بدھ, جنوری 15, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 10

نجانے میرا بچہ کس حال میں ہوگا ، لاپتہ صارم کی والدہ کی پکار

0
کراچی صارم

کراچی: لاپتہ سات سالہ صارم کے والدین نے ایک ہفتے بعد بھی کوئی پیش رفت نہ ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا ، والدہ نے کہا نجانے میرا بچہ کس حال میں ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ کراچی سے لاپتہ سات 7 صارم کو آٹھ روز بعد بھی تلاش نہیں جاسکا۔

تفتیش میں پیش رفت نہ ہونے پر اہلخانہ نے مایوس ہو کر ایس ایس پی سینٹرل کے آفس کےسامنے احتجاج کیا، شدت غم سے نڈھال والدہ کا کہنا ہے کہ نجانے میرا بچہ کس حال میں ہوگا۔

والد نے بھی شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ پولیس باتیں تو کر رہی ہے لیکن عملی طور پر کچھ نہیں ہورہا۔

 

معصوم بچے کے والدین نے حکام بالا اور سیکیورٹی اداروں سے اپیل ہےکہ صارم کوجلد سے جلد تلاش کیا جائے۔

اس سے قبل گورنر سندھ نے 7 سالہ صارم کی گمشدگی کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی سینٹرل زیشان صدیقی سے رابطہ کیا تھا، گورنر نے بچے کی گمشدگی کے واقعے پر بریفنگ لی، ایس ایس پی سینٹرل نے بتایا تھا کہ بچے کے والدین کو مدرسے کے مؤذن پر شک ہے۔

کامران ٹیسوری نے بچے کے والد سے واقعے کی پوری تفصیلات معلوم کیں اور بچے کے والدین کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

مزید پڑھیں : ننھے صارم کی گمشدگی پر گورنر سندھ کا شدید اظہار برہمی، بچے کے گھر پہنچ گئے

یاد رہے 7 جنوری کو صارم اپنے ہی فلیٹ سے لاپتہ ہوا تھا، جو بھائی کے ہمراہ اپارٹمنٹ میں موجود مسجد کے مدرسے میں پڑھنے گیا تھا جس کے بعد بڑا بھائی گھر آٓگیا لیکن صارم نہ آیا۔

اس واقعے کا مقدمہ نمبر 13 پولیس نے 8 جنوری کو والد کی مدعیت میں دفعہ 364 اے کے تحت درج کرلیا تھا ، حکام کا کہنا تھا 7 سالہ بچے کی تلاش میں فلیٹس کی تلاشی لینے کے ساتھ ساتھ پانی کے زیر زمین 4 بڑے ٹینک ، سیوریج کی لائنیں ، خالی فلیٹس اور چھت سمیت دیگر مقامات کی مکمل تلاشی لی ہے جبکہ شک کی بنا پر متعدد مقامات پر چھاپے بھی مارے لیکن ننھے بچے کا بدقسمتی سے کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

سینیٹ نے ٹرمپ کے نامزد کردہ سیکریٹری دفاع کو ’بھون‘ کر رکھ دیا

0
سیکریٹری دفاع پیٹ ہیگستھ

واشنگٹن: امریکی سینیٹ نے ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد کردہ سیکریٹری دفاع پیٹ ہیگستھ کو ’بھون‘ کر رکھ دیا، عالمی میڈیا نے لکھا کہ سینیٹرز نے اپنے سوالات سے انھیں ’گِرل‘ کر دیا۔

نیشنل گارڈ کے افسر اور فاکس نیوز کے سابق میزبان پیٹ ہیگستھ اب تک کی سب سے متنازعہ شخصیات میں سے ایک ہیں جنھیں سیکریٹری دفاع کے لیے نامزد کیا گیا ہے، اور ان کی تصدیق کے لیے کسی ووٹ کا ملنا مشکل نظر آ رہا ہے۔

نو متخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزدہ کردہ سیکریٹری دفاع کو سینیٹ میں ڈیموکریٹس کے سخت سوالوں کا سامنا کرنا پڑا ہے، سینیٹرز نے پیٹ ہیگستھ کو نااہل بھی قرار دیا، 4 گھنٹے تک جاری سماعت میں پیٹ ہیگستھ کو تمام مسلمانوں کو قتل کرنے سے متلعق متنازعہ بیان یاد دلایا گیا۔

