کراچی : شہید ملت روڈ پر قائم ریسٹورنٹ میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے، فائربریگیڈ کی چار گاڑیوں نے کافی جدوجہد کے بعد آگ پرقابو پا لیا۔ امدادی کارروائی کے دوران علاقہ ایس ایچ او بےہوش ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شہید ملت روڈ کے قریب رہائشی عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، آگ رہائشی عمارت میں قائم ریسٹورنٹ میں لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے ریسٹورنٹ کو خاکستر کردیا۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور فائر بریگیڈ کا عملہ جائے وقوعہ پر پہنچ گیا، آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ عملہ کو بھی کام میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا ، اس حوالے سے تازہ ترین اطلاعات کے مطابق شہید ملت روڈ کے قریب رہائشی عمارت میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا۔
فائر بریگیڈ کی چار گاڑیوں کی مدد سے ریسٹورنٹ کی آگ بجھائی گئی، فائربریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ ریسٹورنٹ میں کولنگ کا عمل جاری ہے۔
آگ لگنے سے کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا البتہ امدادی کارروائیوں کے دوران علاقہ ایس ایچ او بے ہوش ہوگئے تاہم کسی کے زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں ہیں، ریسٹورنٹ میں آگ لگنے کی وجہ کا تعین کیا جارہا ہے۔