لاس اینجلس: پاپ میوزک کی دنیا کے نامور آنجہانی گلوکار مائیکل جیکسن کے زیر استعمال جیکٹ 10 نومبر کو نیلامی کے لیے پیش کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق میوزک کی دنیا میں پاپ موسیقی کو تخلیق دینے والے امریکی گلوکار مائیکل جیکسن اپنے ہر پروگرام میں سیاہ رنگ کی جیکٹ پہن کر پرفارم کرتے تھے جسے اب نیلامی کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔
خاندانی ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق آنجہانی گلوکار کی جیکٹ 10 نومبر کو نیلامی کے لیے پیش کی جائے گی اور بولی کی رقم ایک لاکھ ڈالر سے شروع ہوگی۔
جولین آکشن ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مائیکل جیکسن کی جیکٹ کے پشت پر سلور مارکر سے گلوکار کے دستخط موجود ہیں۔
مزید پڑھیں: میرے والد کو قتل کیا گیا ، مائیکل جیکسن کی بیٹی کا انکشاف
پاپ گلوکار کے گزر جانے کے بعد ٹیکساس کے تاجر اور مائیکل جیکسن کے مداح نے اُن کے زیر استعمال دو جیکٹوں کو بطور نشانی بھاری رقم کے عوض خرید لیا تھا۔
اب تاجر اس جیکٹ کو فروخت کر کے حاصل ہونے والی رقم فلاحی کاموں کے لیے عطیہ کرنا چاہتے ہیں جس کے لیے نیلامی کی تقریب 10 نومبر کو ٹائمز اسکوائر نیویارک کے کیفے ہارڈراک میں منعقد کی جائے گی۔
یاد رہے کہ کنگ آف پاپ امریکی تاریخ کے کامیاب ترین موسیقار تھے جس کا فن چالیس سالوں تک مرکز نگاہ رہا اور اُن کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں ایک نہیں کئی حوالوں سے درج ہوا۔
مائیکل جوزف جیکسن 29 اگست 1958 کو امریکی ریاست انڈیانا میں پیدا ہوئے، 6 سال کی عمر میں انہوں نے موسیقی کی دنیا میں قدم رکھا اور پھر ایسا لوہا منوایا کہ جو گانا گایا کمال ہی کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: مائیکل جیکسن کا قدیم مصری مجسمہ
ما ئیکل جیکسن اپنے منفرد انداز کی وجہ سے دنیا بھر میں مقبول ہیں، اپنے پہلے البم آئی وانٹ یو بیک سے ہی مائیکل جیکسن دنیا بھر میں مشہور ہوگئے۔
انیس سوبیاسی میں مائیکل جیکسن کا البم تھرلر ریلیز ہوا اور دنیائے میوزک میں تہلکہ مچا دیا تھا،اس البم کو آج بھی دنیا میں سب سے زیادہ بکنے والی میوزک البم کا اعزاز حاصل ہوا۔
تھرلر کی صرف امریکا میں ہی تیس کروڑ کیسٹس فروخت ہوئیں جبکہ پوری دنیا میں اس کی سوکروڑ سے زیادہ کاپیاں فروخت ہوئیں، مائیکل جیکسن کے البم ’تھریلر‘ کو آٹھ گریمی ایوارڈ ملے ہیں جو کہ ایک بڑا ریکارڈ ہے۔
مائیکل جیکسن نے تھرلر البم کے گیت ‘بلی جین’ پر رقص میں ایک نئی حرکت متعارف کروائی جسے دیکھ کر لوگ ششدر رہ گئے۔ اس حرکت کو بعد ازاں ‘مون واک’ کا نام دیا گیا۔
تھرلر‘ کے بعد مائیکل جیکسن کا البم ’بیڈ‘ سامنے آیا، جس کی بیس لاکھ کاپیاں فروخت ہوئیں، ‘بیڈ‘ کے بعد جیکسن کا البم ’ڈینجرس‘ بھی سپر ہٹ ہوا۔
اسے بھی پڑھیں: مائیکل جیکسن اورمیڈونا کیا واقعی دجال کے پیروکار ہیں؟
مائیکل نے 1994 میں آنجہانی امریکی گلوکار ایلوس پریسلے کی بیٹی لیزا میری پریسلے سے شادی کر لی، جو صرف انیس ماہ چل سکی۔
انیس سو ستانوے میں مائیکل جیکسن کو راک اینڈ رول ہال آف فیم میں شامل کر لیا گیا اور انہوں نے غیر متوقع طور پر ایک نرس ڈیبی رو سے شادی کر لی، جس سے ان کا بیٹا پرنس مائیکل پیدا ہوا، 1998 میں ان دونوں کی ایک بیٹی پیرس مائیکل کیتھرین پیدا ہوئی جبکہ سنہ 1999 میں مائیکل اور ڈیبی میں طلاق ہوگئی جبکہ بچے مائیکل کے پاس ہی رہے۔
موسیقی کی دنیا میں نئے رجحانات متعارف کرانے والے مائیکل جیکسن 25 جون 2009 ء کو گولیوں کی زائد مقدار لینے کی وجہ سے دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔
اسے بھی پڑھیں: مائیکل جیکسن کے انوکھے ڈانس اسٹیپ کا راز
مرنے کے بعد بھی مائیکل جیکسن کا نام سب سے زیادہ آمدنی حاصل کرنے والے گلوکاروں میں سرفہرست رہا، ان کی موت کے بعد ادھورا گانا دس ازاٹ ریلیز ہوا، جس نے اتنا بزنس کیا جتنا مائیکل جیکسن اپنے دور عروج میں حاصل کرتے رہے۔