سینیٹرز کی جانب سے خاتون پر جنسی حملے اور پھر رقم دے کر عدالت سے باہر سمجھوتا کرنے، فوج میں خواتین کے کردار کی مخالفت کرنے پر پیٹ ہیگستھ پر تند و تیز سوالات کی بوچھاڑ کی گئی، نامزد سیکریٹری دفاع کو شراب نوشی کی لت میں مبتلا بھی قرار دیا گیا۔

دوسری طرف ریپبلیکن سینیٹرز کی جانب سے پیٹ ہیگستھ کی تعریف کی گئی، نامزد وزیر دفاع کی توثیق کے لیے ووٹنگ اگلے ہفتے ہونے کا امکان ہے، انھوں نے اپنے ابتدائی بیان میں کہا ہے کہ وہ پینٹاگون میں ایک ’جنگجو کلچر‘ لائیں گے اور ’تبدیلی کا ایجنٹ‘ بنیں گے۔

انھوں نے چار گھنٹوں تک سخت سوالات کا اچھے سے سامنا کیا اور کوئی بڑی گڑبڑ نہیں، پیٹ ہیگستھ نے اپنے اوپر لگنے والے الزامات بھی رد کر دیے۔ ان کے طرز عمل کی وجہ سے سماعت کے دوران انھیں ریپبلکنز کی حمایت حاصل ہوئی، یہاں تک کہ پارٹی میں اثر و رسوخ رکھنے والی سینیٹر جونی ارنسٹ کی تنقیدی حمایت بھی حاصل کی۔

صائم ایوب کے حوالے سے اہم خبر

0

اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود لندن سے ملتان کے لئے روانہ ہورہے ہیں، جبکہ ٹیسٹ اوپنر صائم ایوب لندن میں اکیلے رہیں گے۔

اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے صائم ایوب کیساتھ لندن روانہ کیا تھا، تاہم وہ اب ویسٹ انڈیز کے خلاف ملتان میں جمعے سے شروع ہونیوالے ٹیسٹ سے قبل پاکستان پہنچ رہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق صائم ایوب کی لندن میں معائنہ رپورٹس رواں ہفتہ آنے کی توقع ہے، رپورٹس کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق صائم کے ری ہیب کے لیے لندن میں قیام کا فیصلہ ہوگا یا پھر صائم کے لاہور واپس آکر ری ہیب مکمل کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب قومی ٹیم کے بیٹر فخر زمان نے صائم کی انجری پر حوصلہ افزا بیان دیا ہے۔

کرکٹ ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے فخر زمان نے کہا کہ یہ برا لگتا ہے جب ایک کھلاڑی جس پر پاکستان نے بہت زیادہ سرمایہ کاری کی ہے وہ زخمی ہوجاتا ہے جب وہ اپنے عروج پر پرفارم کرنا شروع کردیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کی انجری کھلاڑی کے سفر کا حصہ ہوتے ہیں۔

فخر زمان نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ چیلنجز زندگی کا حصہ ہیں اور ایک عظیم کھلاڑی بننے کے لیے آپ کو ان کا سامنا کرنا ہوگا۔ انہوں نے صائم کی جلد صحت یابی کے لیے بھی امید ظاہر کی۔

بیویاں ساتھ جاتی ہیں تو ٹیم ہار جاتی ہے! بی سی سی آئی نے اہم فیصلہ کرلیا

اوپننگ بیٹر نے کہا کہ فٹنس دوبارہ حاصل کرنے میں وقت لگتا ہے مجھے یقین ہے کہ صائم بہت جلد واپس آئے گا۔

عمرکوٹ : خوفناک ٹریفک حادثے نے ایک اور خاندان اجاڑ دیا

0
عمر کوٹ ٹریفک حادثے

عمرکوٹ : خوفناک ٹریفک حادثے نے ایک اور خاندان اجاڑ دیا، حادثے میں 5 افراد جان سے گئے، جن میں 1خاتون، 2 مرد اور 2 بچے شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق عمرکوٹ کے قریب خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ، جہاں کار اور وین کی ٹکرہوئی، حادثے میں پانچ افراد جان سے چلے گئے جبکہ بچہ شدید زخمی ہوا۔

حادثےمیں جان سے جانے والوں میں 1خاتون،2مرداور2بچے شامل ہیں اور حادثے کے شکار ہونے والے 4 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔

عمر کوٹ کے رہائشی کیلاش کارمیں بھابھی اوربھتیجوں کے ہمراہ سامارو شہر سے واپس گھر آرہے تھے کہ کار سونپور کے مقام پر مخالف سمت سے آنے والی وین سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں کیلاش، ان کی بھابھی، دو بھتیجے اورکارڈرائیورموقع پر دم توڑ گئے۔

لاشوں اور زخمی بچے کو سول اسپتال عمرکوٹ پہنچایا گیا، پولیس نے بتایا وین ڈرائیور فرارہوگیا تاہم گاڑی تحویل میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔

آئی پی پیز کے ساتھ نظرثانی شدہ معاہدے ، بجلی صارفین کے لئے بڑی خوشخبری آگئی

0
آئی پی پیز نظر ثانی معاہدے

اسلام آباد : وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 14 آئی پی پیز کے ساتھ نظرثانی شدہ معاہدوں کی منظوری دے دی گئی، جس کے تحت بجلی کی قیمتوں میں کمی ہو سکتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے ، جس میں بتایا کہ کابینہ نے 14 آئی پی پیز کے ساتھ نظرثانی شدہ معاہدوں کی منظوری دے دی . نظر ثانی شدہ معاہدوں کی رو سے 14 آئی پی پیزکیساتھ بات چیت کی گئی، آئی پی پیز کے منافع اور لاگت میں 802 ارب روپے کی کمی کی تجویز منظور کی گئی۔

آئی پی پیز سے گزشتہ برسوں کےاضافی منافع کی مدمیں35ارب کی کٹوتی کی جائے گی، معاہدوں کے قابل اطلاق رہنے تک حکومت کو 1.4کھرب روپے کا فائدہ ہوگا۔

اس حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ آئی پی پیزکےساتھ نظرثانی شدہ معاہدےبڑی کامیابی ہیں، معاہدوں سےگردشی قرضہ ختم ہوگا،بجلی کی قیمت بھی کم ہوگی۔

وزیراعظم نے آئی پی پیز کیساتھ کامیاب نظر ثانی شدہ معاہدوں پر ٹارسک فورس کی تعریف کی۔.

اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نےانسدادمنشیات ڈویژن کووزارت داخلہ،ہوابازی ڈویژن کووزارت دفاع میں ضم کرنے اور حکومت کی رائیٹ سائیزنگ کےحوالےسےتشکیل کمیٹی کی سفارش پر منظوری دی، انضمام کےبعدانسدادمنشیات ڈویژن وزارت داخلہ کےایک ونگ کے طور پر کام کرے گا۔

اعلامیے میں کہا کہ اینٹی نارکوٹکس فورس وزارت داخلہ کا ایک ملحقہ محکمہ ہوگا، اس انضمام سے انتظامی معاملات، تنخواہوں، دیگرآپریشنل خرچوں میں بچت ہوگی۔ اس انضمام سےقومی خزانے کو 183.250ملین روپے سالانہ کی بچت ہوگی۔

وفاقی کابینہ نےہوا بازی ڈویژن کی ڈیفنس ڈویژن میں انضمام کی منظوری بھی دی ، انضمام سےانتظامی معاملات،تنخواہوں،دفتری دیکھ بھال،دیگرخرچوں میں بچت ہوگی اور قومی خزانے کو 145 ملین روپے سالانہ کی بچت ہوگی۔

بنگلادیش نے کنگنا رناوت کی فلم پر پابندی عائد کردی

0

بنگلہ دیش میں بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کی فلم ایمرجنسی پر بھارت اور بنگلہ دیش کے خراب تعلقات کے باعث پابندی عائد کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت کی ڈائریکشن میں بننے والی یہ فلم جمعہ 17 جنوری کو ریلیز ہوگی، فلم کی کہانی بھی انہوں نے ہی لکھی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ فلم 1975 میں سیاسی صورتحال کے باعث اس وقت کی وزیراعظم اندرا گاندھی کی جانب سے ملک میں لگائی جانے والی ایمرجنسی کے تناظر میں بنائی گئی ہے جس میں کنگنا مرکزی کردار ادا کررہی ہیں۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ فلم پر بنگلہ دیش میں لگنے والی پابندی کی اصل وجہ فلم کا مواد نہیں بلکہ دونوں ممالک کے درمیان جاری سیاسی کشیدگی ہے۔

اس فلم میں بھارتی فوج اور اندرا گاندھی کے کردار کو اجاگر کرنے کے ساتھ شیخ مجیب الرحمان کی مدد کی بھی تصویر کشی کی گئی ہے۔

اس سے قبل کنگنا نے پریانکا گاندھی کو اپنی آنے والی فلم ’ایمرجنسی‘ دیکھنے کی دعوت بھی دی تھی۔

کنگنا کا کہنا تھا کہ انہوں نے پریانکا گاندھی کو فلم دیکھنے کے لیے دعوت نامہ بھجوایا ہے۔

کنگنا کا بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میری پریانکا گاندھی سے پارلیمنٹ میں ملاقات ہوئی تھی اور اس وقت جو پہلی بات میں نے ان سے کہی وہ یہ تھی کہ آپ کو فلم ایمرجنسی دیکھنی چاہیے۔

میری بات پر پریانکا گاندھی نے بہت ہی اچھے اور نرم انداز میں کہا تھا کہ ہاں ہو سکتا ہے میں فلم دیکھوں۔

رجنی کانت کی نئی فلم "جیلر 2 ” کے ٹیزر نے تہلکہ مچا دیا

کنگنا نے کہا کہ تو دیکھتے ہیں کہ وہ فلم دیکھنا چاہیں گی یا نہیں، میرے خیال میں یہ فلم ایک واقعے اور ایک شخصیت کی بہت ہی حساس اور سمجھدار تصویر کشی ہے۔

پاکستان کبھی بھی امریکا کا اتحادی نہیں رہا، جان کربی

0

امریکا کی نیشنل سیکیورٹی کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ پاکستان کبھی بھی امریکا کا اتحادی نہیں رہا ہے اور نہ ہی ایسا کوئی معاہدہ ہوا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق امریکی نیشنل سیکیورٹی کے ترجمان جان کربی نے واشنگٹن میں بائیڈن انتظامیہ کی خارجہ پالیسی پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ اتحاد کا کبھی کوئی معاہدہ نہیں تھا اور نہ کبھی وہ امریکا کا اتحادی رہا ہے۔

جان کربی نے کہا کہ دہشتگردی کے خطرات سے نمٹنے کیلیے پاکستان کے ساتھ شراکت داری رہی۔ پاکستانی عوام سرحد پار سے آنے والی دہشتگردی کے تشدد کا شکار ہیں۔ دہشتگردی خطرات سے نمٹنے کیلیے پاکستان کیساتھ کام کرنے کا عزم تبدیل نہیں ہوگا۔

بائیڈن انتظامیہ کے مشرق وسطیٰ میں امن قائم کرنے میں ناکامی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے جان کربی نے کہا کہ اگر اسرائیل اور حماس میں معاہدہ ہوتا ہے تو یہ وہ ہوگا، جس کی کوشش بائیڈن انتظامیہ نے کی۔

امریکی قومی سلامتی کے ترجمان نے روس یوکرین جنگ روکنے میں ناکامی کے سوال پر کہا کہ ہم یوکرین جنگ کا خاتمہ دیکھنا چاہتے ہیں، لیکن ہم زیلنسکی پر مذاکرات کیلیے اپنی مرضی مسلط نہیں کر سکتے جب کہ ایسا بھی کوئی ثبوت نہیں دیکھا کہ مذاکرات کے لیے روسی صدر پیوٹن کوئی دلچسپی رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا چاہتا ہے کہ زیلنسکی اگر مذاکرات میں جائیں تو مضبوط پوزیشن میں جائیں۔ میدان جنگ میں یوکرین کی کامیابی کیلیے امریکا اور دیگر ملکوں نے رہنمائی کی ہے۔

کیوبا سے متعلق امریکا کا اہم اعلان

0
کیوبا

واشنگٹن: امریکا نے کیوبا کو دہشت گردی کے سرپرستوں کی فہرست سے نکالنے کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بائیڈن انتظامیہ نے منگل کو کہا ہے کہ وہ کیوبا کو دہشتگردی کے سرپرستوں کی اپنی ’بلیک لسٹ‘ سے نکال دے گا، کمیونسٹ ملک نے امریکا کے اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے 553 قیدیوں کو رہا کرنے کا اعلان کر دیا۔

کیوبا کے صدر نے پابندیوں کو کم کرنے کے بائیڈن کے فیصلے کو ’درست‘ قرار دیتے ہوئے تعریف کی، لیکن کہا کہ یہ اقدامات بہت دیر سے کیے گئے ہیں۔

امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ممکنہ طور پر اگلے ہفتے ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ عہدہ سنبھالنے کے بعد واپس لیا جا سکتا ہے۔ روئٹرز کے مطابق جو پابندیاں ہٹائی جا رہی ہیں ان میں وہ بھی شامل ہیں جو ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی پچھلی مدت کے دوران لگائی تھیں، اگر یہ اقدام برقرار رہتا ہے تو یہ اوباما کے دور کے بعد سے امریکا اور کیوبا کے تعلقات میں سب سے اہم پیش رفت ہوگی۔

یہ ایک افسوس ناک امر ہے کہ کیوبا پر ابھی بھی 1962 سے جاری امریکی پابندیاں برقرار ہیں، ان قیدیوں کو جولائی 2021 میں ہونے والے مختلف مظاہروں کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ ٹرمپ کیوبا کے ایک سخت ناقد ہیں، اور انھوں نے جزیرے (کیوبا) کو دہشت گردی کا ریاستی سرپرست قرار دے دیا تھا، ٹرمپ نے ابھی تک ان اقدامات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے، تاہم اس سے قبل وہ اس کمیونسٹ ملک پر اپنا سخت گیر مؤقف واضح کر چکے ہیں۔

بیویاں ساتھ جاتی ہیں تو ٹیم ہار جاتی ہے! بی سی سی آئی نے اہم فیصلہ کرلیا

0

بی سی سی آئی نے بھارتی کرکٹ ٹیم کی مسلسل ناکاموں پر نئی پالیسی لانے کا فیصلہ کرلیا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی نے بھارتی کرکٹرز کی فیملیز کیلیے نئی ایس او پیز لانے کا فیصلہ کرلیا ہے، کیونکہ بیویاں ساتھ جاتی ہیں توٹیم ہارجاتی ہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے مطابق کھلاڑیوں کی بیویوں اور اہلخانہ کو پورے دورے میں ساتھ سفر کی اجازت نہیں ہوگی، 45 دن سے زیادہ چلنے والے ٹورنامنٹ یا سیریز کیلیے اہلیہ کھلاڑی کیساتھ صرف چودہ دن رہ سکتی ہے، مختصر دوروں کے لیے قیام کی حد صرف سات دن ہوگی۔

دوسری جانب آسٹریلیا کے خلاف عبرتناک شکست کے بعد سے بھارتی ٹیم اور کوچ گوتم گمبھیر تنقید کی زد میں ہیں، ایسے میں سابق انگلش کرکٹر بھی میدان میں آگئے۔

ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کو 10 سال بعد بارڈر- گواسکر ٹرافی ہارنے کے بعد کافی تنقید کا سامنا ہے، انگلینڈ کے سابق بھارتی نژاد اسپنر مونٹی پنیسر نے بھارتی ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کا سخت تنقیدی جائزہ لیتے ہوئے سوال کیا ہے کہ کیا بھارتی کھلاڑی سابق اوپنر کو ٹیم میں ’سنجیدگی‘ سے لیتے ہیں۔

نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف بیک ٹو بیک سیریز ہارنے کی وجہ سے بھارتی ٹیم پہلی بار ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی ہے۔

