10.6 C
Dublin
جمعہ, مئی 24, 2024
اشتہار

این ایل سی کا چین کیلئے کارگو سروس کا آغاز

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : نیشنل لوجسٹک سیل (این ایل سی) نے چین کے لیے کارگو سروس کا باقاعدہ آغاز کردیا، جس کاروٹ اسلام آباد اور کراچی سے کاشغر اور شنگھائی تک ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کو فعال کرنے کے سلسلے میں نیشنل لاجسٹکس سیل نے اسلام آباد اور کراچی سے کاشغر اور شنگھائی تک باقاعدہ کارگو سروس کا آغاز کیا ہے۔

این ایل سی کے ٹرکوں کا قافلہ برآمدی سامان لے کر چین کی طرف روانہ ہوئے۔اس کارگو سروس کے اجراء سے مستقبل میں چین، پاکستان، کرغزستان اور قازقستان کے مابین چار ملکی ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدےاور بین الاقوامی روڈ ٹرانسپورٹ( ٹی آئی آر )کنونشن کے عملی نفاذ کے لیے راہ ہموار کرنے میں مدد ملے گی یہ دونوں معاہدے علاقائی تجارت کے فروغ کے لیے واضح روڈ میپ متعین کرتے ہیں جو خطے کی مجموعی معاشی ترقی کا ضامن ثابت ہوگا۔

- Advertisement -

ٹرکوں کو چین روانہ کرنے کے سلسلے میں این ایل سی سلک روٹ ڈرائی پورٹ سوست پر تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ مطلوبہ کسٹم اور امیگریشن مراحل طے کرنے کے بعد، ٹرک کاشغر کی طرف روانہ ہوئے اور خنجراب پاس کے راستے چین کے سر حدی شہر میں داخل ہوئے۔ واپسی پر یہ ٹرک درآمدی سامان لے کر پاکستان کے مختلف شہروں میں پہنچیں گے۔ جس سے شاہراہ ریشم کی بطور تاریخی تجارتی راستے کی دو طرفہ نوعیت کو تقویت ملے گی۔۔

چین کے لیے سرحد پار کارگو سروس کے آغاز کو تمام شرکاء نے نہایت خوش آئندقراردیا اور امید ظاہر کی کہ یہ سہولت دونوں دوست ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔

اس سے پہلے این ایل سی نے بذریعہ زمینی راستہ پاکستان کی برآمدات کے لیے منڈیوں کو مستحکم بنانے کی حکومت کی کوششوں کو کامیاب بنانے کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔ این ایل سی نے کامیابی کے ساتھ ایران کے راستے ترکی اور آذربائیجان جبکہ افغانستان کے راستے ازبکستان اور قازقستان تک تجارتی سامان کی ترسیل ممکن بنا دی ہے ان ممالک میں نئی منڈیوں تک رسائی ٹی آئی آر کنونشن کے تحت عمل میں لائی گئی جس سے وقت اور لاگت دونوں میں نمایاں کمی واقع ہوتی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں