لاہور: معروف قوال اور کلاسیکل گلوکار استاد نصرت فتح علی خان کی صاحبزادی نے اعلان کیا ہے کہ والد کے گیت گانے والوں کے خلاف کاپی رائیٹ ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
تفصیلا کے مطابق اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئےندا نصرت کا کہنا تھا کہ اپنے والد کے تخلیقی کام کی واحد وارث ہوں، اس لیے کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کو قانونی نوٹس بھیجے جائیں گے۔
ندا نصرت کا کہنا تھا کہ نصرت فتح علی خان کی بھی قوالیاں، غزلیں یا جو بھی کام انہوں نے کیا اُس کی واحد وارث میں ہوں، آئندہ جو بھی آرٹسٹ اُن کے گانے گائیں گے انہیں مجھ سے اجازت ضرور طلب کرنی ہوگی۔
اُن کا کہنا تھا کہ کسی بھی گلوکار، فنکار یا ہدایت کار کو والدکے کام کو استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی اور جن لوگوں نے ماضی میں ایسا کیا ان سے رابطہ کیا جائے گا باقی جو مستقبل میں کچھ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں انہیں کاپی رائٹ قانون کے تحت نوٹس بھیجا جائے گا۔
دوسری جانب نصرت فتح علی خان کی قوالیوں سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے معروف پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان کا ردِ عمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ میری پرورش شہنشاہ قوال نے بطور جانشین کی۔
اُن کا کہنا تھا کہ نصرت فتح علی خان اور میرے والد فرخ فتح علی خان دادا فتح علی خان کے کلام پڑھتے تھے، گھر کے دیگر افراد بھی اُن کے کلام پڑھتے رہی ہیں میرے خیال میں اس میں کوئی اجازت والی بات نہیں ہے۔
راحت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ قوالی اور صوفیانہ کلام کی میراث 600 برس سے زیادہ پرانی ہے، ہم سب ایک خاندان کی طرح ہیں اور ساری چیزیں ہماری اپنی ہی ہیں۔ ندا نصرت نے راحت فتح علی خان کے شدید ردعمل کو مدنظر رکھتے ہوئے اُن کے خلاف کارروائی کا ارادہ ترک کردیا۔