کراچی : ٹیلی وژن کے نامور اداکار نعمان اعجاز نے کرونا وائرس کے خدشے اور عوام کو آگاہی فراہم کرنے کیلئے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے شاعرانہ انداز اپنا یا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی معروف اداکار نعمان اعجاز نے کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر گھروں سے بلا ضرورت باہر گھومنے والوں کو شاعرانہ انداز میں پیغام دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہوں نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے پیش نظر حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن پر گھروں پر رہنے کی ہدایت پر عمل نہ کرنے والوں کو معروف شاعر بشیر بدر کی غزل کو سنا کر شاعری میں پیغام دیا انہوں نے کہا کہ
یوں ہی بے سبب نہ پھرا کرو
کوئی شام گھر پر بھی رہا کرو
وہ غزل کی سچی کتاب ہے
اسے چپکے چپکے پڑھا کرو،
کوئی ہاتھ بھی نہ ملائے گا
جب گلے ملو گے تپاک سے
یہ نئے مزاج کا شہر ہے
ذرا فاصلے سے ملا کرو
اپنے ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے اگرآج ہم اپنا دماغ استعمال کرتے ہوئے یہ سمجھتے کہ موقع کی نزاکت کیا ہے تو آج سڑکوں پر ہماری پولیس اور فوج کھڑی نہ ہوتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ لیکن افسوس کی بات ہے کہ فوجاور پولیس کے موجود ہونے کے باوجود بھی ہم سمجھنے کی کوشش نہیں کر رہے۔