ہفتہ, مئی 3, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 11959

پنجاب کے صوبائی وزیر کا علیم خان کا ساتھ دینے سے انکار

0

لاہور : پنجاب کے صوبائی وزیر اختر ملک نے علیم خان کا ساتھ دینے سے انکار کردیا اور کہا مشکل وقت میں پارٹی نہیں چھوڑ سکتا۔

لاہور : پنجاب کے صوبائی وزیر اختر ملک نے علیم خان کا ساتھ دینے سے انکار کردیا اور کہا مشکل وقت میں پارٹی نہیں چھوڑ سکتا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے صوبائی وزیر اختر ملک نے علیم خان کا ساتھ دینے سے انکار کردیا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ اختر ملک نے علیم خان کو جواب میں کہا کہ مشکل وقت میں پارٹی نہیں چھوڑ سکتا۔

اختر ملک اور علیم خان کی 2روز قبل ملاقات ہوئی تھی جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اختر ملک سے رابطہ کیا، اختر ملک آج وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کریں گے۔

یاد رہے وزیراعلیٰ پنجاب نے ترین اورسپرمیسی آف پارلیمنٹ گروپ کوملاقات کیلئےبلالیا ہے، ارکان میں خرم لغاری، فیصل جبوانہ عبدالحئی دستی،رفاقت علی ،طاہر رندھاوا شامل ہیں۔

جہانگیر ترین سے الگ ہونیوالے نذیر چوہان بھی وزیراعلیٰ سے ملاقات کریں گے جبکہ ایم این اےریاض فتیانہ،صاحبزادہ محبوب سلطان، امیر سلطان سے بھی ملاقات ہوگی۔

قوم فکر نہ کرے، مہنگائی کی لہر آئی تو نمٹ لیں گے، شوکت ترین

0

اسلام آباد : وزیرخزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے کہہ دیا ہے ہاتھ ہولا رکھیں، عوام پہلے ہی سڑکوں پر ہیں، مزید سختی کریں گے تو ٹھیک نہیں ہوگا، قوم فکر نہ کرے، مہنگائی کی لہر آئی تو نمٹ لیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرخزانہ شوکت ترین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا حکومت کی جانب سے پیٹرول،بجلی کی قیمت میں کمی کی گئی ، 28 فروری سے پہلے بھی سیلزٹیکس ،پیٹرولیم لیوی کی مد میں سبسڈی دی جارہی تھی، پیٹرول کی قیمتیں بڑھنے کی وجوہات عالمی معاملات ہیں۔

شوکت ترین کا کہنا تھا کہ ہم نے سیلز ٹیکس کو صفر کردیا ہے، اتنا بوجھ ہم صرف عوام کی خاطر اٹھارہےہیں، پیٹرولیم مصنوعات پر 104 ارب روپے کی سبسڈی دےرہےہیں، روس،یوکرین جنگ کی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھیں۔

وزیرخزانہ نے مزید بتایا کہ اوورسیز کیلئے سرمایہ کاری پر ٹیکس میں5سال کی چھوٹ دی ہے، حکومت نے صنعتوں کی بحالی کیلئے پیکج دیا، نئی صنعتیں لگانےکیلئے5سال ٹیکس کی چھوٹ دی ہے، 700یونٹ تک استعمال کرنیوالے صارفین کو 5روپے فی یونٹ چھوٹ ملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ روایتی،اور غیرروایتی اقدامات سےبرآمدات 50 ارب ڈالرتک لائیں گے، موثر اقدامات سے تجارتی خسارہ ماضی کی نسبت کم بڑھا ہے، آٹھ ماہ کا تجارتی خسارہ تقریباً500 ملین ڈالر تک کنٹرول میں ہے۔

مہنگائی کے حوالے سے شوکت ترین نے کہا افراط زر کی شرح جنوری میں 12.5 فیصد تھی، فروری میں مہنگائی کی شرح 12.2 فیصد رہی، ٹماٹر کی فصل خراب ہونے سے افراط زر کی شرح اس سطح پر آئی ، عالمی مارکیٹ کے اثرات اگر نہ ہوں تو مہنگائی کی شرح کنٹرول ہوتی۔

وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام کے تحت ریلیف پیکیج پر مشاورت کی، آئی ایم ایف کو اس حوالے سے پریشان نہیں ہونا چاہئے، ہمارے ریونیوز بہتر ہونے سے یہ ریلیف دیا گیا ہے، ریلیف دینے کیلئے کوئی اضافی قرض نہیں لینا پڑ رہا، مختلف مد میں دستیاب ریونیوز کو استعمال کیا جارہا ہے۔

انھوں نے کہا آئی ایم ایف سے کہہ دیا ہے ہاتھ ہولا رکھیں، عوام پہلے ہی سڑکوں پر ہیں، مزید سختی کریں گے تو ٹھیک نہیں ہوگا اور یہ بھی بتادیا کہ سیاسی استحکام پر بات کرنا آئی ایم ایف کا کام نہیں، اسے عوام کے لیے پیکیج پر تحفظات نہیں ہونا چاہیے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت اس وقت نمو کی طرف جارہی ہے،گندم کی اس سیزن میں گزشتہ سال سے 5 سے 6 فیصد نمو ہو گی،اگر مہنگائی میں 6 سے 8 ماہ میں کمی آئی تو ہماری معیشت بہتر ہوگی، قوم فکر نہ کرے، مہنگائی کی لہر آئی تو نمٹ لیں گے۔۔

وزیراعظم کی تقریر کے حوالے سے شوکت ترین نے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کرسکتے، وزیر اعظم کا یہ حق ہے کہ وہ اس پر بات کریں لیکن یورپی یونین کیخلاف بات وزیر اعظم کو عوام میں نہیں کرنی چاہیئے تھی ، وزیراعظم نے بات ردعمل میں کہی ، کوئی ہمیں ڈکٹیٹ نہ کرے کہ پاکستان کو کیا کرنا چاہیئے۔

پھانسی کے مجرم کو بری کرنے کا حکم

0

لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی ہائیکورٹ نے قتل کے مرتکب پھانسی کے مجرم کو بری کرنے کا حکم دے دیا، ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ زخمیوں اور مقتول کی میڈیکل شہادتوں میں واضح تضادات پائے گئے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے پھانسی کے مجرم کو بری کرنے کا حکم دے دیا، ٹرائل کورٹ نے مجرم محمد ندیم کو شاہد ندیم نامی شخص کے قتل میں سزائے موت سنائی تھی۔

ملزم کے وکیل نے عدالت میں کہا کہ زخمیوں اور مقتول کی میڈیکل شہادتوں میں واضح تضادات ہیں، ایک زخمی سے متعلق شہادت آئی کہ اس نےخود کو زخمی کیا۔

وکیل کے مطابق گواہوں کے بیانات بھی ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو تقویت نہیں دیتے۔

ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے مجرم کو بری کرنے کا حکم دے دیا۔

سونا مزید مہنگا ہو گیا

0

کراچی: ملک میں سونا مزید مہنگا ہو گیا ہے، جب کہ ڈالر بھی ملک کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر آ گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ایک تولہ سونے کی قیمت ایک لاکھ 30 ہزار 998 روپے ہوگئی، جب کہ ایک گرام سونے کی قیمت 11 ہزار 231 روپے اور ایک ملی گرام سونا 11 روپے 23 پیسے کا ہو گیا۔

متحدہ عرب امارات میں 10 گرام سونے کی قیمت 2 ہزار 394 درہم ہو گئی، جب کہ ایک گرام سونے کی قیمت 239 درہم اور ایک ملی گرام سونا 23 فلس کا ہو گیا۔

ادھر انٹر بینک میں ڈالر بھی ملک کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر آ گیا ہے، انٹر بینک میں ڈالر 2 پیسے مہنگا ہو گیا، اسٹیٹ بینک کے مطابق ڈالر آج 178 روپے 63 پیسے پر بند ہوا۔

فاریکس ڈیلرز کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر 180 روپے پر فروخت ہو رہا ہے۔

