ہوم بلاگ صفحہ 11767

سگی چاچی جلاد بن گئی، کمسن بھتیجا بلند عمارت سے باہر پھینک دیا

0

نئی دہلی : درندہ صفت خاتون نے تین سالہ بچے کو مبینہ طور پر دو منزلہ عمارت سے نیچے پھینک دیا۔

بھارتی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سگی چاچی کی درندگی کا یہ افسوسناک واقعہ بھارتی ریاست تلنگانہ کے شہر حیدرآباد میں پیش آیا۔

متاثرہ بچے کی خالہ کا کہنا ہے کہ ان کی بہن کی دیورانی کی شادی گزشتہ برس ہوئی تھی تاہم ایک سال گزرنے کے باوجود وہ اولاد کی نعمت سے محروم تھی اور یہی وجہ تھی کہ وہ اکثر دلبرداشتہ رہتی تھی۔

ملزمہ ہمیشہ نعمان(متاثرہ بچہ) کو نقصان پہنچانے کےلیے فراغ میں رہتی تھی اور اب موقع ملتے ہی اس نے تین سالہ نعمان کو دوسری منزل سے نیچے پھینک دیا جس کے باعث اس کی موت واقع ہوگئی۔

حفیظ شیخ کی ناکامی کے بعد وفاقی وزرا کی پریس کانفرنس، الیکشن کمیشن نے نوٹس لے لیا

0

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے سینیٹ الیکشن میں حفیظ شیخ کی ناکامی کے بعد وفاقی وزرا کی پریس کانفرنس کا نوٹس لےلیا ، شاہ محمود قریشی کی قیادت میں حکومتی ٹیم نے الیکشن کمیشن پر الزامات لگائے۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے سینیٹ الیکشن میں حفیظ شیخ کی ناکامی کے بعد وفاقی وزرا کی پریس کانفرنس کا نوٹس لیتے ہوئے پیمرا سے وفاقی وزرا کی پریس کانفرنس کا ریکارڈ طلب کر لیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ریکارڈ کا جائزہ لے کر مزید کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا، شاہ محمود قریشی کی قیادت میں حکومتی ٹیم نے الیکشن کمیشن پر الزامات لگائے۔

یاد رہے سینیٹ انتخابات میں بڑے اپ سیٹ کے بعد حکومتی وزرا کی مشترکہ پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عوام اور تحریک انصاف کے کارکنان سینیٹ انتخابات کے نتائج کے بعد مایوس نہ ہوں، وقت آنے پر سب معلوم ہوجائے گا کہ کون کہاں کھڑا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن شفاف الیکشن کرانےمیں ناکام رہا،سینیٹ میں اس باربھی ضمیر وں کےسودےہوئے، ’ہمیں اندازہ تھا کہ ضمیر کے سودا گر جمہوریت کے نام پر اراکین کے ضمیر خریدیں گے اور سینیٹ انتخابات میں منڈی لگے گی جہاں اراکین کی خرید و فروخت کی جائے گی‘۔

وفاقی وزیر نے کہا تھا کہ ’آج کے نتائج سے ثابت ہوگیا کہ وزیراعظم کو مؤقف درست تھا، ہم نے اپوزیشن کو پیش کش کی تھی کہ آئیں ہم ہارس ٹریڈنگ کو ختم کریں اور خفیہ بیلٹنگ کا راستہ روکیں، ہم نےآئینی ترمیم کی کوشش کی اور ایک بل ایوان میں لائے مگر عوام نے دیکھا کہ اپوزیشن نےکس طرح بل کی مخالفت کی،ہم نےسپریم کورٹ کےفیصلےکو کھلےدل سےقبول کیا‘۔

سعودی عرب: تجارتی مراکز اور عوامی مقامات پر موجود شہری ہوجائیں ہوشیار!

0

ریاض: سعودی عرب میں مختلف تجارتی مراکز اور عوامی مقامات پر احتیاطی تدابیر(ایس او پیز) کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانوں کا سلسلہ جاری ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی صوبے جازان کے شہر صامطہ میں تفتیشی ٹیم نے مختلف علاقوں کو دورہ کیا اس دوران ماسک سمیت دیگر احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی پر 5 افراد پر جرمانے عائد کیے۔

رپورٹ کے مطابق صامطہ کے کمشنر احمد بن عبد اللہ زعلہ کی نگرانی میں مشترکہ کمیٹی نے کارروائیاں کیں۔ کمیٹی میں کمشنری، پولیس، بلدیہ اور محکمہ صحت کے اہلکار شامل تھے۔

متعلقہ اداروں نے شہر کی مختلف مارکیٹوں، دکانوں، ریستورانوں اور پبلک مقامات کا دورہ کیا۔

کمیٹی نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ ایس او پیز پر عمل درآمد ہر صورت یقینی بنائیں، دورے کے موقع پر ایک دکان کو بھی سیل کیا گیا۔

جبکہ چھوٹی موٹی خلاف ورزیوں پر متعدد دکانداروں کو نوٹس جاری کیے گیے ہیں۔

زرداری ، نواز شریف اورفضل الرحمان کا وزیراعظم سے فوری استعفے اور نئے الیکشن کا مطالبہ

0

اسلام آباد : سابق آصف علی زرداری نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور جمیعت علما اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم سے فوری استعفے اور نئے الیکشن کا مطالبہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سابق آصف علی زرداری نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور جمیعت علما اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری نے دونوں رہنماؤں کا یوسف رضا گیلانی کی کامیابی یقینی بنانےپرشکریہ اداکیا ،فضل الرحمان نے کہا گیلانی  مشترکہ امیدوار  تھے ان کی کامیابی پی ڈی ایم کی کامیابی ہے۔

ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف زرداری ، نواز شریف اور فضل الرحمان نے وزیراعظم سے فوری استعفے اور نئے الیکشن کا مطالبہ کردیا۔

رابطے میں رہنماؤں نے کہا ہم نے حکمت عملی سے حکومتی امیدوار کو شکست دی ، حکومتی اراکین رابطے میں ہیں وہ ان سے تنگ ہیں، اسی اتحاد سے عمران خان کوجلد اقتدار سےرخصت کریں گے۔

تینوں رہنماؤں کے درمیان پی ڈی ایم کی مستقبل کی حکمت عملی اور لانگ مارچ کی تیاریوں پر بھی بات چیت کی گئی ، آصف زرداری نے کہا پی ڈی ایم پلیٹ فارم سے چیئرمین سینیٹ کے امیدوار کا فیصلہ کریں گے۔

کرونا وار نے گہن لگادیا، پی ایس ایل 6 ملتوی

0

کراچی: کرونا کیسز کے بڑھتے وار نے پاکستان کی سب سے مشہور لیگ پی ایس ایل کو گہن لگادیا جس کے باعث پاکستان سپر لیگ سیزن سکس کو ملتوی کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ مشکل فیصلہ کرونا کے بڑھتے کیسز کے باعث پی ایس ایل انتظامیہ اور ٹیم مالکان کے درمیان ہنگامی اجلاس میں کیا گیا، ورچوئل اجلاس میں کرونا کیسز بڑھنے کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ التوا کا فیصلہ لیگ میں سات کرونا کیسز سامنے آنے کے بعد کیا گیا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ پی ایس ایل سے متعلق تین بجے اہم پریس کانفرنس کرے گا

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی فوری طور پر تمام ٹیموں کی پی سی آر ٹیسٹنگ کے لیے اقدامات کرے گا اور ایونٹ میں شامل تمام ٹیموں کی کرونا ویکسینیشن اور آئسولیشن سہولیات کےاقدامات بھی کرے گا۔