سابق انگلش اسپنر مونٹی پنیسر نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ شاید گمبھیر پر کام کا بوجھ بہت زیادہ ہے۔ وہ ابھی کوچ کے طور پر راہول ڈریوڈ کی جگہ آئے ہیں، بعض اوقات اس طرح کا فیصلہ کچھ سینئر کھلاڑیوں کے لئے مشکل ہوسکتا ہے۔

سینئر کھلاڑی حقیقت میں سوچ رہے ہوں گے، کچھ سال پہلے وہ ہمارے ساتھی تھے، اب وہ ہمیں بتا رہے ہیں کہ کرکٹ کیسے کھیلی جائے۔

انھوں نے مزید کہا کہ یہ سب چیزیں مشکل ہوسکتی ہیں اور گوتم کا ریکارڈ (بطور بلے باز) آسٹریلیا یا انگلینڈ میں اچھا نہیں ہے، آسٹریلیا میں گمبھیر کی اوسط 23 ہے، انگلینڈ میں بھی اس کی اوسط اچھی نہیں رہی۔

مونٹی پینسر نے کہا کہ وہ سوئنگ ہوتی ہوئی گیند کو اچھی طرح سے نہیں کھیلتے تھے، مجھے لگتا ہے کہ سلیکٹرز سوچ رہے ہوں گے کہ کیا گمبھیر کو بطور کوچ سنجیدگی سے لیا جارہا ہوگا۔

آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کس کھلاڑی کو قرار دیا گیا؟

حکام سوچ رہے ہوں گے کیا ہمیں ٹیسٹ میں گوتم کی جگہ شاید وی وی ایس لکشمن جیسے کسی سابق کرکٹر کو لانا چاہیے، وہ راہول ڈریوڈ سے کافی مماثلت رکھتے ہیں۔

انسداد کرپشن کمیشن نے شیخ حسینہ اور ان کے خاندان کے خلاف مختلف کیسز دائر کر دیے

0
شیخ حسینہ واجد

شیخ حسینہ واجد کے خاندان کے گرد قانون کا گھیرا تنگ ہو گیا، بنگلادیش کے انسداد کرپشن کمیشن نے شیخ حسینہ اور ان کے خاندان کے خلاف مختلف کیسز دائر کر دیے ہیں۔

شیخ حسینہ واجد، ان کی بہن صائمہ واجد اور دیگر افراد پر الزام ہے کہ انھوں نے غیر قانونی طریقے سے اراضی حاصل کی تھی۔ انسداد کرپشن کمیشن نے شیخ حسینہ، صائمہ واجد اور 14 دیگر افراد پر طاقت کا غلط استعمال کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

شیخ حسینہ کی بھانجی اور برطانوی وزیر ٹیولپ صدیق پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انھوں نے کرپشن کرنے کی کوشش کی، 2015 میں روس کے ساتھ معاہدے میں جوہری پلانٹ کی قیمت بڑھانے کے معاملے پر بھی تحقیقات جاری ہیں، شیخ حسینہ کے خاندان کے خلاف 3.9 ملین پاوٴنڈ کی بدعنوانی کے الزامات لگائے گئے ہیں، جن کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

حسینہ واجد کی بھانجی کرپشن الزامات پر برطانوی وزیر کے عہدے سے مستعفی

ٹیولپ صدیق پر الزام ہے کہ انھوں نے 10 ارب پاوٴنڈ کے روپور پاور پلانٹ منصوبے میں کرپشن کی، ٹیولپ صدیق اور ان کے خاندان کے دیگر ارکان کے خلاف کرپشن کی تحقیقات جاری ہیں اور بنگلادیش میں ان کے خلاف قانونی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

شیخ حسینہ اور ان کے حکومتی اقدامات کے خلاف عالمی عدالت میں نسل کشی اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات بھی دائر کیے گئے ہیں، بنگلادیش میں شیخ حسینہ اور ان کے خاندان کے دیگر افراد کے خلاف گرفتاری کے احکام جاری کیے گئے ہیں، جب کہ 45 سابق وزرا کے خلاف بھی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔

سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا شیخ حسینہ کی کرپشن ثابت ہو جانے کے بعد حسینہ مودی گٹھ جوڑ بھی عالمی سطح پر عیاں ہو جائے گا اور اس کے خلاف بھی تحقیقات کی جائیں گی؟