20.6 C
Dublin
منگل, مئی 21, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 12

ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ، متعدد سربراہان مملکت کا اظہار تشویش

0

صوبہ مشرقی آذربائیجان سے واپسی کے دوران ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آنے کی خبر پر مختلف ممالک کے سربراہان مملکت کی جانب سے اظہار تشویش، سلامتی کی دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ کے ساتھ پیش آنے والے حادثے پر شدید تشویش لاحق ہے، انہوں نے صدر رئیسی اور ان کے ہمراہ دیگر تمام افراد کی سلامتی کی دعا کی۔

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اپنے ایک پیغام میں صدر رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی سلامتی کے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

سربراہ یورپی کونسل شارل میشل نے کہا ہے کہ صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے کی خبر کے بعد حالات کا نزدیک سے جائزہ لیا جارہا ہے۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زخارو نے کہا ہے کہ ہم امید کرتے ہیں کہ صدر رئیسی اور ان کے ہمراہ افراد سلامتی کے ساتھ واپس آئیں گے۔

ترکی کے صدر طیب اردگان نے کہا ہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کے ساتھ حادثے کا سن کر انتہائی افسوس ہوا۔

فلسطینی مقاومتی تنظیم تحریک جہاد کے اعلیٰ رہنما علی ابوشاہین نے اس موقع پر ایران کے ساتھ یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے صدر رئیسی اور ان کی ٹیم کی سلامتی کی دعا کی ہے۔

اس کے علاوہ فلسطینی تنظیم حماس کے رہنما عزت الرشق نے بھی صدر رئیسی اور ان کی ٹیم کی سلامتی کی دعا کی ہے۔

آنے والا بجٹ کیسا ہوگا؟ شبر زیدی نے خطرے کی گھنٹی بجادی

0
بجٹ

آئی ایم ایف کی جانب سے وفاقی حکومت سے سرکاری ملازمین کی پنشن اور مراعات سے متعلق قوانین میں ترامیم اور دیگر مطالبات کے بعد آئندہ بجٹ کیسا ہوگا؟

وفاقی حکومت متعدد معاشی چیلنجز کے درمیان مالی سال 2024-25کے لیے اپنے پہلے بجٹ کا اعلان اگلے ماہ جون میں کرنے جا رہی ہے۔

سالانہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 10 سے 15 فیصد تک اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے تاہم حتمی فیصلہ حکومت وزارت خزانہ کی سفارشات کا جائزہ لینے کے بعد ہی کیا جائے گا۔

سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا تنخواہ دار طبقے پر مزید ٹیکس لگائے جائیں گے؟ اس حوالے سے سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے اہم انکشافات کیے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’سوال یہ ہے‘ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شبر زیدی نے بتایا کہ اگر آئی ایم ایف نے ہم سے کہا کہ آپ بڑی مالیت کا ٹیکس اکٹھا کریں تو یہ یقیناً تباہی کا راستہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج جو لوگ بھی پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف سے مذاکرات کررہے ہیں ان کی یا چیئرمین ایف بی آر کی ہمت نہیں کہ وہ آئی ایم ایف کے کسی فیگر کو ٹچ کرسکیں۔

پی آئی اے کی نجکاری سے متعلق شبر زیدی نے بتایا کہ خریداری میں جن 7پارٹیوں نے حصہ لیا ان میں کوئی بھی انٹرنیشنل پارٹی نہیں اور مجھے نہیں لگتا کہ ان سات میں سے کوئی بھی خریداری میں سنجیدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ آنے میں محض کچھ دن رہ گئے اور تعجب کی بات ہے کہ جو ایڈوائزری کونسل بنائی گئی اس میں وزیر خزانہ ہی موجود نہیں تو پھر گھوڑے کی لگام کس کے ہاتھ میں ہے۔

بجٹ میں نئے ٹیکسز سے متعلق سابق چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے پر تو اتنا ٹیکس عائد نہیں کیا جائے گا تاہم قوی امکان ہے کہ امپورٹ پر ٹیکس بڑھا دیا جائے گا جس کا براہ راست نقصان انڈسٹریز کو ہوگا۔