پی ایس ایل انتظامیہ کی لاپرواہی اور غیر ذمہ داری کے باعث پی ایس ایل کو ملتوی کرنا پڑا، ٹورنامنٹ کے دوران کھلاڑیوں اور حکام کو کرونا سے محفوظ رکھنے کے لئے مناسب اقدامات نہیں کئے گئے، پی ایس ایل کھلاڑی اور حکام جس ہوٹل میں ٹھہرائے گئے تھے وہاں شادی کی تقریبات چلتی رہیں۔

یہی نہیں پی ایس ایل کھلاڑیوں کے ساتھ لوگوں کو ہوٹل کی لفٹ میں آتے جاتے دیکھا گیا، پی ایس ایل انتظامیہ نے کھلاڑیوں کو نہ ہی ایس او پیز سے آگاہ کیا،نہ ہی کوئی خاطر خواہ اقدامات کئے گئے۔پی ایس ایل سیزن 6 کے لئے استنبول میں ہونے والی افتتاحی تقریب پربڑی رقم لگائی گئی، مگر کھلاڑیوں کی حفاظت کیلئے کچھ نہ کیا گیا، لیگ میں شامل کھلاڑیوں اور حکام کے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر بھی ہنگامی اقدامات نہیں کئے گئے۔

اربوں روپے کی سرمایہ کاری کے باوجود پی ایس ایل انتظامیہ اور پی سی بی کی غیر سنجیدگی نظر آئی، ایونٹ کے دوران فرنچائز مالکان کو ایس اوپیز سے متعلق اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

پی ایس ایل کے آغاز سے اب تک سات افراد کووڈ کا شکار ہوچکے ہیں، جس کے باعث کراچی کنگز سے تعلق رکھنے والے ڈین کرسچن نے بھی پی ایس ایل 6 سے دستبرداری کا فیصلہ کیا تھا، آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے کراچی کنگز کے آل راؤ نڈر 12 بجے کی فلائٹ سے دبئی روانہ ہوجائیں گے۔

واضح رہے کہ آج پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 6 میں شامل دو ٹیموں کے مزید تین کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے تھے، علامات ظاہر ہونے پر گزشتہ روز دوپہر میں ان کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ کروائے گئے تھے، جس کے باعث ان کھلاڑیوں نے بدھ کے روز منعقدہ میچز میں شرکت نہیں کی تھی۔

اس سے قبل پی ایس ایل 6 میں تین کھلاڑیوں اور ایک آفیشل میں کرونا کی تصدیق ہوئی تھی ، جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے فواد احمد اور لوئس گریگری اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ٹام بینٹن شامل تھے۔

کرونا مثبت آنے کے بعد تینوں کھلاڑیوں اور کراچی کنگز کے فیلڈنگ کوچ کامران خان کو دس دن کے لیے فوری طور پر قرنطینہ کردیا گیا تھا۔

یاد رہے اسلام آباد یونائیٹڈ کے آسٹریلوی اسپنر فواد احمد کرونا وائرس میں مبتلا ہوئے تھے جس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا میچ ایک روز کے لیے ملتوی کردیا گیا تھا۔

مچھروں کیلئے جلائے گئے کوائل نے آشیانہ جلادیا، معمر خاتون ہلاک

0

نئی دہلی : مچھر بتی(کوائل) جلانے سے جھونپڑی میں ہولناک آگ بھڑک اٹھی، ایک خاتون آتشزدگی کی لپیٹ میں آکر موقع پر ہی دم توڑ گئی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست بہار کے شہر کیمور کے برلی گاوٗں میں آتشزدگی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک جبکہ اس کی بہو بری طرح جھلس گئی۔

ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ آگ مچھر بتی (مچھروں کو بگانے والا کوائل) جلانے سے ہوئی۔

میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ 60 سالہ بیوہ نے پھونس سے بنی جھونپڑی میں کوائل جلایا تھا جس کے باعث رات گئے جھونپڑی میں آگ بھڑک اٹھی۔

