لاہور: پاکستان کے ابھرتے ہوئے اداکار و گلوکار محسن عباس اپنی بیٹی ماھوین کے انتقال پر بے حد رنجیدہ ہیں جس کا اظہار انہوں نے نظم کے ذریعے کیا۔
تفصیلات کے مطابق محسن عباس حیدر کے گھر 27 اکتوبر 2017 کو بیٹی کی پیدائش ہوئی جس کا نام انہوں نے ماھوین رکھا، والد بننے پر محسن عباس بے حد خوش تھے مگر اُن کی خوشیوں کو نظر لگ گئی اور اُن کی کل کائنات 15 دسمبر کو بابا سے ہمیشہ کے لیے بچھڑ گئی۔
والدین کے لیے اولاد کے بچھڑ جانے غم کسی بڑے سانحے سے کم نہیں ہوتا، اداکار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر انتہائی دُکھی دل کے ساتھ ننھی پری ماہوین عباس حیدر کے انتقال کی خبر دی اور خصوصی دعاؤں کی اپیل بھی کی تھی۔
پڑھیں: اداکار محسن عباس کی ایک ماہ کی صاحبزادی انتقال کر گئیں
محسن عباس اتنے بڑے صدمے سے دوچار ہونے کے بعد رنجیدہ ہیں جس کا اظہار انہوں نے ’ماھوین کے نام‘ نظم تحریر کر کے کیا۔
میرے بچپن سے تیرے بچپن تک
ایک ترتیب ہے سوالوں کی
درِ بچگاں پہ اٹی رہتی ہے
ماتمی گرد بیتے سالوں کی
روز دھوتا ہوں ، روز روتا ہوں
غم بھی ملنے نہیں آتے اب تو
صحنِ دل میں بچھا کر میں تنہائی
سسکیاں اوڑھ کر سوتا ہوں
یہ سب تو مستقل ٹھہرا
ایک دن زندگی نے دستک دی
میں یہ سمجھا کہ سوز لائی ہے
مگر اُس روز توقع کہ برعکس
مُسکرا کر ملی وہ پہلی بار
تیرے آنے کی خبر یوں پہنچی
جیسے پت جڑ کے گھر کلی اترے
جیسے دورانِ شب وحی اترے
جیسے پرودگار ہاں کہہ دے
جیسے روتے میں کوئی ماں کہہ دے