ہفتہ, مئی 3, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 11958

کراچی کے ہوٹلوں اور ڈھابوں پر مفت کھانا کھانے والے پولیس والوں کیلئے بری خبر

0

کراچی : ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے پولیس افسران و ملازمین کیلئے ہوٹلوں اور ڈھابوں پر مفت کا کھانا پینا فوری طور پر ترک کرنے کا حکمنامہ جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے ہوٹلوں اور ڈھابوں پر مفت کھانا کھانے والے پولیس والوں کیلئے بری خبر آگئی ، ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے سخت حکمنامہ جاری کردیا۔

جس میں کہا گیا ہے کہ پولیس افسران وملازمین مفت کاکھاناپینافوری طورپرترک کردیں، حکمنامہ تینوں زونزکےڈی آئی جیز کو لکھا گیا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ پولیس افسران ،اہلکاروں کیخلاف شکایات موصول ہوتی ہیں، کھانے پینے کی اشیا بغیر رقم یا زیادہ رعایت پر مانگی جاتی ہیں اور پولیس کایہ رویہ اختیارات کےناجائزاستعمال میں شمارہوتا ہے۔

غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ ایک ضمن میں بھتہ بھی گردانا جاتا ہے، ایسا عمل عوام کی نظر میں پولیس کیلئےنفرت کاباعث بنتا ہے۔

کراچی چیف نے خبردار کیا کہ صاف ،واضح پیغام تمام ماتحت پولیس افسران ،ملازمین تک پہنچایا جائے اور غیراخلاقی سرگرمیوں کو فوری طور پر ترک کیا جائے۔

انھوں نے کہا اب اس قسم کی کوئی شکایت نظرانداز نہیں کی جائے گی،سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

بیٹیوں نے ماں کا سر تن سے جدا کردیا

0

کویت میں مقیم دو بیٹیوں نے اپنی سگی ماں کو چھری کے پے در پے وار سے قتل کرکے سر تن سے جدا کردیا۔

خلیجی ریاست کویت میں لرزہ خیز قتل کی واردات منظر عام آئی ہے، جس میں بیٹیوں نے سگی ماں کو بہیمانہ طریقے سے موت کے گھاٹ اتار دیا اور قتل کی پردہ پوشی کیلئے ماں کے سر کو کوڑے دان میں چھپا دیا۔

واقعے کا علم ہونے پر پولیس نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا تو ماں کی سر بریدہ لاش گھر میں پڑی ہوئی تھی جب کہ سر باورچی خانے میں رکھے کوڑے دان میں چھپایا گیا تھا۔

بیٹیوں نے نامعلوم وجوہات کی بناکر سگی ماں کو چھری کے پے در پے وار سے قتل کیا اور سر کاٹ کر الگ کردیا۔

پولیس نے گھر سے دونوں بیٹیوں کو حراست میں لیکر قتل کا مقدمہ درج کرلیا، جس کے بعد دوران تفتیش بیٹیوں نے ماں کے قتل کا اعتراف بھی کرلیا۔

کیوریٹر رشتے دار نہیں، امام الحق کا ناقدین کو جواب

0

کراچی: راولپنڈی ٹیسٹ میں دو سینچریاں بنانے والے امام الحق کا کہنا ہے کہ کیوریٹر نے میری مرضی سے پنڈی اسٹیڈیم کی وکٹ نہیں بنائی تھی، وکٹ بنانے والا میرا رشتہ دار نہیں۔

کراچی میں ورچوئل پریس کانفرنس میں امام الحق نے کہا کہ پنڈی ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچری اسکور کرنے پر بہت خوشی ہوئی، اس میں میری محنت اور والدین کی دعائیں شامل ہیں۔

امام الحق نے کہا کہ پاکستان ٹیم سے باہر رہنے کے دوران مسلسل محنت کرتا رہا، ڈومیسٹک سیزن میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا،موقع ملنے پر کوشش کی کہ ون ڈے کی طرح ٹیسٹ کرکٹ میں بھی اچھی کارکردگی دکھاؤں۔

انہوں نے کہا کہ اچھی کارکردگی پر بہت خوشی ہوئی، تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کروں گا، کراچی ٹیسٹ بہت اہمیت کا حامل ہو گا امید ہے کہ میچ کا نتیجہ سامنے آئے گا۔

ایک سوال کے جواب میں قومی ٹیسٹ ٹیم کے اوپنر بیٹر نے کہا کہ میں کچھ بھی کر لوں، تنقید کا سلسلہ جاری رہے گا، لیکن میں تنقید سے گھبراتا نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پنڈی ٹیسٹ کی پچ پر رمیز راجا کا بیان آگیا

راولپنڈی پچ سے متعلق لب کشائی کرتے ہوئے امام الحق نے کہا کہ پنڈی کی وکٹ بنانے والا میرا رشتے دار نہیں تھا، کیوریٹر نے میری مرضی سے پنڈی اسٹیڈیم کی وکٹ نہیں بنائی تھی، وکٹ گرین ہو نیلی ہو یا پیلی میرا کام پرفارم کرنا ہے۔

امام الحق نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا والے بھی بھی اپنی مرضی کی وکٹیں بناتے ہیں، ہمیں بھی اپنی مرضی کی وکٹ بنانے کا حق حاصل ہے، میرے لیے کپتان اور تھنک ٹینک کی راۓ اہمیت رکھتی ہے۔

پہلا روزہ کب ہوگا؟

0

مسقط : پہلا روزہ کب ہوگا؟ عمان کی وزارت اوقاف و مذہبی امور نے ممنکہ تاریخ کا اعلان کردیا۔

عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عمان کی وزارت مذہبی امور و اوقاف نے رمضان المبارک کے آغاز کی ممکنہ تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔

وزارت اوقاف و مذہبی ماور کا کہنا ہے کہ ماہ رمضان رواں برس تین اپریل کو شروع ہوسکتا ہے کیوں کہ شعبان کا مہینہ عمانی ہجری کیلنڈر کے مطابق 30 دن مکمل کرے گا۔

عمانی حکام کا کہنا تھا کہ شعبان کی 29 تاریخ کی رات جو کہ یکم اپریل 2022 کو ہوگی چاند کو دیکھنا مشکل ہوگا کیوں کہ چاند صرف 15 منٹ کے لیے ظاہر ہوگا جب کہ شعبان کی 30 تاریخ کو چاند پوری آب و تاب سے ظاہر ہوگا جسے عام آنکھ سے بھی دیکھا جاسکے گا۔

بلوچستان میں حکمران جماعت میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے

0

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجوکی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ، بی اے پی پارلیمانی اراکین کے اعزاز میں دیا گیا عشائیہ اختلافات کے باعث منسوخ کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں حکمران جماعت میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے اور وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجوکی مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔

ذرائع نے بتایا کہ بی اے پی پارلیمانی اراکین کےاعزازمیں عشائیہ اختلافات کے باعث نہ ہوسکا۔

گزشتہ رات کے لئے بی اےپی پارلیمانی اراکین کو عشائیہ کے دعوت نامے جاری کئے گئے تھے لیکن بلوچستان عوامی پارٹی کے ناراض اراکین نے عشایئے میں شرکت سے انکار کردیا۔

جام کمال کی مخالفت کرکے ساتھ دینے والے ارکان قدوس بزنجو سے نالاں ہیں، ذرائع نےمزید بتایاکہ وزیراعلٰی میرعبدالقدوس قدوس بزنجو اپنے قریبی ساتھیوں کو لیکر اسلام آباد پہنچ گئے۔

ذرائع کے مطابق عبدالقدوس بزنجو کل چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات کریں گے جبکہ انھوں نے پارٹی کا مشاورتی اجلاس طلب کرلیا، جس میں وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر مشاورت ہوگی۔

‘سمندری ہوائیں بند ، کراچی والے ہوشیار ہوجائیں’

0
Karachi

کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی میں سمندری ہوائیں بند ہونے کے باعث درجہ حرارت میں اضافے کی پیش گوئی کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کراچی میں سمندری ہوائیں بند ہے ، جس کے باعث آج سے درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔

گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت19.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ، ہوا میں نمی کا تناسب 39 فیصدہے جبکہ 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹےمیں کراچی، کوئٹہ ، لاہور، اسلام آباد، پشاورسمیت ملک کےبیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے جبکہ کشمیراورگلگت بلتستان میں موسم سردرہنے اور کہیں کہیں بارش کاامکان ہے۔

پی ایس ایل کیوں نہیں کھیلتا؟ ڈیوڈ وارنر نے وجہ بتادی

0

کراچی: آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے پاکستان سپر لیگ نہ کھیلنے کی وجہ بیان کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے آسٹریلوی بیٹرز ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ پی ایس ایل میں اب تک اس لئے نہیں کھیلا کیوں کہ اس دوران اکثر نیشنل ڈیوٹی پر ہوتا ہوں۔

دورہ پاکستان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہاں سب کچھ مثبت ہے، بہت پیار کرنے والے لوگ ہیں اور کراؤڈ نے بھی ہمیں سپورٹ کیا، اسلام آباد میں بہت انجوائے کیا ہوٹل سے پہاڑوں کے حسین نظاروں نے دل موہ لیا۔

ورچوئل پریس کانفرنس میں ڈیوڈ وارنر نے کراچی میں سینچری بنانے کی خواہش ظاہر کی۔

آسٹریلوی بیٹر نے بھی راولپنڈی کی پچ کو بے جان قرار دیتے ہوئے کہا کہ کراچی میں میچ سے قبل کنڈیشن کا جائزہ لیں گے اور کراچی ٹیسٹ میں کتنے اسپنرز کھیلیں گے اس کا مجھے علم نہیں ہے؟ ہم ایسا میچ چاہتے ہیں جس میں باؤلرز کے لیے بھی مواقع ہو۔

یہ بھی پڑھیں: کرکٹ قوانین پر تنقید کیوں کی؟ سوشل میڈیا صارفین انگلش بولر پر برس پڑے

انہوں نے کہ اکہ امید ہے کراچی میں وکٹ ایسی ہوگی جس میں فینز کو اچھی کرکٹ ملے گی، ہم ہے کہ ہم اپنے گیم پلان کے مطابق کھیلیں، لگتا ہے کہ یہاں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنا زیادہ مفید ہوگا۔

آسٹریلوی بیٹر نے مزید کہا کہ 24 برس کے بعد پاکستان کا دورہ خوش آئند اور کرکٹ کی کامیابی ہے، پی سی بی اور کرکٹ آسٹریلیا نے اس دورے کو ممکن بنانے کے لیے بہت کام کیا۔

ڈیوڈ اورنر نے کہا کہ میں اسپن بولنگ پر راج کرنے والے اپنے ہم وطن آنجہانی شین وارن جیسا بننا چاہتا تھا، وہ عظیم کھلاڑی تھے جنہوں نے دنیا کے بڑے بڑے کھلاڑیوں کو اپنی انگلیوں پر نچایا۔

نسل پرستی : پاکستانی نژاد برطانوی کرکٹرعظیم رفیق مستقبل سے مایوس

0

لندن : انگلش کاؤنٹی کرکٹ کلب یارکشائر کے سابق آف اسپنر پاکستانی نژاد برطانوی کرکٹرعظیم رفیق اپنے مستقبل سے مایوس ہوگئے، ان کا کہنا ہے کہ اب مجھے سچ بولنے کی قیمت ادا کرنا پڑے گی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانوی کرکٹر عظیم رفیق نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کرکٹ کی دنیا میں نسل پرستی کے بارے میں کھل کر بولنے کے بعد اُن کو "روزگار” نہیں ملے گا۔

پاکستانی نژاد سابق آف سپنر نے یارک شائر کاؤنٹی کی جانب سے کھیلتے ہوئے نسل پرستی کا نشانہ بنائے کا الزام لگایا تھا اور کہا تھا کہ ذہنی اذیت کے باعث انہوں نے خودکشی کرنے کا بھی سوچا تھا۔

اکتیس سالہ عظیم رفیق کے انکشافات کے بعد یارک شائر کاؤنٹی کو مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور کئی بڑی کمپنیوں نے کاؤنٹی کی سپانسرشپ معطل کی اور کلب کو بین الاقوامی میچوں کی میزبانی سے روک دیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ یارک شائر کاؤنٹی پر عائد کی گئی یہ پابندی حال ہی میں ہٹائی گئی ہے۔ عظیم رفیق کے بیان کے بعد یارک شائر کاؤنٹی کی سینیئر مینجمنٹ اور کوچنگ اسٹاف کو عہدے چھوڑنا پڑے تھے۔

انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ نے عظیم رفیق کا بیان سامنے آنے کے بعد کھیل میں نسل پرستی کو روکنے کے لیے نئے اقدامات کا اعلان کیا۔ خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق عظیم رفیق نے کہا ہے کہ ان کو بولنے کی اب قیمت بھی ادا کرنا پڑے گی۔

برمنگھم میں ایک کانفرنس کے دوران بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں محسوس کر رہا ہوں کہ اب لوگ مجھ سے رابطہ رکھنے میں خوفزدہ ہیں کیونکہ میں سچ کے لیے لڑتا رہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ میں 31 برس کی عمر میں آپ کے سامنے بے روزگار بیٹھا ہوں اور مجھے ایسی کوئی امید نہیں کہ مستقبل میں بھی کھیل میں کوئی واپس لے گا، ایسے کھیل میں جس کو میں اپنی زندگی میں چاہا۔

عظیم رفیق نے بتایا کہ میں نے سوچا تھا کہ وہ بوجھ جس کو کافی عرصہ سے اٹھا کر پھر رہا ہوں بتا دینے کے بعد کھیل میں واپس آسکوں گا اور اسی میں اپنے جذبے کو بروئے کار لاؤں گا۔

مزید پڑھیں : عظیم رفیق نسلی تعصب معاملہ، یارکشائر کاؤنٹی نے 16 اسٹاف ممبر کو نکال دیا

انہوں نے کہا کہ کھیل کے بعد ان کی خواہش کوچنگ کرنے کی تھی، اس کے ساتھ میں چاہتا ہوں کہ میڈیا میں کھیل پر تبصرے کا کیریئر اختیار کروں۔

عظیم رفیق نے کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ واپسی کیسے ہوگی؟ کیونکہ کھیل حقائق کو تسلیم نہیں کر رہا، یقیناً مجھے واپس آنے میں خوشی ہوگی۔

فلم ‘دی بیٹ مین’ کی اسکریننگ کے دوران اصل ‘بیٹ نے دھوم مچادی

0

امریکا میں بولی ووڈ فلم ‘دی بیٹ مین’ کی اسکریننگ کے دوران تھیٹر میں حقیقی چمگاڈروں نے دھاوا بول دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ انوکھا اور حیرت انگیز واقعہ امریکی ریاست ٹیکساس میں فلم کی اسکریننگ کے دوران پیش آیا، جس اچانک تھیٹر میں چمگاڈر کی انٹری ہوئی۔

چمگاڈر کی انٹری اور تھیٹر میں پرواز کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی جسے اب تک 20 لاکھ صارفین دیکھ چکے ہیں۔

ویڈیو میں تھیٹر انتظامیہ کو چمگاڈر کو باہر نکالنے کی ناکام کوشش کرتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو انٹرنیٹ کی زینت بنی تو صارفین کے تبصروں کی لائن لگ گئی۔

سینیپولیس میں مووی ہاؤس اینڈ ایٹری کا کہنا ہے کہ چمگادڑ کو ممکنہ طور پر ایک مذاق کے طور پر تھیٹر میں چھوڑا گیا تھا۔

تھیٹر کے جنرل مینیجر، ہیڈی ڈینو نے کہا کہ وہ اضافی سیکورٹی کا انتظام کریں گے اور مہمانوں کے داخلے پر تمام بیگ چیک کریں گے۔

فلم ‘دی بیٹ مین کے مرکزی کرداروں میں رابرٹ پیٹنسن اور ‘زوئی کراویز’ اداکاری کر رہے ہیں، جو 4 مارچ کو ریلیز ہوئی۔

2013 کےانتخابات میں دھاندلی کا الزام: ایازصادق کی درخواست پر وزیراعظم کو نوٹس جاری

0

اسلام آباد : سپریم کورٹ نے2013 کےانتخابات میں دھاندلی کے الزامات پر سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی اپیل  پر وزیراعظم عمران خان کو نوٹس جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں ایازصادق کی 2013 الیکشن میں حلقے میں دھاندلی کے الزام سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کیا آپ اس کے بعد الیکشن ہار گئے؟ جس پر ایازصادق نے بتایا کہ جی نہیں ، میں اس کے بعد کوئی الیکشن نہیں ہارا اور مجھ پر کوئی دھاندلی کا الزام بھی ثابت نہیں ہوا۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ یہ 2013 کے الیکشن کا معاملہ ہے، جو غیر مؤثر ہوچکا ہے، ایازصادق نے کہا اس کیس میں مجھ پرجھوٹاالزام عائدکیاگیااورمیری ہتک کی گئی، یہ سیاسی معاملہ اور سیاسی معاملات غیر مؤثر نہیں ہوتے۔

جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ کی ہتک ہوئی تھی تو آپ ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر سکتے ہیں۔

عدالت نے ایاز صادق کی درخواست پر وزیراعظم عمران خان، نادرا اور الیکشن کمیشن کو نوٹسز جاری کر دئیے اور مزید سماعت غیرمعینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔

یاد رہے سال 2013 میں این حلقہ این اے 122 انتخاب میں عمران نے ایاز صادق پر دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے اس حلقے کا انتخاب چیلنج کر دیا تھا اور الیکشن ٹربیونل نے مذکورہ الیکشن کالعدم قرار دے دیا تھا۔

بعد ازاں ایاز صادق نے سپریم کورٹ میں 2013 الیکشن میں حلقے میں دھاندلی کے الزام پر درخواست دائرکی تھی ، درخواست میں عمران خان،الیکشن کمیشن اور نادرا کو فریق بنایا تھا۔