مقامی افراد نے آگ کے شعلے بلند ہوتے دیکھ کر اس پر قابو پایا تاہم جھونپڑی میں موجود خاتون کو نہ بچاسکے البتہ اس کی بہو دنھیا چلی دیوی کو شدید زخمی حالت میں ریسکیو کرلیا گیا۔

زخمی خاتون بر طرح جھلس چکی ہے جسے مقامی اسپتال کے برن سینٹر میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

عمران طاہر کا مرحوم دوست کو نرالے انداز میں خراج تحسین

0

کراچی: پی ایس ایل میں شامل جنوبی افریقہ کے لیگ اسپنر عمران طاہر اپنی خوش مزاجی کے باعث نمایاں مقام رکھتے ہیں، گذشتہ روز ہونے والے میچ میں عمران طاہر کی غیر معمولی حرکت نے شائقین کرکٹ کے دل جیت لئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز پی ایس ایل 6 کے 14ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو22 رنز شکست دے کر پہلی کامیابی حاصل کی اور کوئٹہ کی کامیابی کے ساتھ ٹاس جیت کر میچ جیتنے کی روایت بھی ٹوٹ گئی۔

میچ کی خاص بات جو شائقین کرکٹ کے دل میں گھر کر گئی وہ کوئٹہ کیخلاف میچ میں ملتان سلطانز کے لیگ اسپنر عمران طاہر کا اپنے پرانےدوست اور سابق فرسٹ کلاس کرکٹر طاہر مغل کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا۔

کل کوئٹہ کے خلاف وکٹ حاصل کرنے کے بعد عمران طاہر نےجرسی اتار کر جشن منایا،جس پر لکھا تھا کہ‘‘ مجھے ہر چیز سکھانے کیلئے شکریہ برادر، میں آپ کی کمی ہمیشہ محسوس کروں گا، اللہ آپ کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا کرے ۔شکریہ”

 عمران طاہر کا کہنا تھا کہ میراکیریئر بنانےمیں طاہرمغل کا اہم کردار ہے

طاہر مغل پاکستان کی تاریخ کے ان چند باؤلرز میں شامل تھے جنہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 500 سے زیادہ وکٹیں حاصل کی تھیں، طاہرمغل دو ماہ قبل کینسرکے باعث انتقال کرگئے تھے۔

ایف بی آر کے بے نامی زون کراچی کی اہم کامیابی

0
ایف بی آر جعلی رسیدوں

کراچی: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے بے نامی زون کراچی کو اہم کامیابی ملی، عبدالغفار نامی شخص کے شناختی کارڈ پر 15 گاڑیوں کی رجسٹریشن کا انکشاف ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بے نامی زون کراچی کی کارروائی کے دوران عبدالغفار نامی شخص کے شناختی کارڈ پر 15 گاڑیوں کی رجسٹریشن کا انکشاف ہوا، شہری نے تحریری بیان اینٹی بے نامی زون کراچی کو دے دیا۔

عبدالغفار کا کہنا ہے کہ میرے نام سے رجسٹرڈ تمام 15 گاڑیوں سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے۔

اس نے کہا کہ میں نہیں جانتا ان گاڑیوں کا اصل مالک کون ہے، کسی نے میرے شناختی کارڈ کا غلط استعمال کیا ہے، تمام گاڑیوں کی رجسٹریشن میرے نام سے منسوخ کردی جائے۔

ذرایع اینٹی بے نامی زون کے مطابق تمام بے نامی گاڑیوں کو ضبط کرکے نیلام کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ بے نامی گاڑیوں سے حاصل رقم قومی خزانے میں جمع کرائی جائے گی۔

