جمعہ, مئی 17, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 11786

پولنگ بوتھ میں خفیہ کیمروں کے معاملے کی شفاف تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل

0

اسلام آباد : سیکریٹری سینٹ قاسم صمد نے پولنگ بوتھ میں خفیہ کیمروں کے معاملے کی تحقیقات کیلئے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی اور کہا کیمرے کے معاملے کی مکمل شفاف انکوائری ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق سیکریٹری سینٹ قاسم صمد نے پولنگ بوتھ میں خفیہ کیمروں کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے کہا کیمرے کے معاملے کی مکمل شفاف انکوائری ہوگی۔

وفاقی وزیرفواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرسیکریٹری سینیٹ کی جانب سے کیمروں پر کمیٹی بنانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا اس سے پہلے مصدق ملک ،مصطفی نوازوائرنگ کوکیمرےسمجھ کراکھاڑدیں۔

خیال رہے پولنگ بوتھ میں کیمروں کی تنصیب پر حکومت اپوزیشن آمنے سامنے ہیں ، مسلم لیگ ن کے مصدق ملک اور پیپلز پارٹی کے مصطفیٰ نوازکھوکھرنے ٹوئٹر پر تصاویر اورویڈیو شیئر کردی۔

ن لیگ کے رہنما مصدق ملک نے کہا پولنگ بوتھ میں دو کیمرے لگائے گئے، ایک لیمپ پڑا تھا جس میں بے شمار سوراخ تھے، پولنگ بوتھ کے سائیڈ پر ڈیوائس چپکی ہوئی تھی۔

پیپلز پارٹی کے مصطفیٰ نوازکھوکر کا کہنا تھا کہ اس کی ذمہ داری چیئرمین سینیٹ اور ان کے عملے پر ہے، مقصد الیکشن چوری کرنا تھا، چوری پکڑی گئی، ذمہ داروں کاتعین کرنا ہے۔

دوسری جانب وزیراطلاعات شبلی فرازنے اپوزیشن پر سینیٹرز کے پولنگ بوتھ میں کیمرہ لگانے کا الزام لگاتے ہوئے واقعےکی تہہ تک جانے اور کرداروں کو بے نقاب کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

کتنے ووٹ حاصل کرنے والا چیئرمین سینیٹ بنےگا؟ سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن نے بتادیا

0

اسلام آباد: سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب سے متعلق اہم نقطہ پیش کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اے آر وائی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کنور دلشاد نے بتایا کہ ایوان میں بیٹھے سینیٹرز کی موجودگی میں زیادہ ووٹ لینےوالا جیتے گا، اسوقت ایوان بالا میں 99 سینیٹرز ہیں، ننانوے سینیٹرز میں سے 45ووٹ لینے والا امیدوار کامیابی حاصل کرلے گا۔

سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے واضح کیا کہ ووٹ برابر ہوئے تو دوبارہ الیکشن ہوتا ہے، دوسری بار بھی ووٹ برابر ہوئے تو پھر تیسری بار آپشن ہوگا۔

آج پارلیمانی سیاست میں بڑا اہم دن ہے، آج ایوان بالا میں چیئر مین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب آج ہوگا، چیئرمین سینیٹ کیلئے حکومتی امیدوار صادق سنجرانی اور اپوزیشن کے امیدوار یوسف رضا گیلانی جبکہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے پی ڈی ایم کے عبد الغفور حیدری اور حکومت کے مرزا محمد آفریدی میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہیں۔

حکومت کی جانب سے صادق سنجرانی کی کامیابی کے دعوے کئے جارہے ہیں جبکہ پی ڈی ایم کی جانب سے امیدوار یوسف رضا گیلانی کی جیت بلند وبانگ دعوی کئے جارہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  سنجرانی یا گیلانی ، کون ہوگا نیا چئیرمین سینیٹ؟ فیصلہ آج ہوگا

عددی اعتبار کا موازنہ کیا جائے تو اپوزیشن 51 ووٹوں کے ساتھ برتری حاصل کئے ہوئے ہے جبکہ حکومتی اتحاد کے پاس 48 ووٹ ہیں، جماعت اسلامی کا سینیٹ میں ایک ووٹ ہے اور انہوں نے آج بھی سینیٹ اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔

اپوزیشن اتحاد کے 51 میں سے ایک ووٹ کم ہوگا کیونکہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈارچند سالوں سے بیرون ملک ہیں۔

شہری چلتی ٹرین کی پٹری پر گر پڑا، دل دہلا دینے والی ویڈیو، کمزور دل افراد نہ دیکھیں

0

نئی دہلی: بھارت میں دہشت ناک حادثہ پیش آیا جہاں ایک شہری چلتی ٹرین کی پٹری پر اچانک گر پڑا لیکن خوش قسمتی سے اس کی جان بچ گئی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست گوا میں پیش آئے اس خوفناک واقعے میں ریلوے پروٹیکشن گارڈ نے شہری کی جان بچائی، مذکورہ شخص ریلوے پٹری پر گرا لیکن ریل کے پہیے کی زد میں نہیں آیا۔

رپورٹ کے مطابق شہری پاؤں کی پھسلن کے باعث پٹری کے کنارے والے حصے پر گرا تھا جس کے باعث وہ محفوظ رہا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹرین پر چڑھتے ہوئے اس کے ساتھ یہ حادثہ رونما ہوا۔

جس کے فوراً بعد اطراف میں موجود ریلوے پروٹیکشن گارڈ نے اپنی پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کیا اور متاثرہ شخص کو کھینچ کر پٹری سے اوپر لے آیا، البتہ شہری کی شناخت سامنے نہیں آئی۔

چیئرمین سینیٹ کا انتخاب :صادق سنجرانی اوریوسف رضاگیلانی کے کاغذات نامزدگی منظور

0

اسلام آباد : چیئرمین سینیٹ کیلئے صادق سنجرانی اور یوسف رضاگیلانی کے کاغذات نامزدگی منظور کرلئے گئے ، چیئرمین سینیٹ کے لیے رائے شماری 3 بجے ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی سینیٹ کیلئے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے، چیئرمین سینیٹ کیلئے صادق سنجرانی اور یوسف رضاگیلانی نے کرائے جبکہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے مرزاآفریدی اور غفور حیدری نے جمع کرائے۔

کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے بعد چیئرمین سینیٹ کیلئے صادق سنجرانی، یوسف رضاگیلانی اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے مرزاآفریدی اور غفور حیدری کے کاغذات نامزدگی منظور کرلئے گئے، پریزائیڈنگ آفیسر کا کہنا ہے کہ ووٹ کی سکریسی کو برقرار رکھا جائے گا۔

چیئرمین ،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے امیدواروں سے پولنگ ایجنٹس کے نام طلب کرتے ہوئے سیکریٹری سینیٹ کے پاس نام جمع کرانے کی ہدایت کردی ، پریزائیڈنگ آفیسر نے کہا ووٹ کا تقدس پامال نہیں ہونے دیں گے۔

بعد ازاں صادق سنجرانی کی جانب سے محسن عزیز، یوسف رضا گیلانی نے فاروق ایج نائیک ، مرزا آفریدی کےلئے ہدایت اللہ اور عبدالغفورحیدری نے کامران مرتضیٰ کو پولنگ ایجنٹ مقرر کردیا۔

کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے موقع پر صادق سنجرانی نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا انشااللہ جیت ہماری ہے ، سینیٹ ممبران سے درخواست کرتے ہیں کہ انھیں ووٹ دیں، میں نے ان کے ساتھ کام کیا ہے۔

بعد ازاں یوسف رضا گیلانی نے نے فاروق ایچ نائیک اور عبدالغفور حیدری نےکامران مرتضیٰ کو پولنگ ایجنٹ مقرر کردیا۔

خیال رہے ایوان بالا میں چیئر مین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب آج ہوگا ، چیئر مین سینیٹ کیلئے حکومتی امیدوار صادق سنجرانی اور اپوزیشن کے امیدوار یوسف رضا گیلانی جبکہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے پی ڈی ایم کے عبد الغفور حیدری اور حکومت کے مرزا محمد آفریدی میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہیں۔