شوہر نے بیوی کو شاپنگ کروا کر علیحدگی اختیار کرلی، لیکن کیوں؟

0

بھارتی شہری نے اہلیہ کی خواہش پر نئے کپڑوں کی خریداری کروائی، بعدازاں اسے ہمیشہ کیلئے میکے چھوڑ دیا۔

بھارتی میں شادی کی تقریبات سے جہیز کا مطالبہ پورا ہونے پر دلہے کی دلہن کو لیے بغیر واپسی اور شادی جوڑوں کی علیحدگی کے واقعات میں آئے روز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

حالیہ واقعے میں شوہر نے نئے کپڑوں کی خواہش پر بیوی کو چھوڑ دیا۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی شہر احمد آباد میں ایک شخص کی اہلیہ نے اس سے نئے کپڑوں کی فرمائش کی۔

بیوی کی خواہش پر بھارتی شہری کپڑے دلانے کو چلا گیا مگر کپڑوں کی خریداری کے بعد بیوی کو یہ کہہ کر میکے چھوڑ آیا کہ اب ہم مزید ساتھ نہیں رہ سکتے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ جوڑا 2016 میں شادی کے بندھن میں بندھا تھا۔

خاتون نے شوہر سے علیحدگی کے بعد تھانے میں رپورٹ درج کرادی، جس میں کہا گیا ہے کہ 2017 میں ناراضگی کی بناء پر دونوں نے علیحدہ رہنا شروع کیا لیکن 4 سال بعد دونوں نے ایک بار پھر ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا۔

خاتون نے الزام لگایا کہ سسرالی انہیں ہراساں کرتے تھے اور تقریباً 15 لاکھ بھارتی روپے کے جہیز کا مطالبہ کر رہے تھے۔

خاتون نے پولیس اسٹیشن میں درج کروائی گئی اپنی شکایت میں کہا کہ اب شوہر سے نئے کپڑے دلانے کی فرمائش کی تو وہ مجھے میکے چھوڑ کر چلے گئے۔

روسی حملوں میں عام لوگوں کا قتل: یوکرینی خاتون اول کا عالمی میڈیا کو کُھلا خط

0

کیئو: یوکرین کی خاتونِ اول نے عالمی میڈیا کے نمائندوں کو خط میں کہا یوکرین پر حملہ خصوصی آپریشن نہیں بلکہ دراصل عام لوگوں کا قتلِ عام ہے۔

تفصیلات کے مطابق یوکرین کی خاتون اول اولینا زیلنسکی نے عالمی میڈیا کے نمائندوں کو کُھلا خط۔ لکھا ، جس میں کہا کہ گزشتہ کچھ دنوں سے جو کچھ ہمارے ملک میں ہورہا ہے اس سب پر یقین کرنا ناممکن ہے۔

اولینا زیلنسکی کاکہنا تھا کہ یوکرین پر حملہ خصوصی آپریشن نہیں بلکہ دراصل عام لوگوں کا قتلِ عام ہے، میرا ملک پرامن تھا، شہر، قصبے اور دیہات عام زندگی سے بھرے ہوئے تھے۔

یوکرینی خاتون اول نے کہا چوبیس فروری کو ہم پر جنگ مسلط کی گئی اور روسی ٹینک یوکرائن کی سرحد پار کر گئے، طیاروں اور میزائلوں کی آوازیں سے ہماری فضا گونج اٹھی۔

انھوں نے عالمی میڈیا کے نمائندوں کو مخاطب ہوتے ہوئے طنزیہ کہا کہ آپ لوگوں نے کیف اور خارکیف سے ہماری خواتین اور بچوں کی پناہ گاہوں اور تہہ خانوں میں پناہ لیتے وقت کی ’شاندار‘ تصاویر دیکھی ہوں گی اور یہی تصاویر ہماری خوفناک حقیقت ہے۔

اولینا زیلنسکی نے لکھا "شاید اس حملے میں سب سے زیادہ خوفناک اور تباہ کن بچوں کی ہلاکتیں ہیں، آٹھ سالہ ایلس سڑک پر اس وقت مر گئی جب اس کے دادا نے اسے بچانے کی کوشش کررہے تھے۔

چار گردوں کیساتھ جنم لینے والا بچہ

0

قاہرہ : مصر میں چار گردوں والے بچے نے جنم لے لیا، بچے کا معائنہ کرنے والے ڈاکٹر حیران رہ گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق چار ماہ کے مصری بچے کو طبعیت میں خرابی کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تو ڈاکٹروں نے بچے کے جسم میں چار گردے ہونے کا انکشاف کیا۔

مصری بچے کی عمر چار ماہ ہوچکی ہے، اور اس دوران بچے کو بار بار قے اور بخار کی شکایات رہی، جس پر اسے اسپتال لایا گیا۔

اسپتال میں ڈاکٹروں نے بچے کا معائنہ کیا تو معلوم پڑا کہ بچے کے جسم میں دو کے بجائے چار گردے موجود ہیں، اس بیماری کو ڈپلیکس کڈنی کہتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مصری ڈاکٹروں نے آپریشن اور دواؤں کے ذریعے بچے کے علاج کا فیصلہ کیا ہے۔

عثمان بزدار کا ناراض ارکان سے رابطوں کا فیصلہ، ترین گروپ کے فیصل حیات کا ملاقات سے انکار

0

لاہور: عثمان بزدار نے ناراض ارکان سے رابطوں کا فیصلہ کر لیا ہے، تاہم اس سلسلے میں ترین گروپ کے فیصل حیات جبوآنہ نے ان کے ساتھ ملاقات سے انکار کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے آج صوبائی وزرا سے مشاورت کی، ملاقات میں اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے اور آئندہ کے لائحہ عمل پر گفتگو کی گئی۔

صوبائی وزرا نے وزیر اعلیٰ پنجاب پر مکمل اعتماد کا اظہار کر دیا، عثمان بزدار نے پنجاب میں بھی ناراض ارکان اسمبلی سے رابطوں کا فیصلہ کیا، اور ناراض ارکان اسمبلی سے رابطوں کے لیے وزرا کو ٹاسک دے دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کو مختلف گروپوں سے ملاقاتوں سے روک دیا گیا ہے، دوسری طرف ناراض اراکین اسمبلی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

‘عثمان بزدار قبول نہیں’، جہانگیر ترین گروپ کا پرویز الہیٰ کو جواب

ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب سے مشیر لائیو اسٹاک فیصل حیات جبوآنہ نے ملاقات سے انکار کر دیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے آج ترین گروپ اور سپر میسی گروپ کے افراد سے رابطہ کیا تھا، اور عثمان بزدار کی آج ترین گروپ کے فیصل حیات جبوآنہ سے ملاقات طے تھی۔

ذرائع کے مطابق فیصل جبوآنہ نے ملاقات کرنے سے انکار کر دیا، وہ اپنے آبائی علاقے جھنگ میں ہی موجود ہیں، فیصل حیات مشیر لائیو اسٹاک اور ترین گروپ کے رہنما ہیں۔

‘عثمان بزدار قبول نہیں’، جہانگیر ترین گروپ کا پرویز الہیٰ کو جواب

0
بزدار

لاہور: جہانگیرترین گروپ نے اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالٰہی سے ملاقات میں اپنا فیصلہ سنادیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک اعتماد جمع ہونے کے بعد پنجاب میں بھی بزدار کی تبدیلی کی بازگشت میں تیزی آگئی ہے۔

پی ٹی آئی کے تین ناراض گروپ سامنے آنے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ عثمان بزدار نے بھی سیاسی حکمت عملی کے تحت اراکین صوبائی اسمبلی سے ملاقاتیں کرنا شروع کردیں ہیں۔

اسی تناظر میں آج جہانگیر ترین گروپ نے اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی سے ان کی خواہش پر ملاقات کی ، ملاقات کرنے والوں میں نعمان لنگڑیال، عون چوہدری ،لالہ طاہر رندھاوا، عبد الحئی دستی ،اجمل چیمہ اور دیگر شامل تھے۔

ملاقات میں چوہدری پرویزالٰہی نے جہانگیر ترین کی خیریت دریافت کی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا, ملاقات میں ترین گروپ نے پنجاب اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد اسمبلی سیکریٹری میں جمع ہونے پر استفسار کیا، جس پر اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ ابھی عدم اعتماد کی تحریک پنجاب اسمبلی میں جمع نہیں ہوئی۔

ملاقات میں جہانگیر ترین گروپ کے وفد نے پرویز الٰہی کو مائنس ون ایجنڈے پر آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ گروپ کا مشترکہ فیصلہ ہے کہ ہمیں عثمان بزدار قبول نہیں،  پنجاب تباہ ہو چکا ہے عوام کے مفاد کے لئے سامنے آنا ہوگا، ہم عثمان بزدار کو ہٹانے نکلے ہیں ہمارا ساتھ دیا جائے کیونکہ عثمان بزدار نے تحریک انصاف کے مخلص ساتھیوں کو مایوس کیا۔

اس موقع پر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ تمام تر صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کرکے ہی تمام فیصلے کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ق تحریک عدم اعتماد پر کس کا ساتھ دے گی ؟ حکومت یا اپوزیشن، واضح ہوگیا

ملاقات میں صوبے اور عوام کی بہتری کیلئےترین گروپ اور پرویزالٰہی نے رابطےجاری رکھنےپر اتفاق کیا، یہ بھی فیصلہ ہوا کہ ترین گروپ کے رہنما جلد چوہدری شجاعت حسین سے بھی ملاقات کریں گے۔

اس سے قبل آج پنجاب کی سیاست میں ڈرامائی تبدیلی ہوئی تھی جہاں حکمران جماعت کی اہم اتحادی مسلم لیگ (ق) نے بھی حکومت کےاتحادی کے طور پر نظرثانی کا اشارہ دے دیا تھا۔

گزشتہ روز تین وفاقی وزرا سے مونس الہیٰ اور طارق بشیرچیمہ کی دوسری ملاقات ہوئی، جس میں رہنماؤں نے واضح کہا کہ اگر پی ٹی آئی کے اپنے ہی پندرہ سے بیس ارکان فلورکراسنگ کرکے اپوزیشن کے ساتھ ہوگئے تو پھر ہمارے لیے مشکل ہوگا کہ ہم مزید حکومت کا ساتھ دیں ، ہم مجبور ہوں گے کہ اپوزیشن کے ساتھ ہوجائیں۔

جانوروں میں جلدی بیماری ، مرغی کے گوشت کی قیمتیں‌ آسمان پر پہنچ گئیں

0

کراچی : جانوروں میں لمپی اسکن وائرس کی موجودگی کے انکشاف کے بعد مرغی کے گوشت کی قیمتیں‌ آسمان پر پہنچ گئیں۔

تفصیلات کے مطابق مویشیوں میں جلدی بیماری پھیلنے کے بعد کراچی میں مرغی کے گوشت کی قیمت میں 200 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا اور 570 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔

کراچی میں زندہ مرغی کی قیمت 370 روپے فی کلو اور گوشت کی قیمت 570 روپے فی کلو ریکارڈ کی گئی۔

فروری کے مہینے میں زندہ مرغی کی قیمت 190 سے 210 روپے فی کلو جبکہ گوشت 350 سے 380 روپے میں فروخت ہوتا تھا۔

خیال رہے لمپی سکن ڈیزیز (ایل ایس ڈی) کی وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے حکومت سندھ نے صوبے بھر میں مویشی منڈیاں بند کر دیں۔

سندھ حکومت کے لائیو سٹاک اور مویشی پالنے کے محکمے نے مویشی منڈیاں بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ، جس میں متاثرہ جانوروں کا گوشت نہ کھانے اور دودھ نہ پینے کا مشورہ دیا ہے۔

محکمہ لائیو سٹاک نے مویشی مالکان کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے بیمار جانوروں کو صحت مند جانوروں سے الگ کریں اور جانوروں کومحفوظ رکھنے کیلئے مچھر مار اسپرے کا استعمال کریں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بیماری خطے کے لیے نئی ہے اس لیے اس کے خلاف کوئی ویکسین موجود نہیں ہے، جو اس کے خلاف استعمال کی جا سکے، اس بیماری سے متاثرہ جانوروں کو ہائی وے اور بھینس کالونی میں واقع کیٹل فارمز میں منتقل کر دیا گیا ہے۔