ملتان این اے 148: ضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی کی فتح

0

ملتان : قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 148 پر ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی کے امیدوار نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔

تمام حلقوں کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کے علی قاسم گیلانی 85850ووٹ لے کر کامیاب رہے جبکہ ان کے مد مقابل سنی اتحاد کونسل کے بیرسٹر تیمور الطاف ملک 53449 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

اے آر وائی نیوز ملتان کے بیورو چیف یاسر شیخ کے مطابق پیپلزپارٹی کے علی قاسم گیلانی کو بیرسٹر تیمور الطاف ملک پر 32401 ووٹوں کی برتری حاصل ہے۔

ملتان میں گیلانی ہاؤس میں علی قاسم گیلانی کی جیت کا جشن منایا جارہا ہے، نتیجہ آتے ہی جیالوں کی بڑی تعداد گیلانی ہاؤس کےباہر پہنچ گئی، کارکنان نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور پرجوش نعرے بازی کی۔

قبل ازیں حلقہ این اے 148 پر ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے میں مجموعی طور پر 7 امیدوار میدان میں تھے، ووٹر کی تعداد 4 لاکھ 44 ہزار 231 ہے جن میں 2 لاکھ 33 ہزار 624 مرد جبکہ 2 لاکھ 10 ہزار 607 خواتین ووٹر تھے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے میں 275 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے تھے، خواتین اور مرد ووٹرز کیلئے 72، 72 پولنگ سٹیشن مختص کئے گئے جبکہ 131 پولنگ سٹیشن مشترکہ تھے۔

الیکشن کمیشن نے ان پولنگ سٹیشنز میں سے 69 کو حساس قرار دیا تھا جبکہ 3 ہزار800 پولیس افسروں و اہلکاروں نے سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیئے۔

واضح رہے کہ اس حلقے این اے 148 سے 8 فروری کے الیکشن میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے پی پی کی جانب سے کامیابی حاصل کی تھی، تاہم ان کے چیئرمین سینیٹ بننے کے بعد یہ نشست خالی ہوئی تھی جس پر ضمنی الیکشن کا انعقاد کیا گیا۔

زور دار دھماکا : لاہور اچانک اندھیرے میں ڈوب گیا

0
لاہور دھماکا

لاہور کے گرڈ اسٹیشن میں دھماکے کے بعد شہر کا بڑا حصہ اندھیرے میں ڈوب گیا، واقعے کے بعد اسٹیشن میں آگ لگ گئی۔

تفصیلات کے مطابق فنی خرابی کے باعث لاہور کے سبزہ زار گرڈ اسٹیشن میں زوردار دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں کئی علاقوں کی بجلی منقطع ہوگئی۔

اے آر وائی نیوز لاہور کے نمائندے خواجہ رمضان مجید کے مطابق ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ لاہور گرڈ اسٹیشن میں دھماکے کے بعد اسٹیشن میں آگ لگ گئی، تاہم کسی کے زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں ہیں۔

lahore

لاہور کے مختلف علاقوں سبزہ زار، گلشن راوی ، ساندہ ، اسلام پورہ اور سنت نگر میں بجلی کی فراہمی مکمل طور پر بند ہوگئی جس کے سبب علاقے گہری تاریکی میں ڈوب گئے۔،

لاہور کو بجلی فراہم کرنے کے ادارے لیسکو حکام نے بتایا ہے کہ گرڈ اسٹیشن میں دھماکے سے بجلی کا نظام متاثر ہوا ہے تاہم مرمت کا کام جاری ہے۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق فائر بریگیڈ آگ بجھانے میں مصروف عمل ہے، لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ 12گرڈ اسٹیشنز سے بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی ہے، بجلی فراہمی کی بحالی میں 3سے4گھنٹے لگ سکتے ہیں۔

