بدھ, مئی 29, 2024
اشتہار

میٹرک امتحانات، کراچی میں راتوں رات امتحانی مراکز تبدیل، طلبہ پریشان

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی میں میٹرک کے امتحانات شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل راتوں رات امتحانی مراکز تبدیل کر دیے گئے جس کے باعث طلبہ اور متعلقہ اسکولز پریشان ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق آج کراچی سمیت سندھ بھر میں نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات کا آغاز ہوگیا ہے۔ صبح کی شفٹ میں نویں اور دوپہر کی شفٹ میں دسویں جماعت کے پرچے ہوں گے۔ کراچی، حیدرآباد، سکھر، شہید بینظیرآباد، لاڑکانہ، اور میرپورخاص میں ہونے والے امتحانات میں مجموعی طور پر 7 لاکھ سے زائد طلبہ و طالبات شرکت کر رہے ہیں۔

دوسری جانب کراچی میں میٹرک کے امتحانات کا آغاز ہی مسائل سے ہوا ہے۔ شہر قائد میں راتوں رات امتحانی مراکز تبدیل کر دیے گئے۔ آج صبح جب طالبعلموں نے پورٹل چیک کیا تو ان کا سینٹر تبدیل ہوچکا تھا۔

- Advertisement -

جن اسکولوں میں نئے سینٹرز قائم کیے گئے ہیں وہاں کی انتظامیہ اپنے اسکولوں میں امتحانی مراکز قائم ہونے سے بے خبر ہے جس کے باعث پرچوں کی ترسیل متاثر ہو رہی ہے۔

اس حوالے سے چیئرمین میٹرک بورڈ کراچی شرف علی شاہ کا کہنا ہے کہ صرف چند امتحانی مراکز تبدیل کیے گئے ہیں۔ تبدیل شدہ امتحانی مراکز کے طلبہ کسی بھی سینٹر پر امتحان دے سکتے ہیں، تاخیر سے پہنچنے والے امیدواروں کو اضافی وقت دیا جائے گا۔

دوسری جانب سکھر بورڈ کے زیراہتمام ہونے والے میٹرک امتحانات میں نقل کا آغاز ہوگیا ہے اور نویں جماعت کا انگلش کا پرچہ وقت سے قبل ہی آؤٹ ہوگیا ہے۔ یہ پرچہ مختلف واٹس ایپ گروپس میں لیک کیا گیا ہے۔

Comments

اہم ترین

انور خان
انور خان
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں