جمعہ, مئی 24, 2024
اشتہار

موبائل چھیننے کی ناکام واردات اور سیلفی نے اندھی موت کا معمہ حل کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

موبائل چوری کی ناکام واردات اور فون میں محفوظ ہوجانے والی سیلفی ویڈیو نے اسٹیشن پر ہونے والے اندھی موت کا معمہ حل کردیا۔

بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شہر کلیان میں ایک ٹرین کے مسافر کا موبائل فون چوری کرنے والے ملزم کے پکڑے جانے کے بعد ایک شخص کی موت کا معمہ حل ہو گیا۔ چور کی شناخت آکاش جادھو کے نام سے کی گئی ہے۔

آکاش نے پیر کو ایک مسافر کا فون اس وقت اس کے ہاتھ سے چھیننے کی کوشش کی تھی جب وہ چلتی ٹرین میں سیلفی ویڈیو بنا رہا تھا۔

- Advertisement -

مسافر زاہد زیدی اپنے فون سے ویڈیو ریکارڈنگ کر رہا تھا کہ ملزم جادھو نے فون پر جھپٹا مارا تاہم وہ موبائل چھیننے میں ناکام رہا، اس دوران زاہد کے موبائل ویڈیو میں آکاش کا چہرہ قید ہوگیا۔

زاہد نے پولیس سے مدد طلب کرتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کردی، کلیان ریلوے پولیس نے وائرل ویڈیو کو دیکھنے کے بعد جادھو کو گرفتار کرلیا۔

پولیس افسر پندھری ناتھ کاندے نے بتایا کہ ہم نے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا جس کے خلاف تھانے میں پہلے سے مقدمات درج تھے جبکہ اس سے دوسرا موبائل فون بھی برآمد ہوا۔

ہم نے اس سے پوچھ گچھ کی کہ اسے موبائل کہاں سے ملا، موبائل فون کو آن کیا گیا تو پتہ چلا کہ یہ پونے کے رہنے والے پربھاس بھانگے کا ہے۔

انھوں نے کہا کہ بھانگے ایک بینک میں ملازم تھا اور ہولی کے لیے پونے سے گھر جارہا تھا۔ 25 مارچ کو آدھی رات کو ریلوے اسٹیشن پر ٹرین سے گر کر اس کی موت واقع ہوگئی تھی۔

افسر پندھری ناتھ کاندے نے کہا کہ جادھو سے پوچھ گچھ پر ایک چونکا دینے والا انکشاف سامنے آیا۔ جادھو نے چلتی ٹرین سے موبائل چرایا تھا اور پربھاس بھانگے نے جب اپنا موبائل واپس لینے کی کوشش کی تو ٹرین سے گر کر ہلاک ہوگیا۔

پولیس کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ملز آکاش جادھو کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور کیس کی مزید تحقیقات کی جارہی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں