جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

نواز شریف کو اشتہاری قرار دیا جاتا ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلہ جاری کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی عدالت نے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ جاری کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔

تین صفحات پر مشتمل یہ تحریری حکم نامہ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے جاری کیا، حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کے خلاف شواہد کے مطابق 87 سی آر پی سی کے تحت اشتہاری قرار دینے کی کارروائی مکمل ہے، اس سے قبل نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے گئے تھے۔

- Advertisement -

حکم نامے کے مطابق شواہد اور گواہوں کی روشنی میں نواز شریف جان بوجھ کر عدالت کے سامنے پیش نہیں ہوئے، نواز شریف کو عدالتی کارروائی کا مکمل ادراک تھا۔

عدالت نے کہا کہ نواز شریف کو اشتہاری قرار دیا جاتا ہے اور ان کے ضامنوں کے خلاف 514 کے تحت کارروائی عمل لائے جائے گی۔

العزیزیہ، ایون فیلڈ ریفرنسز، نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ

عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر نواز شریف کے ضامن عدالت میں پیش ہوں، عدالت نے نواز شریف کے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس کیس میں ضامنوں راجہ رب نواز عباسی اور سخی محمد کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔

یاد رہے کہ نواز شریف کی اپیلوں پر 2 دسمبر کی سماعت کے دوران ہائی کورٹ نے انھیں اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ کیا تھا، جب کہ ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں ان کی ضمانت راجہ رب نواز عباسی اور سخی محمد نے دی تھی، مذکورہ فیصلے پر جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے دستخط کیے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ لاہور کی احتساب عدالت نے غیر قانونی پلاٹس الاٹمنٹ کیس میں نواز شریف کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے تھے اور نواز شریف کی جائیداد قرق کرنے کا بھی حکم دے دیا تھا۔

ستمبر میں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کو اشتہاری قرار دیا تھا، جب کہ یوسف رضا گیلانی اور آصف زرداری پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

Comments

اہم ترین

مزید خبریں