اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی حکومت پر یرغمالیوں کی رہائی کیلئے حماس سے معاہدے کیلئے عوام کا دباؤ بڑھنے لگا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی ہٹ دھرمی کے باعث تل ابیب میں لیبر یونین کی جانب سے پیر کو عام ہڑتال کی کال دیدی گئی ہے، جس کی حمایت تل ابیب کی ٹیکنالوجی کمپنیوں اور صنعتوں نے بھی کردی۔
خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ تل ابیب کا بن گورین ایئرپورٹ بھی کل صبح سے بند رہے گا۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی مینیوفیکچررز ایسوسی ایشن کی جانب سے بھی ہڑتال کی حمایت کی گئی ہے جبکہ اسرائیلی اپوزیشن لیڈر یائیر لاپڈ نے بھی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیر خزانہ نے ہڑتال کرنے والوں کو تنخواہیں نہ دینے کی دھمکی دی ہے۔ اسرائیلی وزیر خزانہ کے مطابق ہڑتال کرنے سے حماس کے مفادات کا تحفظ ہوگا۔
دوسری جانب حماس کے زیرِ انتظام غزہ کی وزارتِ صحت نے بتایا ہے کہ غزہ جنگ میں اب تک کم از کم 40,738افراد جاں بحق ہوچکے ہیں, جنگ کا11واں مہینہ جاری ہے۔
وزارت کے اعداد و شمار کے مطابق مذکورہ تعداد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی 47 اموات bhi شامل ہیں جبکہ سات اکتوبر سے شروع ہونے والی اس جنگ میں زخمیوں کی تعداد 94,154ہوگئی ہے۔
فلسطین سرکاری میڈیا آفس نے غزہ جنگ میں ہونے والے نقصانات اور تباہی کی تازہ تفصیلات جاری کردیں۔
مسلسل 330ویں روز غزہ کی پٹی پر قابض اسرائیل کی طرف سے امریکی اور مغربی مدد سے مسلط کی گئی نسل کشی کی جنگ میں ہونے والے نقصان اور تباہی کی تازہ تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔
غزہ کے معروف ٹک ٹاکر محمد حلیمے اسرائیلی حملے میں شہید
میڈیا دفتر نے گزشتہ روز اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ قابض فوج نے پچھلے سال سات اکتوبر کے بعد غزہ میں 3,537 بار اجتماعی قتل عام کیا، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 50,691فلسطینی شہید اور لاپتہ ہوئے۔