آئی ایم ایف کا پنشن پر ٹیکس کیلئے قانون سازی کا مطالبہ، ذرائع

0

اسلام آباد : پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات حتمی مراحل میں داخل ہوگئے، نئے پروگرام پر پالیسی مذاکرات آج سے شروع ہوں گے۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے قرض پروگرام کے لیے پنشن میں اصلاحات کرنا ہوں گی، آئی ایم ایف نے زور دیا ہے کہ ایک لاکھ روپے سے زائد ماہانہ پنشن پر ٹیکس عائد کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق امرا کی پنشن پر ٹیکس عائد کرنے کے لیے ضروری قانونی سازی کی جائے، نئے قرض پروگرام کے لیے سخت معاشی فیصلے کرنا ہوں گے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کے پاس آئی ایم ایف قرض پروگرام کے متبادل کوئی پلان نہیں ہے اس کے لیے اخراجات اور خسارے کو کنٹرول کرنا ہوگا۔

قبل ازیں آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ پاکستان مصنوعی طور پر کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم کرنے سے گریز کرے، اس کو اپنی نیٹ انٹرنیشنل انویسٹمنٹ پوزیشن مضبوط کرنا ہوگی، ساتھ ہی بیرونی اثاثے مضبوط اور بیرونی ادئیگیوں پر دباؤ کم کرنے کی بھی ضرورت ہے۔

آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا کہ ڈالر کا ایکسچینج ریٹ مارکیٹ کے مطابق اور شرح سود مہنگائی کے حساب سے رکھا جائے، اسٹیٹ بینک مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے سخت مانیٹری پالیسی اپنائے۔

یاد رہے کہ آئی ایم ایف کا یہ 24 واں پروگرام ہوگا پاکستان کیلئے جسے اب تک کا سب سے مشکل ترین قرض پروگرام کہا جارہا ہے۔ آئی ایم ایف کی جانب سے پنشن لینے والے افراد پر ٹیکس کا نفاذ ان بہت سی تجاویز میں شامل ہے۔

ہیرا منڈی سیزن 2، سنجے لیلا بھنسالی نے خاموشی توڑ دی

0
بالی ووڈ فلم انڈسٹری میں سنجے لیلا کا واحد دوست کون ہے؟

ممبئی: تجربہ کار فلم ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی نے نیٹ فلکس پر ریلیز اپنی ویب سیریز ’ہیرا منڈی‘ کے سیزن 2 سے متعلق سوال پر خاموشی توڑ دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سنجے لیلا بھنسالی سے حالیہ انٹرویو میں ہیرا منڈی کے سیزن 2 کے بارے میں سوال پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ سب سے تو ویب سیریز کو بے حد محبت دینا کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

سنجے لیلا بھنسالی نے کہا کہ ہیرا منڈی کا سیزن ٹو آتا ہے یا نہیں یہ تو نیٹ فلکس کی جانب سے اعلان کیا جائے گا کیونکہ وہ پروڈیوسرز ہیں۔

نامور ڈائریکٹر نے کہا کہ وہ بہترین پروڈیوسر ہیں جن کے ساتھ میں نے 30 سالوں میں کام کیا، میں انہیں بتایا کہ میں نے اپنی طرف سے آپ جیسے لوگوں کے ساتھ بہترین کام کیا۔

انہوں نے کہا ہ ویب سیریز سیزن تو کرنے کا فیصلہ میری طرف سے نہیں بلکہ نیٹ فلکس کی طرف سے ہی کیا جائے گا۔

گزشتہ روز ہیرا منڈی میں ’زوراور‘ نامی لڑکے کا کردار ادا کرنے والے اداکار ادھیان سمن نے انٹرویو میں کہا تھا کہ سیزن 2 میں نوابوں کا کردار اس سے بھی بڑا ہوگا۔

ادھیان سمن نے کہا تھا کہ سنجے لیلا بھنسالی نے ’ہیرا منڈی 2‘ کے بارے میں کچھ باتیں کہیں، وہ اسی کاسٹ کے ساتھ دوبارہ کام کرنا چاہیے ہیں۔

انہوں نے بتایا تھا کہ مجھ سے کچھ لوگوں نے سوال کیا کہ آپ کو صرف 5 سین ملے لیکن آپ نے ایک ہیرو کی طرح اداکاری کیوں کی؟ میں اس پر بات نہیں کرنا چاہتا کیونکہ یہ مضحکہ خیز ہے۔

بنگلورو کے پلے آف مرحلے میں پہنچنے کے بعد کوہلی کا اہم پیغام

0

سپراسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے اپنی ٹیم رائل چیلنجرز بنگلورو کے آئی پی ایل کے پلے آف مرحلے میں پہنچنے پر اہم پیغام جاری کیا ہے۔

انڈین پریمیئر لیگ میں ہفتے کو بنگلورو نے چنئی سپر کنگز کے خلاف زبردست جیت حاصل کی تھی اور لگاتار چھ میچز جیتتے ہوئے پلے آف مرحلے میں جگہ بنائی تھی۔ کوہلی نے آئی پی ایل 2024 کے دوسرے ہاف میں آر سی بی کو جیت کی راہ پر گامزن کرنے میں بڑا کردار ادا کیا ہے۔

اسٹار بلے باز اس سیزن میں مسلسل رنز اسکور کیے ہیں انھوں نے 14 میچوں میں 155.60 کے اسٹرائیک ریٹ سے 708 رنز بناکر خود کو اب تک اورنج کیپ کا حقدار بنا رکھا ہے۔

پلے آف کے لیے کوالیفائی کرنے کے بعد انھوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ خدا نے ان کے لیے ایک منصوبہ بنایا تھا، اور انہوں نے اپنی مہم میں پہلے آٹھ میں سے سات میچ ہارنے کے بعد سنسنی خیز تبدیلی کی۔

کوہلی نے آر سی بی کی طرف سے پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں کہا کہ ’خدا آپ کی تقدیر کا مالک ہے، آپ کو صرف اس بارے میں ایماندار ہونا پڑتا ہے جو آپ کررہے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ ہم نے اپنی محنت کافی ایمانداری کے ساتھ کی تھی اور ہمیں اس کا صلہ مل گیا‘۔

بنگلورو کے بیٹرنے مضبوط ذہینت کا مظاہر کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’میں اس سے زیادہ کچھ نہیں کہنا چاہتا ہمیں اگلے مرحلے پر توجہ مرکوز کرنی ہے۔

ہیرا منڈی کے اداکار طحہٰ شاہ کو دیکھ کر مداحوں نے رونا شروع کردیا

0

ہیرا منڈی کے اداکار طحہٰ شاہ کو کینز فلم فیسٹیول میں دیکھنے کے بعد مداحوں نے رونا شروع کردیا، اس بات کا انکشاف خود اداکار نے کیا ہے۔

بالی وڈ میں نئی انٹری دینے والے اداکار طحہٰ شاہ نیٹ فلیکس پر ریلیز ہونے والی ویب سیریز ہیرا منڈی میں اپنی اداکار پر ہر جانب سے داد وصول کررہے ہیں۔ انھوں نے حال ہی کینز فلم فیسٹیول میں شرکت کی ہے اور فرنچ ریویریا سے اپنی تصاویر شیئر کی ہیں۔

ایک انٹرویو کے دوران انھوں نے بتایا کہ ویب سیریز کی ریلیز کے بعد نہ صرف انھیں بہت پیار ملا بلکہ کینز میں بھی مداحوں کا برتاؤ حیران کن تھا۔

انھوں نے بتایا کہ وہاں ملائیشیا سے آئے کچھ مداح لڑکیوں سے ملاقات ہوئی۔ لڑکیوں نے مجھے دیکھ کر ’تاجدار، تاجدار، تاجدار‘ چلانا شروع کردیا، بعدازاں انھوں نے رونا شروع کردیا۔ میں نے مداحوں کی جانب سے اس طرح کا برتاؤ کبھی نہیں دیکھا تھا۔