کیا خلا میں لگژری ہوٹل بننے جارہا ہے؟

0

دنیا کے مختلف ممالک کی جانب سے خلا میں کی جانے والی تحقیقوں کو دیکھ کر لگتا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب زمین سے خلا میں جانے والے سیاحوں کی قطاریں کھڑی ہوں، اسی متوقع صورتحال کو دیکھتے ہوئے خلا میں پہلا ہوٹل بنانے کی تیاری شروع کردی گئی۔

بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق دنیا کے پہلے خلائی ہوٹل ووئجر اسٹیشن کے ابتدائی ڈیزائن کو سامنے لایا گیا ہے، توقع کی جا رہی ہے کہ یہ ہوٹل سنہ 2027 تک اپنی سروس شروع کر دے گا۔

ہوٹل میں ہر ہفتے 100 سیاحوں کے رہنے کی گنجائش ہوگی، خلائی پورٹ بنانے کے لیے شروع کیے جانے والے گیٹ وے فاؤنڈیشن نامی ادارے نے اس ہوٹل کے ابتدائی ڈیزائن کو پیش کیا ہے۔

خلا کا یہ پہلا ہوٹل پہیے کی شکل میں 190 قطر میں ہوگا اور یہ چاند کی طرح گردش کرے گا تاکہ چاند کی سطح پر موجود قوت حاصل کر سکے، اس کا مطلب ہے کہ یہ ہوٹل مکمل طور پر مصنوعی کشش ثقل (آرٹی فیشل گریوٹی) پر انحصار کرے گا۔

گیٹ وے فاؤنڈیشن کے مطابق خلائی ہوٹل میں 24 لگژری یونٹس ہوں گے، جن میں سے ہر ایک میں خواب گاہ بھی ہوگی۔

اسی طرح دیگر سہولیات زندگی بھی فراہم کی جائیں گی، تعطیلات سے لطف اندوز ہونے کے لیے ہوٹل میں تفریحی سہولیات جیسے عمدہ ریستوران اور سینما گھر بھی ہوں گے۔

اگرچہ ادارے نے ابھی تک ہوٹل میں ایک رات ٹھہرنے کے کرائے کے بارے میں نہیں بتایا، لیکن کہا جا رہا ہے کہ یہ دنیا کے امیر ترین افراد کے لیے محدود مواقع میں دستیاب ہوگا۔

سینیٹ الیکشن میں پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی ، پی ٹی آئی کے 2 اراکین کو نوٹسز جاری

0

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قائمہ کمیٹی برائے نظم و احتساب نے پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر تحریک انصاف نے دو اراکین سندھ اسمبلی کو نوٹسز جاری کردیئے۔

تفصیلات کے مطابق پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر تحریک انصاف نے دو اراکین سندھ اسمبلی کو اظہارِ وجوہ کے نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔

اظہارِ وجوہ کے نوٹسز مرکزی قائمہ کمیٹی برائے نظم و احتساب کے چیئرمین سلمان آفتاب کی جانب سے اسلم ابڑو اور شہریار خان شر کو جاری کیے گئے ہیں، جس میں دونوں اراکین کے خلاف سات روز میں کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تحریک انصاف مغربی ریجن کی قائمہ کمیٹی برائے نظم و احتساب دونوں ایم پی ایز کیخلاف کارروائی کرے گی۔

یاد رہے گذشتہ روز سینیٹ الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رہنماؤں اسلم ابڑو اور شہریار شر نے پیپلزپارٹی کو ووٹ دیا، پولنگ کے موقع پر اسلم ابڑو نے کہا تھا کہ ضمیر کے مطابق پیپلز پارٹی کو ووٹ دوں گا۔

پی ٹی آئی کے ناراض رہنما شہریار شر کا کہنا تھا کہ جہاں ان کا ضمیر مانا انہوں نے اسے ووٹ کاسٹ کیا ہے۔

خیال رہے ایوان بالا میں پاکستان تحریک انصاف 26 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہیں ، پیپلزپارٹی دوسری ، مسلم لیگ ن تیسری جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی چوتھی بڑی جماعت بن گئی ہے۔