، تھری میر واہ اور دیگر علاقوں میں رہی جہاں نقل کرانے والا مافیا سرگرم رہا اور تعلیمی بورڈ سکھر کی جانب سے تشکیل دی گئی چھاپہ مار ٹیمیں بھی اس مافیا کے سامنے بے بس ہوگئیں۔

لاڑکانہ تعلیمی بورڈ کے زیراہتمام شکارپور، قمبر، دادو، جیکب آباد اور کندھ کوٹ اضلاع میں نویں جماعت کا سندھی کا پرچہ بھی قبل از وقت آؤٹ ہوگیا جس کو واٹس ایپ گروپ کے ذریعے امیدواروں تک پھیلا دیا گیا۔ یہاں بھی دفعہ ایک سو چوالیس کے نفاذ کے باوجود موبائل فون کا کھلے عام استعمال کیا گیا۔ کئی امتحانی مراکز میں ایک گھنٹہ تاخیر سے پیپر شروع کرائے جانے کی اطلاعات بھی ملی ہیں۔

 سکھر، میرپورخاص، عمر کوٹ سمیت دیگر اضلاع میں پرچہ قبل از وقت آؤٹ ہوا اور  کھلے عام نقل جاری رہی جب کہ انتظامیہ خاموش تماشائی بنی امیدواروں کو بلا خوف وخطر نقل کرتے دیکھتی رہی، کئی جگہوں پر عملہ بھی نقل میں مدد فراہم کرنے میں مصروف رہا۔

Comments

اہم ترین

انور خان
انور خان
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں