جمعرات, جولائی 3, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 14

حکومت کا پولیو وائرس پر قابو پانے کیلئے بڑا فیصلہ

0
حکومت پاکستان کا بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے انجکشن لگانے کا فیصلہ

انسداد پولیو کے عالمی اداروں نے پاکستان سے ڈومور کا تقاضا کردیا، عالمی اداروں کے تقاضے پر حکومت نے وائرس پر قابو پانے کیلئے بڑا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق انسداد پولیو کے عالمی اداروں کے تقاضے پر حکومت نے بچوں کو پولیو سے بچاو کے انجکشن لگانے کا فیصلہ کیا ہے، کراچی، لاہور، پشاور میں بچوں کو پولیو ویکسین انجکشن لگائے جائیں گے۔

ذرائع پولیو پروگرام کے مطابق پولیو ویکسین انجکشن 15 سال تک کے بچوں کو خصوصی مہم کے دوران لگائے جائیں گے، پولیو ویکسین انجکشن آئندہ چار ماہ میں مرحلہ وار لگائے جائیں گے،

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک دن تا 15 سال کے بچوں کو آئی پی وی لگائے جائیں گے، 15 سال عمر تک آئی پی وی لگانے کا مقصد قوت مدافعت بڑھانا ہے، پولیو ویکسین انجکشن 15 سال عمر تک کیلئے بطور بوسٹر کام کرے گا اس سے بچوں کی قوت مدافعت میں نمایاں اضافہ ہو گا۔

ذرائع کے مطابق پولیو کے خلاف بچوں کی قوت مدافعت کمزور ہونے کا خدشہ ہے، قوت مدافعت کی ممکنہ کمزوری پر پولیو وائرس کا پھیلاو بڑھا ہے، آئی پی وی سے ڈبلیو پی وی ون کا پھیلاو روکنے میں نمایاں مدد ملے گی۔

گلگت بلتستان سے پولیو وائرس کا پہلا کیس سامنے آ گیا

ملک بھر کے 47 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق

آئی پی وی ویکسینیشن مہم کیلئے ویکسین عالمی ادارے فراہم کریں گے، ان ایکٹیوٹڈ پولیو انجکشن لگانے کی سفارش عالمی گروپ ٹیگ نے ہی کی ہے۔

ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ کا اجلاس گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں ہوا تھا، ٹیگ نے 15 سال تک کے بچوں کو آئی پی وی لگانے کی سفارش کی، ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ پاکستان، افغانستان کیلئے آزاد عالمی بورڈ ہے۔

واضح رہے کہ ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ انسداد پولیو کے عالمی ماہرین پر مشتمل ہے، ٹیگ پاکستان، افغانستان کو انسداد پولیو کیلئے تکنیکی معاونت اور ایڈوائزری فراہم کرتا ہے، 2018-19 میں 10 سال عمر تک کو پولیو ڈراپس پلائے گئے تھے، 10 سال کے بچوں کی ویکسینیشن مخصوص اضلاع میں ہوئی تھی۔

ٹیکس چوروں کو نہیں چھوڑیں گے، چیئرمین ایف بی آر دو ٹوک کا اعلان

0
چیئرمین ایف بی آر

اسلام آباد : چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے اعلان کیا ہے کہ ٹیکس دینے والوں کو چھیڑیں گے نہیں، ٹیکس چوروں کو چھوڑیں گے نہیں۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال ریونیو کے حوالے سے بڑا اچھا گزرا، ہمارے لئے ٹیکس پیئر سب سے اہم ہے، جس طرح کارپوریٹ سیکٹر کیلئے اس کا کلائنٹ اہم ہوتا ہے، ویسے ہی ہمارے لئے ہے۔

راشد محمود لنگڑیال کا کہنا تھا کہ جو شخص ٹیکس دیتا ہے، وہی ملک کے نظام کو چلانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور ہماری کوشش ہے، ٹیکس پیئر کو تنگ نہ کیا جائے۔

انھوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایات ہیں کہ اعتماد بحال کرنا ہے، ٹیکس پیئر کو پیغام ہے، ایف بی آر کے دروازے آپ کیلئے کھلے ہیں، ٹیکس پیئر کو کسی قسم کا وقت نہیں لینا پڑے گا وہ جب چاہے مل سکتا ہے۔

چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ ہم نےایف بی آر میں بہت ساری اصلاحات کی تھیں، ایف بی آرمیں ایمانداری کے کلچر کو فروغ دینا ہے، ٹیم کو بتا دیا اگر کوئی بھی افسر اختیارات کا غلط استعمال کرے گا تو معافی نہیں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جوٹیکس دے رہا ہے، وہ معاشرے اور حکومت کیلئے سر کا تاج ہے لیکن ٹیکس چوری کرنے والوں سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا اور اصلاحات اورنگرانی کے نام پرٹیکس پیئر کو ہراساں کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

راشد محمود نے کہا کہ جن افسران کی کارکردگی اچھی نہیں تھی انہیں ہٹا دیا گیا، ہم نے پرفارمنس انڈیکس کی بنیادپرسیلری فکس کی، ہم نے ایف بی آر میں ڈیجیٹل اورایچ آرسائٹ پر کام کیا ہے۔

ایران نے امریکی حملوں میں فردو جوہری تنصیب پر بھاری نقصان کی تصدیق کر دی

0
ایران نے امریکی حملوں میں فردو جوہری تنصیب پر بھاری نقصان کی تصدیق کر دی

تہران: ایران نے پہلی بار امریکی فضائی حملوں میں فردو جوہری تنصیب پر سنگین اور بھاری نقصان ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سی بی ایس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں تصدیق کی کہ فردو جوہری تنصیب پر امریکی بمباری سے سنگین اور بھاری نقصان پہنچا ہے۔

ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

عباس عراقچی نے انٹرویو میں کہا کہ کسی کو قطعی طور پر معلوم نہیں ہے کہ فردو میں کیا ہوا ہے، لیکن یہ کہا جا رہا ہے اور جو ہم اب تک جانتے ہیں وہ یہ ہے کہ جوہری تںصیب کو شدید اور بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی جوہری توانائی کی تنظیم اس وقت امریکی حملوں سے تباہی کا جائزہ لینے کا کام کر رہی ہے جس کی رپورٹ حکومت کو پیش کی جائے گی۔

واشنگٹن پوسٹ نے اتوار کو امریکی حکومت کی خفیہ انٹیلی جنس سے واقف چار افراد کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ ایران کے جوہری پروگرام پر امریکی حملوں کی وجہ سے ہونے والے نقصان پر پردہ ڈالا گیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ حملوں نے ایران کے جوہری پروگرام کو مکمل طور پر ختم کر دیا ہے، لیکن امریکی حکام تسلیم کرتے ہیں کہ حملوں سے ہونے والے نقصان کا مکمل اندازہ لگانے میں وقت لگے گا۔

گزشتہ روز سی بی ایس کو دیے گئے انٹرویو میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اسرائیل کے ساتھ 12 روزہ جنگ اور جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے بعد امریکا کے ساتھ فوری مذاکرات شروع ہونے کا امکان مسترد کر دیا تھا۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں عندیہ دیا تھا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات اس ہفتے دوبارہ شروع ہو سکتے ہیں جبکہ وائٹ ہاؤس نے واضح کیا تھا کہ تہران کے ساتھ سرکاری طور پر کوئی بات چیت طے نہیں ہے۔

تاہم عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں لگتا کہ امریکا کے ساتھ جوہری مذاکرات اتنی جلدی دوبارہ شروع ہوں گے، ہمارا مذاکرات میں دوبارہ شامل ہونے کا فیصلہ اس بات سے مشروط ہوگا کہ امریکا اس دوران حملے نہ کرے تاہم میں سمجھتا ہوں کہ ان تمام تحفظات کے ساتھ ہمیں ابھی مزید وقت درکار ہے۔

اسکردو سے گلگت جانیوالی کار خوفناک حادثے کا شکار، 2 افراد جاں بحق

0
اسکردو سے گلگت جانیوالی کار خوفناک حادثے کا شکار، 2 افراد جاں بحق

اسکردو: روندو شود پل کے قریب کے قریب کار خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نیتجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق اسکردو میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے جہاں روندو شود پل کے قریب کار حادثے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے، جاں بحق افراد کا تعلق بلتستان سے ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق کار اسکردو سے گلگت جارہی تھی، جاں بحق افراد کی لاشیں روندوتھوار اسپتال منتقل کردی گئیں جبکہ جاں بحق افراد کا تعلق بلتستان سے بتایا جارہا ہے۔

مانسہرہ: کار کھائی میں گرنے سے میاں بیوی جاں بحق، ڈیڑھ سالہ بچہ معجزانہ طور پر محفوظ رہا

دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر روندو، گلگلت بلتستان کا کہنا ہے کہ پشاور سے تعلق رکھنے والے سیاحوں کی گاڑی جو تین دن قبل گلگت بلتستان کے ضلع اسکردو سے نکلنے کے بعد لاپتہ ہو گئی تھی، بالآخر بحفاظت مل گئی ہے۔

منگل کو اسسٹنٹ کمشنر روندو، گلگت بلتستان کے جاری کیے جانے والے بیان کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے مربوط کوششوں کے باعث گاڑی کا سراغ لگایا جا چکا ہے اور سیاحوں کی گاڑی کو بابوسر ٹاپ کے مقام پر شناخت کر لیا گیا ہے۔

’اہل خانہ کی جانب سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر روندو اور اسسٹنٹ کمشنر روندو سے براہِ راست رابطہ کیا گیا ہے اور تصدیق کی گئی ہے کہ گاڑی اور اس میں موجود افراد محفوظ ہیں۔‘

ضلعی انتظامیہ تمام سیاحوں سے گزارش کرتی ہے کہ سفر کے دوران اپنی لوکیشن اور منصوبہ بندی سے متعلق معلومات قریبی چیک پوسٹ یا ٹورسٹ پولیس سے شیئر کرتے رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

ایشیا کپ: پاک بھارت ٹاکرا کس دن ہوگا ؟ ممکنہ تاریخ سامنے آگئی

0
ایشیا کپ بھارت کی میزبانی میں نیوٹرل وینیو پر ہوگا، بھارتی میڈیا

بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ایشیا کپ بھارت کی میزبانی میں نیوٹرل وینیو پر کھیلا جائے گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایشیا کپ 4 یا 5 ستمبر سے شروع ہوسکتا ہے، اس صورت میں گروپ مرحلے کا پاک بھارت ٹاکرا 7 ستمبر کو دبئی میں ہوگا جبکہ سپر فور کا میچ 14 ستمبر کو ہونے کا امکان ہے۔

رپورٹس کے مطابق بھارت کی میزبانی میں ہونے والا ایشیاء کپ نیوٹرل وینیو پر کھیلا جائے گا جس کے لیے یو اے ای کو وینیو کے طور پر رکھے جانے کا امکان ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایشیاء کپ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا جائے گا جس کا فائنل 21 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ ایشیاء کپ میں پاکستان، بھارت، افغانستان، بنگلادیش، سری لنکا اور یو اے ای کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔

پہلگام واقعے سے قبل چیمپئنز ٹرافی فائنل کے دوران بھی ایشیائی ملکوں کے حکام کے درمیان ایشیا کپ سے متعلق بات چیت ہوئی تھی۔

اس وقت بھی یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ رواں سال ستمبر میں شیڈول ایشیاء کپ ایونٹ کا میزبان بھارت ہی رہیگا تاہم میچز کا انعقاد ممکنہ طور پر متحدہ عرب امارات کے میدانوں میں ہوگا۔

ایشیا کپ پر چھائے غیریقینی کے بادل چھٹنے لگے، ممکنہ شیڈول سامنے آگیا

بھارت نے ایونٹ کی ذمہ داری بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا کو سونپی ہے، ایشیا کپ رواں سال دفاعی چیمپئن بھارت میں شیڈول ہے اور آئندہ برس ٹی 20 ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ ایونٹ بھی ٹی 20 فارمیٹ میں کھیلا جانا ہے۔

بھارت میں چند پاکستانی فنکاروں کے انسٹاگرام اکاؤنٹس تک رسائی بحال

0
بھارت: چند پاکستانی فنکاروں کے انسٹاگرام اکاؤنٹس پر سے پابندی اٹھا لی گئی

بھارت میں چند پاکستانی فنکاروں کے انسٹاگرام اکاؤنٹس پر سے پابندی اٹھا لی گئی جس کے بعد صارفین کی ان تک رسائی بحال ہوگئی۔

انڈین میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ بھارت میں ماورا حسین، صبا قمر، احد رضا میر، یمنیٰ زیدی اور دانش تیمور سمیت چند دیگر پاکستانی فنکاروں کے انسٹاگرام اکاؤنٹس تک صارفین کو رسائی حاصل ہوگئی۔

تاہم فواد خان، ماہرہ خان، ہانیہ عامر اور عاطف اسلم سمیت بیشتر پاکستانی فنکاروں کے اکاؤنٹس پر تاحال پابندی عائد ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت نے پاکستانی یوٹیوب چینلز پر عائد پابندی اٹھا لی

واضح رہے کہ بھارت نے 22 اپریل 2025 کو پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کے بعد نہ صرف پاکستان کے خلاف ’آپریشن سندور‘ کے نام سے ناکام کارروائی کی تھی بلکہ پاکستانی فنکاروں، نیوز چینلز اور یوٹیوب چینلز پر پابندی عائد کر دی گئی۔

پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کے دوران 26 سیاحوں کو موت کے گھاٹ اتارا گیا تھا۔ نئی دہلی نے واقعے کو چند گھنٹے گزرنے کے بعد ہی پاکستان پر نہ صرف الزام عائد کیا بلکہ سندھ طاس معاہدہ بھی معطل کر دیا تھا۔

ماورا حسین نے 2016 میں بھارتی اداکار ہرش وردھن رانے کے ساتھ فلم صنم تیری قسم سے بالی وڈ میں قدم رکھا تھا تاہم بعد میں انہیں فلم کے سیکوئل سے ہٹا دیا گیا۔

ہرش وردھن رانے نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک بیان جاری کیا اور کہا کہ اگر پروڈیوسر سیکوئل کیلیے ماورا حسین کو شامل کریں گے تو وہ اس کا حصہ بننے سے انکار کر دیں گے۔

واضح رہے کہ بھارت میں پنجابی اداکار و گلوکار دلجیت دوسانجھ کو پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کے ساتھ فلم سردار جی 3 میں کام کرنے پر شدید تنقید کا سامنا ہے، فلم کو بھارت میں جاری تنازع کے درمیان ریلیز بھی نہیں کیا گیا۔

لکی مروت: دہشت گردوں نے پنجاب جانیوالی گیس پائپ لائن دھماکے سے اڑا دی

0
لکی مروت: دہشت گردوں نے پنجاب جانیوالی گیس پائپ لائن دھماکے سے اڑا دی

دہشت گردوں نے خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا، جو پنجاب کو گیس فراہم کرتی تھی۔

تفصیلات کے مطابق ضلع لکی مروت تھانہ صدر کی حدود میں تورواہ کے مقام وانڈہ امیر کے قریب دہشت گردوں نے ایک بار پھر پنجاب جانے والی مین ٹرانسمیشن گیس پائپ لائن دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا ہے۔

  لکی مروت پولیس کا کہنا ہے کہ مین گیس پائب لائن پھٹنے سے پنجاب کو گیس کی سپلائی معطل ہوگئی جبکہ پولیس اور گیس کے حکام جائے وقوعہ پر پہنچ کر دوبارہ مرمتی کا کام شروع کردیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے قبل اسی مقام پر دیشت گردوں نے پنجاب جانی والی پائپ لائن دھماکے سے اڑا دیا تھا جبکہ اس سے قبل بھی مختلف مقامات پر گیس لائن جو دھماکہ خیز مواد سے اڑا چکے ہیں پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔

لکی مروت: دہشت گردوں نے پولیس اہلکار کو اغوا کے بعد قتل کردیا

دوسری جانب حملے میں ملوث افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری ہیں، حکام نے اس حملے کی مذمت کی ہے، جس کا مقصد خطے کو غیر مستحکم کرنا اور توانائی کی فراہمی میں خلل ڈالنا ہے۔

واضح رہے کہ نومبر 2022 میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے حکومت کے ساتھ جنگ ​​بندی ختم کرنے کے بعد سے پاکستان بالخصوص خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔

اسرائیلی فوج کا خان یونس فوری خالی کرنے کا حکم

0
اسرائیلی فوج نے خان یونس فوری خالی کرنے کا حکم جاری کردیا

غزہ میں اسرائیلی فوج کی بربریت کا سلسلہ جاری ہے، ایسے میں اسرائیلی فوج نے خان یونس کا علاقہ فوری خالی کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فوج بھرپور طاقت سے کارروائیوں میں مصروف ہے، کہا گیا ہے کہ خان یونس میں راکٹ لانچ کر کے کسی بھی مقام کو نشانہ بنایا جائے گا۔

اسرائیلی فوج نے غزہ سے 2 راکٹ اسرائیل پر داغے جانے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ یمن سے بھی اسرائیل پر میزائل حملہ کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ اور یمن سے داغے گئے میزائیل کو ناکارہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

غزہ میں 60 روزہ جنگ بندی:

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں 60 روزہ جنگ بندی پر رضا مند ہوگیا ہے۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق میڈیا سے گفتگو میں صدرٹرمپ کا کہنا تھا کہ میرے نمائندوں نیاسرائیلیوں سے طویل اور نتیجہ خیز ملاقات کی ہے جس کے بعد اسرائیل نے 60 روزہ جنگ بندی کی شرائط پر اتفاق کیاہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ ہم جنگ کے خاتمے کے لیے تمام فریقین کے ساتھ مل کر کام کریں گے، قطر اور مصر فریقین کو امن معاہدے کی پیشکش کریں گے۔ مجھے امید ہے کہ حماس اس ڈیل کو مشرق وسطیٰ کی بھلائی کیلئے قبول کرے گی۔

دوسری جانب امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ قطر نے جنگ بندی کی شرائط حماس کو بھجوا دیں، حماس جنگ بندی کی شرائط مانے گا یا نہیں، یہ فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ پس پردہ جنگ بندی مذاکرات میں مصروف رہی، قطر نے اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔

جنگ بندی معاہدے میں اسرائیلی مغویوں اور فلسطینی قیدیوں کا تبادلہ شامل ہے، صدر ٹرمپ پیر کو نیتن یاہو سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کریں گے۔

ایران کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے، پیوٹن

رپورٹ کے مطابق حماس مکمل جنگ بندی کا مطالبہ کر رہا ہے، 60 روزہ نہیں، حماس کا غزہ پر کنٹرول کا مطالبہ جنگ بندی کی بنیادی شرط ہے جبکہ اسرائیل نے غزہ کاکنٹرول حماس کو دینے سے انکار کردیا ہے۔

پائتھن سانپ 8 مرغیوں کو سالم نگل لیا، ہولناک ویڈیو وائرل

0
پائتھن سانپ 8 مرغیوں کو سالم نگل لیا، ہولناک ویڈیو وائرل

چین کے صوبے یوآن کے شہر میں ایک پائتھن سانپ نے 8 مرغیوں کو سالم نگل لیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ چین کے صوبے یوآن کے شہر میں پیش آیا ہے جہاں ایک 4 میٹر لمبے، 40 کلو وزنی پائتھن سانپ نے ایک دیہاتی کے کوپ سے آٹھ مرغیاں نگل لیں۔

پائتھن سانپ نے 8 مرغیوں کا شکار کیا جس کے بعد سانپ کا پیٹ بری طرح سے پھول گیا، پولیس اور فائر فائٹرز کے موقع پر پہنچنے کے بعد سانپ نے مرغیوں کو نکال دیا۔

گلی میں آنے والے پائتھن سانپ کو شہری نے کیسے پکڑا، ویڈیو وائرل

ماہرین کے مطابق پائتھن سانپ اکثر مگرمچھ کا شکار کرتے ہیں تاہم کبھی کبھی خود بھی اسی کے ہاتھوں شکار ہو جاتے ہیں، صارفین نے تصاویر کو خوفناک قرار دے دیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ایک واقعہ ریاست کوئنز لینڈ میں پیش آیا تھا جہاں پائتھن سانپ نے ایک بڑے مگرمچھ کو اپنی خوراک بنا لیا تھا جس کے بعد سانپ کا پیٹ بری طرح سے پھول گیا اور مگرمچھ کی دم سانپ کے منہ سے کافی دیر تک باہر نظر آتی رہی تھی۔

تشدد کے خلاف خواجہ سراؤں نے گلستان جوہر تھانے پر زبردست احتجاج کیا

0
خواجہ سرا گلستان جوہر پولیس اسٹیشن احتجاج

کراچی: ساتھی کے بھائی پر تشدد کے خلاف خواجہ سراؤں نے گلستان جوہر تھانے پر زبردست احتجاج کیا۔

تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر پولیس اسٹیشن میں خواجہ سراؤں نے زبردست احتجاج کیا، مطالبات تسلیم کیے جانے پر انھوں نے اپنا احتجاج ختم کیا، جو کئی گھنٹے تک جاری رہا تھا۔

احتجاج اس وقت ختم کیا گیا جب تشدد کا نشانہ بننے والے خواجہ سرا کے بھائی کے علاج کی رقم ادا کی گئی۔

خواجہ سرا مظاہرین کا کہنا تھا کہ ایک خواجہ سرا کا بھائی ویلڈنگ کا کام کرتا تھا، جسے ایک دکاندار نے ساتھیوں کے ہمراہ تشدد کا نشانہ بنایا، 15 پر اطلاع پر پولیس پہنچی اور ایک شخص کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کیا۔

پولیس نے خواجہ سراؤں کو ایف آئی آر درج کرنے اور مزید افراد کی گرفتاری کی یقین دہانی کرائی تھی، تاہم بعد ازاں پولیس کی جانب سے دونوں پارٹیوں میں صلح کرا دی گئی، اور زخمی شخص کے علاج معالجے کے اخراجات بھی ادا کر دیے گئے۔


خواجہ سراؤں کے کرکٹ میچ کی ویڈیو جھلکیاں


یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 13 جون کو ایبٹ آباد میں شادی کی تقریب میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا تھا، جب رقص کے دوران ایک نوجوان پستول لے کر خواجہ سرا کے پاس آیا اور اسے گولی مار دی، اس واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، مرنے والے خواجہ سرا کی شناخت زیبی ملک کے نام سے ہوئی تھی۔

ٹرانس جینڈر زیبی ملک کے قتل کے بعد کے پی میں گزشتہ ایک دہائی کے دوران قتل ہونے والے خواجہ سراؤں کی تعداد 154 ہو چکی ہے، یعنی ہر سال اوسطاً 15 سے زیادہ خواجہ سرا قتل ہوئے۔