جمعرات, جولائی 3, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 15

ٹک ٹاکر کاشف ضمیر گارڈز سمیت گرفتار

0
ٹک ٹاکر کاشف ضمیر گارڈز سمیت گرفتار

لاہور: کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) نے متنازعہ ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کو ایک بار پھر گرفتار کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) نے لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن سے ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کو 13 گارڈز سمیت ایک بار پھر گرفتار کرلیا ہے۔

حکام کے مطابق ضمیر کو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز کے بعد حراست میں لیا گیا جس میں ٹک ٹاکر کے پرائیویٹ مسلح گارڈز کو عوام کے سامنے ہتھیاروں کی نمائش کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سی سی ڈی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف سوشل میڈیا شخصیت کو گرفتار کیا بلکہ ان کے 13 بھاری ہتھیاروں سے لیس گارڈز کو بھی گرفتار کیا۔

کاشف ضمیر اور ان کے پرسنل سیکیورٹی گارڈز کے خلاف  متعدد دفعات کے تحت سی سی ڈی پولیس اسٹیشن میں مقدمات درج کیے گئے ہیں، جن میں اسلحے کی غیر قانونی نمائش اور عوام کی حفاظت کو خطرے میں ڈالنے کے مقدمات بھی شامل ہیں۔

پولیس ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ گرفتاری کے وقت گارڈز سے اسلحہ برآمد ہوا، حکام اب اسلحے کی قانونی حیثیت اور گارڈز کی تعیناتی کی تحقیقات کر رہی ہیں۔

ارطغرل غازی کی ای میل پر ایکشن، کاشف ضمیر گرفتار

واضح رہے کہ کاشف ضمیر اپنے شاہانہ طرز زندگی اور سوشل میڈیا تنازعات کی وجہ سے جانے جاتے ہیں، ماضی میں کئی بار دھوکہ دہی اور جعل سازی سمیت مختلف قانونی مقدمات میں ملوث ہونے کی وجہ سے سرخیوں میں رہے ہیں۔

اپریل میں بھی، لاہور پولیس نے سوشل میڈیا پر پولیس کی وردی کا مذاق اڑانے پر ٹک ٹاکر اور ایک پولیس کانسٹیبل کے خلاف مقدمات درج کیے تھے، جس کے بعد انہیں اور کانسٹیبل دونوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔

چوہدری نثار کی وزیراعظم سے ملاقات میں کیا بات ہوئی؟ ن لیگی رہنما کا اہم بیان

0
مسلم لیگ (ن) کے رہنما قمر الاسلام راجہ

اسلام آباد : مسلم لیگ (ن) کے رہنما قمر الاسلام راجہ کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار کی وزیراعظم سے ملاقات میں سیاسی چیز سامنے نہیں آئی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما قمر الاسلام راجہ نے اے آر وائی نیوز کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں چوہدری نثار کے حوالے سے کہا کہ 2018 کے الیکشن میں چوہدری نثار ن لیگ پر تنقید کرتے رہے، انھوں نے پارٹی قیادت کو ڈی گریڈکرنےکی کوشش کی۔

قمرالاسلام راجہ نے بتایا کہ چوہدری نثارکی وزیراعظم سے ملاقات میں سیاسی چیز سامنے نہیں آئی، کوئی سیاسی چیز سامنے آئی تو پارٹی میں گلہ شکوہ اور احتجاج کا حق رکھتا ہوں، چوہدری نثارنے نوازشریف اورمریم نوازپرجلسوں میں اعتراض کیا۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ 2018میں پارٹی نے ٹکٹ دیا تو گرفتار کر لیا گیا، کوئی ملنےنہیں آتا تھا ، میرے بچے انتخابی مہم پر جاتے تو ماں کو پیغام دیا جاتا واپس نہیں آئیں گے، میرا بیٹا بتاتا ہے اسے کہا جاتا تھا، گھر چھوڑجائیں،الیکشن نہ لڑیں، اس کی بڑی وجہ یہ تھی چوہدری نثارالیکشن جیت جائیں۔

ن لیگی ایم این اے نے کہا کہ سال 2018 میں پارٹی مقبولیت کے باوجود حلقے سے ن لیگ کا ٹکٹ کوئی نہیں لیتاتھا، مجھے جیل میں کہا جاتا تھا شہباز شریف کیخلاف وعدہ معاف گواہ بن جائیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ چوہدری نثار اپنے بیٹے کو سامنےلانا چاہتے ہیں تومیں ان کو بطور اچھے استاد ملوں گا، چوہدری نثار کہتے ہیں بچوں کے نیچےس یاست نہیں کروں گا پھر وہ بیٹے کیلئے بھی یہی اصول رکھیں، ان کا یہ بھی اصول ہے وہ اقتدار کے لیے اپنی پالیسی تبدیل نہیں کرتے۔

میمونہ قدوس کا ہدایتکار کی جانب سے ہراساں کیے جانے کا انکشاف

0
میمونہ قدوس کا ہدایتکار کی جانب سے ہراساں کیے جانے کا انکشاف

مقبول اداکارہ میمونہ قدوس نے انکشاف کیا ہے کہ ہدایت کار نے انہیں پہلے ہی ڈرامے میں پھنسانے کی کوشش کی۔

میمونہ قدوس ایک مشہور پاکستانی ٹیلی ویژن اداکارہ ہیں جو بنیادی طور پر پاکستان کے ہٹ ڈراموں میں معاون کرداروں کے لیے جانی جاتی ہیں، اداکارہ ہمیشہ نئے اداکاروں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں پر بات کرتی بھی نظر آتی ہیں۔

حال ہی میں میمونہ قدوس نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے سیٹ پر پیش آ نے والے اپنے خوفناک تجربے کے بارے میں بات کی، اداکارہ کا کا کہنا تھا کہ میں اپنے پہلے گھٹیا پروجیکٹ کے بارے میں بات نہیں کرنا چاہتی، نہ اسے یاد کرنا چاہتی ہوں کیوں کہ پہلے ڈرامے کا تجربہ اچھا نہیں تھا۔

اداکارہ نے اپنے پہلے پروجیکٹ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میرے ساتھ پہلے ہی ڈرامے کی شوٹنگ پر غلط ہوا، مجھے ایسا لگ رہا تھا کہ ہدایت کار سمیت پوری ٹیم مجھے پھنسانے کے چکر میں ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ ہدایت کار سمیت سب لوگوں کی یہی کوشش تھی کہ بچی کو پھنسایا جائے اور ایسا لگ رہا تھا کہ پوری ٹیم ہدایت کار کا اس کام میں ساتھ دے رہی تھی، میں اس چیز کو یاد بھی نہیں کرنا چاہتی۔

میمونہ قدوس نے بتایا کہ ان کا پہلا ڈراما ’پلے ٹی وی‘ کے لیے بنایا گیا لیکن انہوں نے ڈرامے کا نام بتایا، نہ ہی ہدایت کار سے متعلق کوئی بات بتائی، البتہ کہا کہ انہیں پھنسانے کی کوشش کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ عام طور پر لڑکیوں کو اس وقت جنسی ہراسانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جب انہیں کاسٹ کرنے کے لیے ہدایت کار یا کوئی پروڈیوسر براہ راست خود رابطہ کرتا ہے۔

ان کے مطابق اگر کسی اداکارہ سے ٹی وی چینل، ٹیلنٹ ایجنسی یا پروڈکشن ہاؤس خود رابطہ کرے تو ان کے ساتھ ہراسانی کے واقعات ہونے کے امکانات کم ہوتے ہیں لیکن اگر ہدایت کار خود رابطہ کرے تو معاملات خراب ہوسکتے ہیں۔