چیئرمین سینیٹ بننے کے لیے کم ازکم 51ووٹ درکار ہیں ، نمبر گیم میں اپوزیشن اکیاون ووٹ کے ساتھ آگے ہے اور حکومتی اتحاد کے پاس اڑتالیس ووٹ ہیں جبکہ جماعت اسلامی نے اکلوتا ووٹ کسی کونہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

چیئرمین سینیٹ کا انتخاب کون جیتے گا؟ شیخ رشید نے بڑی پیشگوئی کردی

0
شیخ رشید

اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ میں صادق سنجرانی کو جیتا ہوا دیکھ رہا ہوں، صادق سنجرانی بلوچستان اور مرزا آفریدی پختون بیلٹ کی وجہ سے زیادہ ووٹ لیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا سب کی رائے یہی ہے کہ کیمرے پہلے سے لگے ہوئے ہیں کسی نے لگائے نہیں، جب عمران خان چیخ رہا تھا کہ اوپن بیلٹ الیکشن ہونے چاہئیں، ان دونوں پارٹیوں نے سی اوڈی پر دستخط کررکھے ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں 50 سال سے دیکھ رہا ہوں ہارنے والا تسلیم نہیں کررہا، یہاں تک کہ ٹرمپ اور پیوٹن بھی اپنی ہار تسلیم نہیں کررہے،ہار تسلیم نہ کرنے سے تو ٹکراؤ کی صورتحال پیدا ہوتی ہے، میں سمجھتا ہوں الیکشن سسٹم بری طرح متاثر ہوا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 80ہزار ووٹ سے جیتیں توپھر بھی اگلابندہ پٹیشن پر جاتاہے، صرف پرویزرشید سے کالج میں جیتا تو اس نے مجھے آکرمبارکباددی، بکنے اوربکنےوالوں کی معاشرے میں کمی نہیں،اوپن بیلٹ الیکشن ہوناچاہیے، جمالی صاحب ایک ووٹ سے جیتے تھے وہ ایک ووٹ سے وزیراعظم بنے تھے۔

چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ صادق سنجرانی بلوچستان کی آواز ہیں، مرزا آفریدی بھی پختون بیلٹ میں ایک آدھ ووٹ لینے میں کامیاب ہوجائیں گے، بلوچستان اور قبائلی امیدوار کی وجہ سے صورتحال مختلف ہے ، میں صادق سنجرانی کو جیتا ہوا دیکھ رہا ہوں۔

شیخ رشید نے مزید کہا ان کو بھی اپنی پارٹی کے ایک دو ووٹ نہیں ملیں گے ، کچھ آزاد اور ایک دو ن لیگی بھی سنجرانی کو ووٹ دیں گے، صادق سنجرانی بلوچستان اور مرزاآفریدی پختون بیلٹ کی وجہ سے زیادہ ووٹ لیں گے، مجھے یہ نہیں پتہ کتنے ووٹ پڑیں گے مگر معلوم ہے وہ جیت رہے ہیں۔

سیاسی صورتحال کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کوئی جیتے یا ہارے ،الیکشن سسٹم ہار گیا ہے، پاکستان کی سیاست میں دو تین ماہ کھینچاؤ آئے گااور کافی سیاسی گہما گہمی رہے گی لیکن عمران خان انشااللہ تمام بحران سے ملک کو نکالیں گے۔

حفیظ شیخ کی ناکامی سے متعلق انھوں نے کہا کہ حفیظ شیخ کیخلاف ساری خریدوفروخت آصف زرداری نے کی ، ن لیگ نے ٹکٹ بیچنے کی بات فضول میں کی، آصف زرداری نے ہی تاش لگاکربانٹے پھینٹے اور کھیلے۔

پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار

0

کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں محکمہ انسداد دہشت گردی نے کارروائی کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ لندن کے انتہائی مطلوب دہشت گرد کو گرفتار کرلیا، ملزم پولیس اہلکاروں سمیت دیگر شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی انویسٹی گیشن نے انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن کے انتہائی مطلوب دہشت گرد خواجہ فیصل کو گرفتار کرلیا۔

سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ خواجہ فیصل ٹارگٹ کلنگ کی متعدد واردارتوں میں ملوث ہے، ملزم نے سنہ 2005 میں گلبرگ کے علاقے میں پولیس پر حملہ کیا۔ حملے میں اے ایس آئی اقبال نیازی اور ایک شہری جاں بحق ہوئے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم کی کلنگ ٹیم میں ذاکر، عرفان سندھی، ابو عرفان، یامین اور آصف بڈھا نامی ملزمان شامل تھے۔ ٹیم نے سنہ 2010 میں رسالہ تھانے کی حدود میں 2 مخالفین کو قتل کیا۔

سنہ 2008 میں ڈی ایس پی رحیم بنگش شہید کیس میں ملزم کا چالان ہوا، بعد ازاں ایس پی جیل امان اللہ شہادت کیس میں بھی ملزم کا چالان ہوا۔

سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ملزم ایس ایچ او بریگیڈ ناصر الحسن شہادت کیس میں بھی ملوث تھا، ڈی ایس پی نواز رانجھا کیس میں بھی ملزم پولیس کو ملوث تھا۔

کارروائی کے دوران ملزم سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے جس کا فارنزک کروایا جا رہا ہے، سی ٹی ڈی کی مزید بھی تفتیش جاری ہے۔

کرونا کے بڑھتے کیسز کھیلوں پر اثرانداز ہونے لگے

0

لاہور: صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب میں کرونا کے بڑھتے کیسز نے تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں کو بھی متاثر کیا ہے، کھیلوں سے متعلق حکومت پنجاب نے اب بڑا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پنجاب میں 24گھنٹوں میں کروناکے1632نئےمریض سامنےآئے جبکہ 36مریضوں کاانتقال ہوا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کرونا وائرس کے بڑھتےہوئےکیسز اور احتیاطی اقدامات کے لئے آج کابینہ کمیٹی انسداد کروناکا اہم اجلاس طلب کیا ہے، اجلاس سے قبل حکومت پنجاب کی جانب سے کھیلوں کی سرگرمیاں بند کرنے کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں۔

فوری طور پر لاہور میں جاری قومی ہاکی ٹیم کا اسکلز کیمپ بندکرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کیمپ حکومت پنجاب کی احکامات کی روشنی میں بند کرنےکا فیصلہ کیا گیا اور کیمپ میں شامل کھلاڑیوں کو گھروں کو جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  ہائی پرفارمنس کیمپ، پی سی بی کا اہم فیصلہ

اس سے قبل آٹھ مارچ کو لاہور میں جاری پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہائی پرفارمنس کیمپ کو بھی ختم کردیا گیا تھا، اس کےعلاوہ ہائی پرفارمنس سینٹر میں ویمن کرکٹرز کا فٹنس ٹیسٹ بھی ختم کر دیا گیا تھا۔

کیمپ ختم کرنے کا فیصلہ پی سی بی عملے میں ایک رکن کا ٹیسٹ مثبت آنے پر کیا گیا تھا ،جس کے بعد پی سی بی کے تمام اسٹاف کے کرونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

کورونا کیسز میں تشویشناک حد تک اضافہ، شادی ہال بند کرنے کے حوالے سے اہم خبر آگئی

0
پابندی

لاہور: پنجاب میں کورونا کیسز میں تشویشناک حد تک اضافے کے پیش نظر شادی ہال بند کرنے پر غور کیا جارہا ہے جبکہ پیر سے میلے کے کھیل بھی بند کرنے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز اور احتیاطی اقدامات کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب نے آج کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کا اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں این سی اوسی کے فیصلوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا اور 15مارچ سےتعلیمی اداروں کی چھٹیوں سمیت دیگرامورپرتبادلہ ہوگا جبکہ عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے مزید ضروری اقدامات اٹھانے پر بھی غور کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق صوبے میں کوروناکےباعث شادی ہال بند کرنے پرغور کیا جارہا ہے جبکہ پارکوں میں لگے میلے اور ٹھیلےبھی پیرسے ختم کرنے سے متعلق فیصلے متوقع ہیں۔

اجلاس میں وزیرصحت یاسمین راشد سمیت دیگرصوبائی وزرا اوراعلی افسر شرکت کریں گے جبکہ اعلیٰ عسکری حکام اور ڈویژنل کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گے۔

وزیراعلی عثمان بزدار کاکہناتھا کورونا کے ایکٹو کیسوں کی تعداد 8،693 تک پہنچ چکی ہے، صوبے میں اب تک 5،697 کورونا کے مریض جاں بحق ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران پنجاب میں کورونا کے 36 مریضوں کا انتقال ہوا جبکہ اب تک صوبے میں 34لاکھ اسی ہزار753 کے ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں، کورونا کی موجودہ لہر کو روکنے کیلئے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرنا ہوگا۔

سعودی عرب کے لیے بڑا اعزاز، دنیا معترف

0

ریاض: عالمی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کی بحری ٹرانسپورٹ کا شمار عرب ممالک میں پہلے جبکہ دنیا میں 20 ویں نمبر پر ہوتا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تجارت اور ترقی سے متعلق اقوام متحدہ کی سالانہ کانفرنس "UNCTAD” کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں اعتراف کیا گیا ہے کہ سعودی عرب کی بحری ٹرانسپورٹ بہترین ہے۔

رپورٹ کے مطابق سمندری ٹرانسپورٹ انڈسٹری کے شعبے میں مملکت عرب دنیا میں پہلے جبکہ عالمی سطح پر 20 ویں پوزیشن پر ہے۔ سعودی پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے اپنے لیے اس اعزاز کو کامیابی قرار دیا۔

پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سعودی بحری نقل و حمل 13.5 ملین ٹن تک پہنچ گئی ہے۔

خیال رہے کہ سعودی حکومت اس اہم صنعت سمندری ٹرانسپورٹ انڈسٹری کو وژن 2030 کے تحت ترقی دینے پر کام کر رہی ہے، جس کے ذریعے بڑی مقدار میں تیل کی نقل وحرکت کو بھی یقینی بنائی جائے گی۔

البتہ دیگر شعبوں کی طرح سعودی عرب کی بحری ٹرانسپورٹ بھی وبا کے دوران متاثر رہی تھی۔ جبکہ حکومت موجودہ اور مستقبل کے منصوبوں میں بہتری لاتے ہوئے لاجسٹک خدمات کی ترقی کے حصول کے لیے کوشاں ہے۔

ٹویٹر پر نئے فیچرز کی آزمائش

0

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر نے نئے فیچرز کی آزمائش شروع کردی ہے جو جلد ہی صارفین کے لیے دستیاب ہوں گے۔

بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر نے چند نئے فیچرز کی آزمائش شروع کردی ہے جس سے تصاویر کو دیکھنے کا طریقہ بہتر ہوجائے گا۔

ٹویٹر سپورٹ کی جانب سے مختلف ٹویٹس میں بتایا گیا کہ کمپنی کی جانب سے بڑی تصاویر اور 4 کے اپ لوڈ کو آئندہ چند ہفتوں میں ٹیسٹ کیا جائے گا۔ آئی او ایس اور اینڈرائیڈ میں ایک ٹیسٹ میں جب صارفین ایک تصویر ٹویٹ کرے گا تو کمپوزر میں نظر آئے گا کہ ٹائم لائن میں وہ فوٹو کیسے نظر آئے گی۔

یعنی اب پوری تصویر ٹویٹ میں نظر آئے گی اور کلک کر کے اسے اوپن کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

فی الحال یہ فیچرز آزمائشی مراحل سے گزر رہے ہیں اور کب تک تمام صارفین کو دستیاب ہوں گے، یہ کہنا مشکل ہے۔

اس سے قبل فروری کے اختتام پر بھی کمپنی نے متعدد نئے فیچرز متعارف کروانے کا بھی اعلان کیا تھا، کمپنی کی جانب سے بہت جلد متعدد نئے فیچرز بشمول کمیونٹیز، ٹپنگ اور اکاؤنٹ سبسکرپشن فیچر سپر فالوز کے بارے میں بتایا گیا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ ایکسپلورنگ فیچرز ایسے انفلوائنسرز اور کریٹیئرز کے لیے مددگار ہوگا جو ٹویٹر فالوونگ سے آمدنی حاصل کرنا چاہتے ہیں، جس کے لیے ٹپنگ اور سپر فالوز جیسے فیچرز کا اضافہ کیا جائے گا۔