طحہٰ شاہ نے بتایا کہ ان لڑکیوں نے میرے ساتھ بہت ساری تصاویر اتاریں جبکہ وہ ہی نہیں ان کی مائیں اور والد بھی وہاں موجود تھے اور سب ہی مداح تھے۔

واضح رہے کہ بھارتی ویب سیریز ’ہیرا منڈی‘ میں تاجدار کا مرکزی کردار ادا کرنے والے بھارتی اداکار نے اپنی اداکاری کا موازنہ فواد خان سے کرنے کو اپنے لیے قابل فخر بات قرار دیا تھا۔

’ہیرا منڈی‘ کو یکم مئی کو نیٹ فلیکس پر ریلیز کیا گیا تھا، اس سیریز میں منیشا کوئرالا، فریدہ جلال، سوناکشی سنہا، ریچا چڈا اور فردین خان سمیت دیگر اداکاروں نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔

بھارت سے مقابلے میں ہیں، اگلے 24 سال میں خامیاں دور کرنی ہیں، احسن اقبال

0
بھارت سے مقابلے میں ہیں، اگلے 24 سال میں خامیاں دور کرنی ہیں، احسن اقبال

شکر گڑھ: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ بھارت سے مقابلے میں ہیں، اگلے 24 سال میں 76 سال کی خامیاں دور کرنی ہیں۔

احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ 2018 میں کھیلا گیا کھیل سانحہ مشرقی پاکستان سے کم نہ تھا، سانحہ مشرقی پاکستان میں ملکی جغرافیہ توڑا اور سانحہ 2018 نے معاشی مستقبل تباہ کیا۔

(ن) لیگی رہنما نے کہا کہ قوم سانحہ 2018 کی سازش کے کرداروں کا احتساب چاہتی ہے، وہ کردار بتائیں کہ انہوں نے سی پیک اور معاشی ترقی کے سفر کو کیوں روکا؟

انہوں نے کہا کہ کراچی اسٹاک مارکیٹ 75 ہزار پوائنٹ کی حد عبور کر چکی ہے، ایکسچینج کا رحجان بتا رہا ہے سرمایہ کار حکومت پر اعتماد کر رہے ہیں، اگلے 5 سال امن، اصلاحاتی ایجنڈا اور پالیسیوں کا تسلسل چاہیے۔

احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں سیاسی لانگ مارچ کی جگہ معاشی لانگ مارچ کی ضرورت ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز گندم کے کا شتکاروں کیلیے امدادی پیکج کا اعلان کریں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ چند پی ٹی آئی عناصر کی کوشش ہے کہ وہ 2017 والا ناٹک رچائیں۔

لیموں کی قیمت گوشت کے برابر پہنچ گئی

0

موسم گرما کے آتے ہی جہاں دیگر اشیائے خورد و نوش کی قمیتیں آسمان تک جا پہنچتی ہیں وہیں اس بار لیموں کو بھی عوام کی پہنچ سے دور کردیا گیا۔

گزشتہ چند روز کے دوران لیموں کی قیمت میں ہوشربا اضافہ سامنے آیا ہے جس کے بعد مارکیٹ میں ایک کلو لیموں 500 کے بجائے ایک ہزار روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے۔

اے آر وائی نیوز سکھر کے نمائندے جہانزیب وسیر کے مطابق گرمیوں کا آسان اور سستا توڑ بھی مہنگا ہوگیا، لیموں کے دام بے لگام ہوگئے، لوگ گرمی میں ٹھنڈک پانے کیلئے لیموں پانی جیسی نعمت سے بھی محروم ہوتے جارہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بے خبر اور نااہل انتظامیہ کی وجہ سے لیموں اور گوشت کی قیمت برابر ہوگئی، لیکن متعلقہ حکام کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ گرمی کی شدت کی وجہ سے لیموں پانی کا استعمال بڑھ گیا ہے جبکہ انتظامیہ لیموں کی قیمتیں کنٹرول کرنے میں ناکام نظر آرہی ہے۔