لاہور: کوک اسٹوڈیو کے گانے آفرین آفرین سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی گلوکارہ مومنہ مستحسن نے پی آئی اے کی پرواز کا اعلان انتہائی مہارت کے ساتھ کر کے سب کو حیران کردیا۔
تفصیلات کے مطابق مختصر عرصے میں شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی گلوکارہ مومنہ مستحسن کا نیا روپ اُس وقت سامنے آیا جب وہ لاہور ائیرپورٹ پر پی آئی اے کی پرواز کے لیے اعلان کرتی ہوئی دکھائی دیں۔
ویڈیو دیکھنے کےلیے اسکرول نیچے کریں
انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گلوکارہ اپنی خوبصورت مسکراہٹ کے ساتھ مسافروں کو آگاہ کررہی ہیں کہ پی آئی اے کی پرواز ’پی کے 1852‘ اسلام آباد روانگی کے لیے تیار ہے ، مسافروں سے درخواست ہے کہ وہ گیٹ نمبر 15 سے جہاز میں تشریف لے جائیں‘‘۔
اس اعلان کے دوران مومنہ اپنی روایتی مسکراہٹ کو جاری رکھے ہوئے تھیں اور یہ کام انہوں نے اس خوبی سے سرانجام دیا کہ کہیں اس بات کا گماں نہیں ہوا کہ یہ اعلان کسی نئی خاتون کی جانب سے کیا جارہا ہے۔
پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے اس ضمن میں کوئی بیان سامنے نہیں آیا کہ انہوں نے مومنہ کو باقاعدہ نوکری دی ہے یا پھر یہ اعلان صرف ایک بار ہی کروایا گیا۔
یاد رہے کہ کوک اسٹوڈیو میں راحت فتح علی خان کے ساتھ آفرین آفرین گانا گانے والی گلوکارہ نے بہت کم عرصے میں شہرت کی بلندیوں کو چھوا اور وہ لاکھوں لوگوں کے دلوں پر راج کرنے لگیں۔
اپنی خوبصورت مسکراہٹ کی وجہ سے پہچان بنانے والی مومنہ ایک وقت میں اپنے مداحوں سے عاجز بھی آگئیں تھیں اور انہوں نے برہمی کا اظہار بھی کیا تھا، گزشتہ برس منگنی ٹوٹنے کی خبریں جاری کرنے پر مومنہ سماجی رابطے کی ویب سائٹس سے بھی نالاں نظر آئیں تھیں۔
ویڈیو دیکھیں:
Guess who made the #PIA flight announcement!! It’s none other than super girl @MominaMustehsan !! #PakistanIntlAirlines pic.twitter.com/UB4mN6drpw
— PIA (@Official_PIA) April 30, 2017