میمونہ قدوس کس مرد اداکار کے ساتھ کام نہیں کرنا چاہتیں؟ نام بتادیا

الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا

0
الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے نظر ثانی اپیلوں پر فیصلے کے بعد مخصوص نشستوں کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے معطل اراکین کی رکنیت بحال کر دی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے بتایا گیا کہ سپریم کورٹ نے نظر ثانی اپیلوں کا فیصلہ سنایا تھا، الیکشن کمیشن نے 24 اور 29 جولائی 2024 کے نوٹیفکیشن واپس لے لیے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کو خیبر پختونخوا سے قومی اسمبلی کی 2، 2 جبکہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کو 1 نشست مل گئی۔

(ن) لیگ کی غزالہ انجم اور شاہین، پیپلز پارٹی کی عاصمہ عالمگیر اور نائمہ کنول جبکہ جے یو آئی (ف) کی نعیمہ کشور خان کی مخصوص نشست پر کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

مسلم لیگ (ن) کو پنجاب سے قومی اسمبلی میں 10 مخصوص نشستیں مل گئیں جبکہ پیپلز پارٹی کو صوبے سے 1 مخصوص نشست ملی۔

قومی اسمبلی میں اقلیتی نشستوں پر کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا جس کے مطابق (ن) لیگ، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی (ف) کو 1، 1 اقلیتی نشست مل گئی۔

الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا اسمبلی میں خواتین کی 8 مخصوص نشستوں پر جے یو آئی (ف)، 6 پر (ن) لیگ اور 5 پر پیپلز پارٹی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جبکہ اے این پی اور پی ٹی آئی کو خواتین کی 1، 1 نشست پر کامیابی ملی۔

اسی طرح پنجاب اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں میں سے (ن) لیگ کو 21، پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی، (ق) لیگ کو 1، 1 نشست مل گئی۔ پنجاب اسمبلی میں اقلیتی نشستوں پر (ن) لیگ 2 اور پیپلز پارٹی کو ایک نشست ملی۔

سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو خواتین کی 1، 1 مخصوص نشست مل گئی جبکہ پیپلز پارٹی کو ایک اقلیتی نشست ملنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔

حکومت کا مہنگائی میں کمی کا دعویٰ

0
مہنگائی میں کمی

اسلام آباد : وزیرمملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے مہنگائی میں کمی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا آئی ایم ایف پروگرام معاشی استحکام کی بنیاد بنا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا حکومتی اقدامات کی بدولت مہنگائی میں نمایاں کمی ہوئی ، گزشتہ مالی سال میں لوگوں کی معاشی کارکردگی بہتررہی، آئی ایم ایف پروگرام معاشی استحکام کی بنیاد بنا۔

وزیر مملکت خزانہ نے بتایا کہ ایف بی آر کے ریونیو میں 26 فیصد گروتھ حاصل کی، گزشتہ مالی سال میں کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس بھی حاصل کیا جبکہ زرمبادلہ کے ذخائربھی بڑھے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف جانے کی اصل وجہ زرمبادلہ کےذخائرمیں کمی تھی، 20 جون کی تاریخ تک ریزرو 14ارب ڈالرپرکھڑے تھے۔

بلال اظہر نےکہا پارلیمنٹ اور اتحادیوں کے شکر گزار ہیں کہ بجٹ منظور ہوا، ہم نے میکرو اکنامک استحکام کا سفر بھی جاری رکھنا ہے ، معیشت میں گروتھ کو مزید بڑھانا ہےتاکہ ایکسپورٹ بڑھے۔

وزیر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ چاہتے ہیں معیشت میں ایسی گروتھ ہو جس سے ہر پاکستانی مستفید ہو، وزیراعظم کاہدف ہےکہ ہمیں آئی ایم ایف دوبارہ نہ جانا پڑے۔

جلد وائٹ بال میں بھی ایکشن میں نظر آؤں گا، ساجد خان

0
خواہش ہے وائٹ بال کرکٹ پر بھی کام کروں، قومی ٹیم کے اسپنر ساجد خان

لاہور: قومی ٹیم کے اسپنر ساجد خان نے کہا ہے کہ وائٹ بال پر بہت کام کر رہا ہوں جلد وائٹ بال میں بھی ایکشن میں نظر آؤں گا میری خواہش ہے کہ پی ایس ایل سمیت تمام وائٹ بال کرکٹ میں اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کروں۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے قومی ٹیم کے اسپنر ساجد خان کا کہنا تھا کہ کوچ عبدالرحمان کے ساتھ اسپن بولنگ کے شعبے پر کام ہو رہا ہے، ٹیسٹ کھیلنا اعزاز کی بات ہے میں نے وائٹ بال سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا، میں آرم بال اور کریز کے استعمال پر کام کر رہا ہوں۔

ساجد کا کہنا تھا کہ اس سال ٹیسٹ میچز کم ہیں لیکن دعا ہے پاکستان کی رینکنگ بہتر ہو، چار روزہ کرکٹ ٹیسٹ کیلئے اچھی نہیں ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ چار روزہ کرکٹ میں زیادہ میچز ڈراہونگے کوئی دیکھنا پسند نہیں کرے گا، کاؤنٹی کرکٹ کیلئے دو تین کلبز سے بات چیت چل رہی ہے۔

ساجد نے کہا کہ اسکلز کیمپ میں ہمیں سینئر کھلاڑیوں سے سیکھنے کا موقع مل رہا ہے، اظہر محمود کے ساتھ کام کیا ہوا ہے ہمیں ان سے فائدہ ہو گا۔

شاہد آفریدی نے ساجد خان سے متعلق کیا کہا تھا؟

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ساجد خان سے متعلق کہا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے قومی ٹیم میں ساجد خان کو ہونا چاہیے تھا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی میں دبئی میں اسپن وکٹیں ہوں گی بھارتی ٹیم پانچ اسپنر کے ساتھ جارہی ہیں اور ہماری ٹیم میں ایک اسپنر ابرار احمد موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ ساجد خان نے جتنا پرفارم کیا ہے تو ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ اسے پندرہ رکنی اسکواڈ میں شامل کرلیتے لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔

محمد یوسف نے کہا کہ ساجد خان کو مار بھی پڑ رہی ہوتی ہے تو وہ ہمت نہیں ہارتا اور محنت جاری رکھتا ہے ایسا کھلاڑی میں نے آج تک نہیں دیکھا۔

ایشیا کپ: پاک بھارت ٹاکرا کس دن ہوگا ؟ ممکنہ تاریخ سامنے آگئی

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے بھارتی ٹیم ہر لحاظ سے پرفیکٹ ہے، فاسٹ بولر، مڈل آرڈر، اوپنر، اسپنرز سب ہی بہترین ہیں، جسپریت بمراہ باہر ہوگئے لیکن اتنا فرق نہیں پڑے گا۔

ایرانی صدر کا آئی اے ای اے سے تعاون معطل کرنے کا اعلان

0
ایرانی صدر کا آئی اے ای اے سے تعاون معطل کرنے کا اعلان

تہران: ایران نے عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ساتھ تعاون معطل کرنے کے قانون کی حتمی منظوری دیدی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ساتھ تعاون معطل کرنے کے قانون کو باضابطہ طور پر نافذ کردیا۔

ایران کا موقف ہےکہ عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی ایرانی تنصیبات پر حملے رکوانے میں ناکام رہی جبکہ اسرائیلی اور امریکی حملوں کی مذمت بھی نہیں کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کے اس اقدام کے بعد ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان جوہری معاہدے کی بحالی مزید مشکل ہو سکتی ہے اور خطے میں تناؤ میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔

ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

  یاد رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی نے 25 جون کو ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کے ساتھ تعاون معطل کرنے کا بل پاس کیا اور اسی دن یعنی 25 جون کو ہی آئین کی نگران کونسل نے بھی حکومت کے لئے لازم الاجرا، اس قانون کی تائید کردی۔

