لاہور: اسپاٹ فکسنگ کیس میں پی سی بی اینٹی کرپشن ٹربیونل نے ناصرجمشید پر 10 سال کی پابندی عائد کردی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن ٹربیونل نے پی ایس ایل فکسنگ اسکینڈل میں ملوث ناصرجمشید پر10سال کی پابندی عائد کردی، اس دوران وہ کرکٹ نہیں کھیل سکتے۔
پی سی بی اینٹی کرپشن ٹریبونل نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر ناصر جمشید پرجرمانہ عائد نہیں کیا، ناصرجمشید پراسپاٹ فکسنگ کی 5 شقوں پرفیصلہ سنایا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن ٹربیونل نے 12 روز قبل سماعت مکمل کرتے ہوئے کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا جو آج سنایا گیا۔
سابق کرکٹرپر پانچ شقوں کی خلاف ورزی کا الزام تھا جن میں عدم تعاون، بکیز سے رابطے، پلیئرز کو فکسنگ پراکسانے، معلومات چھپانے کے الزامات شامل تھے۔
ناصر جمشید کے وکیل نے اسپاٹ فکسنگ کیس کی سماعت کے دوران پی سی بی کی طرف سے ان کے موکل پرعائد کیے جانے والے تمام الزامات کو مسترد کردیا تھا۔
دوسری جانب پی سی بی کے وکیل نے ٹربیونل کے سامنے موقف اختیار کیا تھا کہ کرکٹرکو سخت سزا دے کردوسروں کے لیے عبرت کا نشان بنایا جائے۔
اسپاٹ فکسنگ کیس، کرکٹرناصرجمشید پرایک سال کی پابندی عائد
واضح رہے کہ ناصرجمشید کو اس سے قبل تحقیقات میں عدم تعاون پرایک سال معطلی کی سزا دی جا چکی ہے۔