پیر, جون 9, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 18

وہ گیا بیل ہمارا…

0
بیل عید قرباں مویشی منڈی

فیس بک اور واٹس ایپ جیسے متعدد مقبول سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر متحرک پاکستانی عیدِ قرباں پر اپنے جانوروں کی تصاویر اور ان کے ساتھ سیلفی بنا کر شیئر کررہے ہیں جو ایک عام بات ہے، لیکن بعض لوگ دکھاوے اور دوسروں کو مرعوب کرنے کی غرض سے بھی یہ سب کرتے ہیں۔

شائستہ زریں ؔکی یہ دل چسپ تحریر(منظر کشی) انہی لوگوں سے متعلق ہے۔ اس کے تین کردار دادی اماں، سلیم اور نازو ہیں۔

نازو:: بھیا! بالکل اپنے جیسا بیل لائیے گا جو….

دادی اماں:: دفع دُور، نامراد، جب بولے گی الل ٹپ۔ میرا شہزادہ سلیم تجھے قربانی کا جانور لگتا ہے کیا؟

نازو:: میں نے یہ کب کہا؟ یوں بھی قربانی کا جانور سال میں ایک بار قربان ہوتا ہے۔ بھیا تو آپ کی خاطر دن میں کئی بار اپنی قربانی دیتے ہیں، میں تو بس اتنا کہ رہی تھی کہ بیل لائیے گا جو آپ کی طرح خوبرو ہو اور سیلفی کا شوقین۔ میں نے تو کل سے فیس بک پر شور مچا رکھا ہے کہ ہمارا خوبرو، سیلفی کا شوقین بیل آرہا ہے۔

سلیم:: تم بھی چلو نازو، بہت مزہ آئے گا۔

دادی اماں:: باؤلا ہُوا ہے کیا؟ لڑکی ذات ہے اور منڈی میں اگر شرفا آتے ہیں تو بد ذاتوں کی بھی کمی نہیں۔

نازو:: مجھے معلوم تھا بھیا! مجھے اجازت نہیں ملے گی ہر سال یہی ہوتا ہے۔

سلیم:: بہنا! تم دل چھوٹا نہ کرو، تم منڈی جاؤ یا نہ جاؤ بیل ہماری مشترکہ پسند ہی سے آئے گا۔

دادی اماں:: وہ کیسے؟ ذرا میں بھی تو سنوں۔ گھر بیٹھے بیٹھے بنو رانی یہ کمال کیسے دکھائیں گی؟

نازو:: بیل پسند کرنے سے خریدنے تک کے ایک ایک پل کی ویڈیو بنا کر بھیا مجھ کو واٹس ایپ پر بھیجتے رہیں گے۔ میں بھیا کو اپنی رائے دے دوں گی اور جھٹ وڈیو واٹس ایپ کے ساتھ ساتھ فیس بک پر بھی لگا دوں گی۔ بیل آنے سے پہلے ہی ہمارے بیل کی شہرت دنیا بھر میں پھیل جائے گی۔ اچھا بھیا اب جائیے بھی۔ جائیں گے تو لائیں گے نا بیل۔

سلیم:: ہاں بھئی جا رہا ہوں، میرے دوست بھی آگئے اور ہاں تم واٹس ایپ اور فیس بک پر ویڈیو ڈالتی رہنا۔

دادی اماں:: تین گھنٹے ہو گئے، میرے شہزادے کو گئے۔ جانے کب آئے گا؟ اے… بی نازو معلوم تو کرو کہاں رہ گیا۔

نازو:: دادی اماں آپ فکر نہ کریں آجائیں گے، منڈی میں رش بھی تو غضب کا ہے۔ بیل تو پسند آ گیا، بس سودا طے کرنا رہ گیا۔ ارے واہ…. دادی اماں مبارک ہو سودا طے ہو گیا۔ ماشاء اللہ پورے دو لاکھ کا ہے، کیسا تندرست ہے۔ یہ دیکھیے کیسے سیلفی لے رہا ہے؟

دادی اماں:: تم کو مبارک ہو، مجھے تو اپنے دروازے پر بیل کو کھڑے دیکھ کر خوشی ہو گی۔اور ہاں بہت دیر دیدے پھوڑ لیے اب تو بیل بھی مل گیا خیر سے کچھ ہی دیر میں بھائی لے کر بھی آجائے گا۔ موبائل کی جان چھوڑ دو، آتے ہی بھوک بھوک کا شور مچائے گا۔

نازو:: اور بھوت بن جائے گا بیل کی محبت میں۔

دادی اماں:: چپ کر نامراد۔ تیری زبان کے آگے تو خندق ہے۔ اللہ نہ کرے کہ میرا شہزادہ بھوت بنے۔ جا کر اپنا کام کرو دیر ہو رہی ہے۔

نازو:: ناحق آپ لوگ مجھ کو ناز و کہتے ہیں، کیا مجال کہ ایک پل کے لیے بھی کوئی میرے ناز اٹھا لے۔ آج تو ہمارا راجہ بیل آرہا ہے۔ بھیا کے ساتھ مل کر اسے سجاؤں گی۔ اور بازار سلامت دادی اماں…. کھانا بازار سے آ جائے گا۔ آرڈر کر دوں گی۔

دادی اماں:: مت ماری گئی ہے تیری، بیل کے پیچھے باؤلی ہوگئی ہے۔ کھانا تو گھر میں ہی پکے گا، شاباش میری بچی جلدی سے کھانا تیار کر لے۔

گلی میں شور مچ رہا ہے، سوزوکی سے بیل اُتارا جا رہا ہے۔ نازو بیل کی ویڈیو بنانے میں مصروف ہے۔ دادی اماں بھی دروازے کی اوٹ سے سارا منظر دیکھتے ہوئے گاہے گاہے… ارے بھیا دیکھ کر، سنبھل کر، یااللہ خیر کے کلمات ادا کرتی جارہی ہیں۔ وہاں موجود بڑوں اور بچوں کے تبصرے بھی مستقل جاری ہیں۔ کیا تگڑا بیل ہے۔ خرانٹ تو بلا کا ہے۔ خوبصورت جانور لایا ہے سلیم۔ ویڈیو بناتی نازو کا جوش و خروش بھی بڑھ رہا ہے۔ بیل سوزوکی سے بڑی مشکل سے اترتا ہے۔ بچوں کیا بڑوں کا بھی جوش و خروش قابلِ دید ہے۔

دادی اماں:: یا اللہ تیرا شکر ہے، قربانی کے جانور کا پہلا مرحلہ تو بخیر و خوبی طے ہُوا۔

سلیم:: تھکا دیا اس راجہ بیل نے۔ (یکایک سلیم کا تھکا تھکا لہجہ جو ش و خروش میں تبدیل ہو گیا)…. دیکھا اماں! بیل خاصا خرانٹ ہے نا، اس کے جارحانہ تیور دیکھ کر ہی تو نازو اور میں نے اسے پسند کیا ہے۔ دیکھیے گا کیسا تہلکہ مچاتا ہے۔ محلّے کیا پورے علاقے میں دھاک بیٹھ جائے گی۔

نازو:: بھیا! دیکھیے ہمارے راجہ کی ویڈیو کے اب تک پانچ ہزار لائیک آچکے ہیں۔

سلیم:: صرف پانچ ہزار؟ میرے پاس تو دس ہزار لائیک آئے ہیں۔

دادی اماں:: اے نوج! تم دونوں کو تو موئے بیل کے پیچھے کسی بات کا ہوش ہی نہیں، کیا کھانا پینا، کیا پڑھنا لکھنا، سونا جاگنا….. بس ہر وقت اور اس کی تصویریں اور ویڈیو بنا کر لوگوں کو دکھانا۔ ہر وقت دونوں بھائی بہن کے ہاتھ میں موبائل اور ساتھ میں بیل۔

نازو:: بقرعید میں دن ہی کتنے ہیں؟ اماں! تفریح کر لینے دیں چند روز کی تو بہار ہے، پھر وہی دن رات کی مصروفیت اور پڑھائی کے جھمیلے۔

سلیم:: نازو جلدی سے آؤ۔ مشتاق صاحب کے بیل کو ہمارے راجہ نے سینگ مار دی ہے، راجہ بہت اشتعال میں ہے۔

نازو:: ارے واہ بھائی مزہ آگیا، اگر ویڈیو بنائی ہے تو جلدی سے سینڈ کریں ابھی۔

دادی اماں:: ارے میرا شہزادہ سلیم صبح سے بھوکا پیاسا خوار ہو رہا ہے۔ کھانے پینے کا ہوش ہی نہیں ابھی کان پکڑتی ہوں۔

سلیم:: دادی اماں اپنے حجرے سے باہر تو آئیے، ہمارے راجہ کے کان پکڑیے جس کے جلوؤں اور حرکتوں نے سب کو مدہوش کر دیا ہے۔

دادی اماں:: میں بیل کے کان پکڑوں، ادھر تم دنیا بھر میں ویڈیو بنا کر بھیج دو۔

سلیم:: زبردست۔ غصے میں اماں نے کیا غضب کا آئیڈیا دیا ہے۔ مما پپا کو بھیجوں گا۔

دادی اماں:: لو بھئی پکڑ لیے تمہارے راجہ کے کان۔ کیسے کان ہیں یہ میاں؟ ارے…. یہ کیا….. کان میرے ہاتھ میں کیسے آگیا….. ہائے مر گئی یہ تو نقلی کان ہیں۔

سلیم:: (صدمے کی کیفیت میں تقریباً روتے ہوئے کہتا ہے) میں نے تو اس کی خوبصورتی اور تندرستی دیکھ کر لیا تھا، سوچا تھا ایسا خرانٹ بیل دھوم مچا دے گا۔

نازو:: (روتے ہوئے) راجہ کی سیلفی لینے کی ادا تو مار ہی گئی تھی۔ پچاس ہزار لائیک آچکے ہیں اب تک۔

دادی اماں:: قربانی کے جانور کو نمائشی بنانے کا انجام ہے یہ۔ اور اب اس کی قربانی بھی نہیں ہو سکتی۔ جا کے کوئی سستا سا بکرا لے آؤ قربانی کے لیے۔

سلیم کے راجہ بیل میں نقص ہے، اس کی قربانی نہیں ہوگی۔ بچوں کی تبصرہ کرتی آوازوں میں نازو اور سلیم کی آہ و بکا کی آوازیں بھی شامل ہو گئیں۔

مریض نے اسپتال کی چھت سے چھلانگ لگا دی

0
بھارت: ملازمت نہ ملنے پر لڑکی نے زندگی کا خاتمہ کرلیا

بھارت میں زیرعلاج مریض نے اسپتال کی چھت سے چھلانگ لگا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

 ایک افسوسناک واقعے میں 30 سالہ مریض جو سرکاری زیر انتظام ضلع اسپتال میں داخل تھا، نے مبینہ طور پر عمارت سے چھلانگ لگا دی، جس کے نتیجے میں مدھیہ پردیش میں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔

یہ واقعہ بدھ کی دیر رات بھوپال سے تقریباً 450 کلومیٹر دور مدھیہ پردیش کے دموہ ضلع میں پیش آیا۔ مرنے والے شخص کی شناخت شوبھم اہیروار کے طور پر کی گئی ہے جو دموہ کے ایملائی گاؤں کا رہنے والا ہے۔

پولیس کے مطابق شبھم کو اس کے اہل خانہ ضلع اسپتال لائے تھے اس کے پیٹ میں کچھ دن پہلے درد تھا۔ صحت میں کچھ بہتری کے بعد شبھم کو اسپتال کے جنرل وارڈ میں منتقل کردیا گیا۔

بدھ کی رات وہ اچانک اپنے بستر سے اٹھا اور وارڈ میں ہنگامہ کرنے لگا۔ وہ وارڈ میں واقع نرسنگ اسٹیشن کی طرف بھاگا اور وہاں سے قینچی اٹھائی۔

اس کے بعد وہ وارڈ کے ایک سرے سے دوسرے سرے تک دوڑتا ہوا گیا اور چھت سے چھلانگ لگا دی جس سے اس کی موت ہو گئی۔

رضوان کو ہٹا کر کسے ون ڈے کا کپتان بنایا جارہا ہے؟

0
محمد رضوان

ٹی 20 کے بعد محمد رضوان کو ون ڈے کی کپتان سے بھی ہٹائے جانے کا امکان ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ شان مسعود کی ٹیسٹ قیادت بھی خطرے میں پڑ گئی، سلمان علی آغا تینوں فارمیٹ کے کپتان بننے کے مضبوط امیدوار بن گئے۔

سابق کرکٹر باسط علی نے ایکس پر پوسٹ شیئر کی اور سلمان علی آغا کی تصویر کے ساتھ لکھا کہ تینوں فارمیٹ کے کپتان، ریڈ بال کی کپتانی بھی مبارک ہو۔

واضح رہے کہ رضوان کی کپتانی میں ٹیم آسٹریلیا اور جنوبی افریقا میں تاریخی سیریز جیتی تھی لیکن چیمپئنز ٹرافی میں بدترین ناکامی اور نیوزی لینڈ میں شکست نے معاملہ بگاڑ دیا۔

ذرائع کے مطابق اختیارات نہ ہونے کی بات بھی رضوان کو ہٹائے جانے کی وجہ بن سکتی ہے۔

دوسری طرف شان مسعودکی کپتانی پر کافی عرصے سے تلوار لٹک رہی ہے، ان کی قیادت میں قومی ٹیم بارہ ٹیسٹ میں سے صرف تین ہی جیت سکی ہے۔

ٹیسٹ کی کپتانی کے لیے سعود شکیل کا نام بھی سامنے آرہا ہے لیکن بنگلادیش کے خلاف ٹی 20 سیریز میں کامیابی سلمان کے لیے جیک پاٹ بن سکتی ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا مندی پر اختتام

0
پاکستان اسٹاک ایکسچینج

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا منفی پر اختتام ہوا ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے چوتھے دن اتار چڑھاؤ کے بعد انڈیکس میں 157 پوائنٹس کی کمی ہوئی اور 100 انڈیکس ایک لاکھ 21 ہزار 641 پوائنٹس پر بند ہوا۔

ٹریڈنگ کے دوران آج انڈیکس کی بلند ترین سطح ایک لاکھ 22 ہزار 281 پوائنٹس رہی۔ مندی کی وجہ سے انڈیکس ایک لاکھ 21 ہزار 516 پوائنٹس کی کم سطح پر ٹریڈ ہوا۔

آج مجموعی طور پر 487 کمپنیوں میں شیئرز کا کاروبار ہوا، مارکیٹ میں 25 ارب روپے مالیت کے 25 کروڑ حصص کے سودے ہوئے۔

216 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ اور 208 میں کمی ہوئی۔

عید پر کن افسران کی چھٹیاں منسوخ؟

0
عید پر کن افسران کی چھٹیاں منسوخ؟

کمشنر کراچی نے عیدالاضحی پر ضلعی انتظامیہ کے افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دیں۔

کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہا ہے کہ عید کے تینوں دن ڈپٹی کمشنرز عملے کے ساتھ فیلڈ میں موجود رہیں گے اور ڈپٹی کمشنر سمیت تمام عملہ اپنا فون 24گھنٹے کھلا رکھےگا۔

سید حسن نقوی نے کہا کہ ڈی سیز آلائشیں اٹھانے کی مانیٹرنگ کیلئے ٹیمیں تشکیل دیں گے۔

وفاقی حکومت نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر 6 سے 9 جون تک چار روزہ تعطیلات کا اعلان کیا ہے تاہم سندھ حکومت نے سرکاری افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔

عید پر کن افسران کی چھٹیاں منسوخ؟

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے عیدالاضحیٰ پر صوبائی اور ریجنل ٹرانسپورٹ افسران کی تمام تعطیلات منسوخ کرتے ہوئے عید کے ایام میں انہیں اپنی ڈیوٹی پر حاضری ہونے کی ہدایت کی ہے۔

شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ عید پر لاکھوں شہری بیرون شہرسفر کرتے ہیں اور اس موقع پر ٹرانسپورٹرز کی جانب سے زائد کرایہ وصولی کی شکایات سامنے آتی ہیں۔

گیس فراہمی سے متعلق عید پر شہریوں کیلیے خوشخبری

0
گیس کنکشن پابندی علی پرویز

کراچی کےصارفین کیلئےخوشخبری ہے کہ عید کے تینوں دن 24 گھنٹے گیس ملےگی۔

عیدالاضحیٰ پر کراچی کے شہریوں کو گیس کی لوڈشیڈنگ میں ریلیف دیا جائے گا۔ سوئی سدرن عیدالاضحیٰ کےتینوں دن گیس کی فراہمی یقینی بنائےگا۔

ترجمان کے مطابق جمعہ کی رات 12بجے سے ہفتہ کی صبح 5بجے تک گیس کی بندش ہو گی جس کے بعد ہفتہ کی صبح 5 بجے گیس بحال ہو گی اور عید کے تینوں دن بندش نہیں ہو گی۔

ترجمان نے بتایا کہ عید کے تیسرے دن رات 12بجے تک گیس کی فراہمی بحال رہے گی اور 10 جون سے پرانے شیڈول کے مطابق گیس کی فراہمی کےاوقاتِ کار بحال ہو جائیں گے۔

کراچی والوں کیلیے عید کا تحفہ، بجلی سستی کر دی گئی

0

کراچی کے بجلی صارفین مہنگی بجلی اور طویل لوڈشیڈنگ کے عذاب سے دوچار ہیں تاہم عید سے دو روز قبل ان کے لیے بڑی خوشخبری آ گئی ہے۔

نیپرا نے کے الیکٹرک کے لیے بجلی 2 روپے 99 پیسے فی یونٹ سستی کر دی ہے اور اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق یہ کمی مارچ کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے اور کے الیکٹرک کے صارفین کو جون کے بجلی کے بلوں میں یہ ریلیف ملے گا۔

واضح رہے کہ کراچی شہر میں گرمی کی شدت بڑھتے ہی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھا دیا گیا ہے، جس پر صرف عام شہری نہیں بلکہ عوام کے منتخب نمائندے بھی سراپا احتجاج ہیں۔

دوسری جانب کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اعتراف کیا تھا کہ بجلی واقعی مہنگی ہے تاہم اس سے خود کو بری الذمہ قرار دیتے ہوئے حکومت پر ذمہ داری عائد کی تھی۔

سی ای او کے الیکٹرک نے ’’بجلی مہنگی‘‘ ہونے کا اعتراف کر لیا

شملہ معاہدہ منسوخی کی خبروں پر وزارت خارجہ کی وضاحت آگئی

0

اسلام آباد: شملہ معاہدے کی منسوخی کی خبروں پر وزارت خارجہ کی وضاحت آگئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ شملہ معاہدہ اب تک منسوخ نہیں کیا گیا اب تک تحریری صورت میں ایسی کوئی بات موجود نہیں۔

اس سے قبل وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ شملہ معاہدہ منسوخ کردیا گیا ہے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ شملہ معاہدہ ختم ہونے کے بعد کنٹرول لائن اب سیز فائر لائن ہے، ہم واپس 1948 والی پوزیشن پر آگئے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ شملہ معاہدہ دو ممالک کے درمیان ہے، اس میں ورلڈ بینک یا کوئی تیسرا فریق نہیں ہے، شملہ معاہدہ نہ ہونے سے کنٹرول لائن سیز فائر لائن ہو جائے گی، سیز فائرلائن اس کا اصل اسٹیٹس تھا جو بحال ہو جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 1948 کے بعد رائے شماری سے متعلق جو ہوا اس کے بعد یہ سیز فائر لائن ہے، بھارت کے اقدامات کی وجہ سے شملہ معاہدے کی حیثیت اب ختم ہو گئی، شملہ معاہدے کی تمام شقیں ختم، جنگ کے بعد جو ہوا اس کی وقعت کچھ نہیں رہی، ہم 1948 کی پوزیشن پر واپس جا رہے ہیں جب یہ سیز فائر لائن کا معاملہ تھا، کشیدگی پر ہم نے واضح کیا تھا کہ اگر یہی رہا تو معاہدوں کی قدر و قیمت نہیں رہے گی۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ سندھ طاس معاہدے میں کوئی فریق یکطرفہ طور پر اس سے نہیں نکل سکتا، سندھ طاس معاہدے سے متعلق تمام اقدامات مشترکہ ہو سکتے ہیں، بھارت کبھی 6 ہزار تو کبھی 25 ہزار کیوسک پانی چھوڑتا ہے، بھارت اپنی مرضی سے پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ نہیں بن سکتا۔

پاکستان میں سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے اضافہ

0

پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت میں ہزاروں روپے کا اضافہ ہوگیا۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 4300 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 58 ہزار 400 روپے ہوگئی۔

اسی طرح 10 گرام سونا 3687 روپے اضافے سے 3 لاکھ 7 ہزار 270 کا ہوگیا۔

عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں اضافے کا رجحان رہا، سونا 43 ڈالر اضافے سے 3400 ڈالر  فی اونس کا ہوگیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سونے کی فی تولہ قیمت بغیر کسی اضافے اور کمی کے 3 لاکھ 54 ہزار 100 روپے پر برقرار رہی تھی۔

پاکستان میں آج ڈالر اور دیگر کرنسیوں کی قیمت

خیال رہے سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے۔

اسے صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے، جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدے ہیں۔

پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔

پاکستان میں نئے ڈیموں کی تعمیر کا فیصلہ، کمیٹی قائم

0

بھارت کی آبی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے اپنے آبی وسائل بڑھانے اور نئے ڈیموں کی تعیمر کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے لیے کمیٹی قائم کر دی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں آبی وسائل سے متعلق امور پر اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ اور آزاد کشمیر کے وزیراعظم نے شرکت کی اور یک زبان ہو کر بھارتی آبی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے وفاق کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اجلاس میں پاکستان میں پانی ذخیرہ کرنے کے لیے نئے ڈیمز بنانے کے حوالے سے لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ متعلقہ حکام نے ملک میں آبی وسائل اور دریاؤں پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کہ دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کا کام جاری ہے جو 2032 تک مکمل کر لیا جائے گا جب کہ مہمند ڈیم 2027 میں مکمل ہونے کا امکان ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت ملک میں 11 ڈیمز ہیں جن میں پانی ذخیرہ کرنے کی مجموعی صلاحیت 15.318 ملین ایکڑ فٹ ہے۔ پی ایس ڈی پی کے تحت 32 چھوٹے ڈیمز اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت بھی 79 ڈیمز زیر تعمیر ہیں۔

وزیراعظم نے پاکستان میں مزید نئے آبی ذخائر بنانے اور ان کی فنڈنگ کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرنے کے احکامات جاری کیے۔

اس کمیٹی میں چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور متعلقہ وفاقی وزرا بھی شامل ہوں گے۔

یہ کمیٹی نئے ڈیمز کی تعمیر کیلیے فنڈنگ کے حوالے سے مختلف حکمت عملی کا جائزہ لےگی اور سفارشات مرتب کر کے 72 گھنٹوں میں وزیراعظم کو پیش کرے گی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بھارت کی سندھ طاس معاہدےکی یکطرفہ معطلی آبی جارحیت ہے۔ معرکہ حق کی طرح بھارت کو اُس کی آبی جارحیت کا جواب بھی دیں گے۔ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی میں لیے گئے فیصلوں کے تحت بھارت کو جواب دیا جائے گااور پاکستان اس معرکہ میں بھی فتح سے ہمکنار ہوگا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ وفاق اور صوبوں سمیت ملک کی تمام اکائیوں کو پانی کے نئے ذخائر کی تعمیر کے لیے مل کر کام کرنا ہے۔ نئے ڈیمز کی تعمیر تمام صوبوں کے اتفاق رائے سے ہوگی اور غیر متنازع ذخائر کی تعمیر کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