قابل ذکر ہے کہ ایران حکومت کے لئے لازم الاجرا اس قانون کا بل ایرانی پارلیمنٹ نے یہ بل 223 میں سے 221 اراکین کے ووٹوں سے پاس کیا ہے، ووٹنگ  میں ایک ووٹ نیوٹرل پڑا اور مخالفت میں ایک بھی ووٹ نہیں پڑا۔

شیخ حسینہ واجد کو عدالت نے سزا سنا دی

0
شیخ حسینہ واجد بنگلادیش

ڈھاکا: بنگلادیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کو توہین عدالت کیس میں 6 ماہ قید کی سزا سنا دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق بنگلادیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کو بدھ کو توہین عدالت کیس میں چھ ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے، بنگلادیش کی انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل (آئی سی ٹی) نے توہین عدالت کیس میں حسینہ واجد کو مجرم قرار دے دیا۔

ڈھاکا ٹریبون کے مطابق جسٹس محمد غلام مرتضیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے یہ فیصلہ سنایا ہے، مبینہ آڈیو لیک میں شیخ حسینہ کو اپنی جماعت عوامی لیگ کے طلبہ وِنگ چھاترا لیگ کے مقامی رہنما شکیل سے یہ کہتے سنا گیا کہ میرے خلاف 227 مقدمات ہیں، اس لیے دو سو ستائیس لوگوں کو مارنے کا لائسنس مل گیا ہے۔

عوامی لیگ کی معزول رہنما شیخ حسینہ تقریباً ایک سال قبل ملک سے فرار ہو گئی تھیں، تب سے یہ پہلی سزا ہے جو انھیں کسی کیس میں سنائی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ٹریبونل نے اسی کیس میں گائبندھا کے گوبند گنج کے شکیل اکند بلبل کو بھی 2 ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔


روس کے نائب وزیر دفاع کو 13 سال قید کی سزا سنادی گئی


رواں سال جون میں انٹرنیشنل کرائمز ٹربیونل کے استغاثہ نے حسینہ واجد پر گزشتہ سال بڑے پیمانے پر احتجاج کے دوران انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات عائد کیے تھے۔ آئی سی ٹی کے چیف پراسیکیوٹر محمد تاج الاسلام نے الزام لگایا کہ حسینہ نے اپنی حکومت کے خلاف مظاہروں پر باقاعدہ طور کے حملے کا منصوبہ بنایا۔

اقوام متحدہ کے حقوق کے دفتر کی رپورٹ کے مطابق 15 جولائی سے 15 اگست 2024 کے درمیان تقریباً 1400 افراد مارے گئے، ماضی کی حکومت کے خاتمے کے بعد بھی انتقامی تشدد جاری رہا۔ تاہم حسینہ نے تاہم تمام الزامات کی تردید کی ہے، انھوں نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ ان الزامات سے بری ہونے کے لیے دلائل پیش کریں گی۔

جسٹس منصور علی شاہ نے ججز سنیارٹی بغیر مشاورت طے کرنے پر سوالات اٹھادیئے

0
جسٹس منصور علی شاہ

اسلام آباد : جسٹس منصور علی شاہ نے ججز سنیارٹی بغیر مشاورت طے کرنے پر سوالات اٹھا دیئے اور کہا آرٹیکل 200 کے تحت مشاورت لازم تھی۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس منصور علی شاہ نے سیکریٹری جوڈیشل کمیشن کو ایک اور خط لکھ دیا، ذرائع نے بتایا کہ جسٹس منصور علی شاہ نے خط گزشتہ روز کے اجلاس سے پہلے لکھا۔

خط میں جسٹس منصور نے ججز سنیارٹی بغیر مشاورت طے کرنے پرسوالات اٹھائے اور کہا صدر سنیارٹی طے کرنے سے پہلے چیف جسٹس سے مشاورت کے پابند تھے۔

خط میں کہا گیا کہ آرٹیکل 200 کے تحت مشاورت لازم تھی، صدر مملکت نے جلدبازی میں خود ہی سنیارٹی طے کردی، معاملہ انٹرا کورٹ اپیل میں زیر التوا بھی ہے، میری رائے میں مشاورت لازم تھی۔

یاد رہے گذشتہ ماہ سپریم کورٹ کے جج جسٹس منصور علی شاہ نے آئینی بینچ کی مدت میں توسیع کی مخالفت کرتے ہوئے 26ویں ترمیم کے فیصلے تک تمام ججز کو آئینی بینچ ڈکلیئر کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

مزید پڑھیں : جسٹس منصور علی شاہ کی آئینی بینچ کی مدت میں توسیع کی مخالفت، خط سامنے آگیا

جسٹس منصور کا 19 جون 2025 کے اجلاس سے پہلے کا لکھا گیا خط منظر عام پر آیا تھا، جو جوڈیشل کمیشن ممبران کو پہنچایا گیا۔

خط میں جسٹس منصور  نے لکھا تھا کہ 26ویں ترمیم کیس کے فیصلے تک توسیع نہ کی جائے، پیشگی بتا دیا تھا 19 جون کے اجلاس کیلیے پاکستان میں دستیاب نہیں ہوں، توقع تھی عدم دستیابی پر اجلاس مؤخر کیا جائے گا کیونکہ ماضی میں ایگزیکٹو ممبران کی عدم موجودگی پر اجلاس مؤخر ہو چکا ہے۔

بجلی کے ماہانہ 100 سے 500 یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین کو بڑا ریلیف مل گیا

0
نیپرا بنیادی ٹیرف

اسلام آباد : نیپرا نے بجلی کے ماہانہ 100 سے 500 یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین کو بنیادی ٹیرف میں بڑا ریلیف دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق نیپرا نے بنیادی ٹیرف میں 1.15 پیسے فی یونٹ تک کمی کی منظوری دے دی۔

نیپرا نے بجلی کی بنیادی قیمت میں کمی کا فیصلہ جاری کیا اور اپنا فیصلہ نوٹیفکیشن کے لئے وفاقی حکومت کو بھجوا دیا ہے۔

وفاقی حکومت کے نوٹیفکیشن کےبعد کمی کا اطلاق ہوجائے گا اور ملک بھر کے لیے بجلی سستی ہوجائے گی۔

گھریلو صارفین کے لیے زیادہ سے زیادہ ٹیرف 47.69 روپے فی یونٹ ہوجائے گا تاہم ماہانہ 50 یونٹ تک کے گھریلو لائف لائن صارفین کا ٹیرف 3.95 روپے فی یونٹ کا ٹیرف برقرار رکھا گیا ہے۔

مزید پڑھیں : 25 سال بعد بجلی بلوں سے پی ٹی وی لائسنس فیس ختم

ماہانہ 51 سے 100 یونٹ تک لائف لائن صارفین کے لیے ٹیرف 7.74 روپے اور ایک سے 100 یونٹ تک پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کا ٹیرف 10.54 روپے فی یونٹ مقرر ہے۔

101 سے 200 یونٹ تک پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کا ٹیرف 13.01 روپے جبکہ ایک سے 100 یونٹ تک نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کا ٹیرف 22.44 روپےفی یونٹ مقرر کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ ماہانہ 101 سے 200 یونٹ تک کا ٹیرف 28.91 روپے ، ماہانہ 201 سے 300 یونٹ کا بنیادی ٹیرف 33.10 روپے، ماہانہ 301 سے 400 یونٹ کا ٹیرف 37.99 روپے فی یونٹ مقرر ہے۔

ماہانہ 401 سے 500 یونٹ کا بنیادی ٹیرف 40.20 روپے ، ماہانہ 501 سے 600 یونٹ کا ٹیرف41.62 روپے، ماہانہ 601 سے 700 یونٹ کا ٹیرف 42.76 روپے اور ماہانہ 700 یونٹ سے زیادہ کا ٹیرف 47.69 روپے فی یونٹ ہوگا۔