معروف ڈرامہ اداکار میکال ذوالفقار نے اپنی اہلیہ سارہ بھٹی سے علیحدگی کا اعلان کردیا جس کے بعد بظاہر یوں محسوس ہوتا ہے کہ معروف شخصیات کے درمیان علیحدگی کا رجحان چل نکلا ہے۔
اپنے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر کی جانے والی ایک پوسٹ میں میکال کا کہنا تھا کہ انہوں نے اور ان کی اہلیہ سارہ نے طویل عرصے کی علیحدگی کے بعد باضابطہ طور پر طلاق کا فیصلہ کرلیا ہے۔
میکال کا کہنا تھا، ’بالآخر میں نے یہ فیصلہ کرنے کا حوصلہ کرلیا ہے۔ ایک طویل علیحدگی کے بعد بدقسمتی سے ہماری 6 سالہ شادی کا اختتام ہوگیا۔ گو کہ دونوں جانب سے مسئلے کو سلجھانے کی کوشیں کی گئیں تاہم کچھ بھی طے نہ ہوسکا، اور اس کا نتیجہ طلاق کی صورت سامنے آیا ہے‘۔
میکال ذوالفقار نے 6 سال قبل سارہ بھٹی سے شادی کی تھی اور ان کے 2 بچے ہیں۔ میکال ایک طویل عرصے سے مختلف پاکستانی ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: نعمان جاوید اور جاناں ملک کے راستے جدا
یاد رہے کہ دو روز قبل ہی اداکارہ نور نے بھی اپنی چوتھی شادی کے اختتام کا فیصلہ کیا تھا۔ نور نے اپنے چوتھے شوہر ولی حامد سے خلع لینے کا دعویٰ دائر کیا تھا۔
اس سے قبل معروف گلوکار نعمان جاوید اور اداکارہ جاناں ملک کے درمیان بھی علیحدگی ہوچکی ہے۔ نعمان جاوید نے فریحہ پرویز سے علیحدگی کے بعد جاناں ملک سے شادی کی تھی جو بمشکل 2 ماہ چل سکی۔
اس سے قبل گزشتہ ہفتے وینا ملک کی بھی اپنے شوہر اسد خٹک سے خلع لینے کی خبریں سامنے آئیں۔ اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں وینا ملک اور اسد خٹک کے درمیان گفت و شنید کے ذریعے معاملہ حل کروانے کی کوشش کی گئی اور دونوں کی صلح کروائی گئی تاہم بعد ازاں وینا ملک مکر گئیں۔
وینا ملک کا کہنا تھا کہ اسد خٹک دوغلا انسان ہے، وہ اسکرین پر کچھ اور پیچھے کچھ کہتا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ خلع کا فیصلہ عدالت ہی کرے گی۔