اشتہار

سکھر میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن، پولیس نے مارٹر گولے داغ دیے

اشتہار

حیرت انگیز

سکھر: صوبہ سندھ کے شہر سکھر میں شاہ بیلو کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف پولیس آپریشن جاری ہے، پولیس کی جانب سے ڈاکوؤں کے ٹھکانوں پر مارٹر گولے بھی داغے گئے۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی عرفان علی سموں نے کہا ہے کہ کچے کے علاقے میں شروع کیا گیا آپریشن بدستور جاری ہے، ڈاکوؤں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں کے خلاف اس آپریشن میں مارٹر گولوں سمیت جدید ہتھیاروں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ فائرنگ کے نتیجےمیں 2 ڈاکوؤں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، علاقے میں ڈاکو منیر مصرانی سمیت مختلف گروہ موجود ہیں۔

واضح رہے کہ 24 جنوری کو بھی سکھر پولیس نے ایس ایس پی عرفان علی سموں کی قیادت میں شاہ بیلو کچے میں جرائم پیشہ افراد اور منظم ڈاکوؤں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا تھا، جس میں کئی گھنٹوں کی فائرنگ کے تبادلے کے بعد 3 اشتہاری ملزمان سمیت 5 سہولت کار گرفتار کر لیے گئے تھے۔

- Advertisement -

پولیس کا کہنا تھا کہ کریک ڈاؤن میں منیر مصرانی سمیت منظم ڈاکوؤں کے ٹھکانے تباہ کیے گئے، علاقے میں مزید پولیس پکٹس بھی قائم کیے گئے۔ ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ مکمل امن و امان قائم ہونے اور ڈاکوؤں کی علاقے میں موجودگی تک یہ آپریشن جاری رہے گا۔

اس سے قبل بھی 11 نومبر 2019 کو شاہ بیلو کچے میں جرائم پیشہ افراد اور منظم ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن جاری کیا گیا تھا، تاہم پولیس کسی ڈاکو کو گرفتار یا ہلاک نہیں کر سکی تھی، پولیس کی جانب سے ڈاکوؤں کے ٹھکانوں پر ماٹر گولے بھی فائر کیے گئے تھے۔

ایس ایس پی عرفان سموں کے مطابق تھانہ کندھرا کی حدود میں بھی پولیس مقابلہ ہوا جس میں ساجد نامی ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، جب کہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، گرفتار ملزم سے 10 سے زائد مسروقہ موٹر سائیکلیں اور اسلحہ برآمد ہوا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں